معروف بھارتی سوشل میڈیا اسٹار اورہان اوترامانی المعروف اوری نے اپنی آمدن اور ڈیجیٹل کیریئر سے متعلق حیران کُن انکشافات کیے ہیں۔
اوری نے ایک حالیہ پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ میں نے صرف 1 ریل کے ذریعے 76 لاکھ روپے کمائے، میری زیادہ تر آمدن برانڈز کے ساتھ معاہدوں اور خصوصی تقریبات میں شرکت سے ہوتی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ مختلف تقاریب جیسے ڈنر، شادیوں اور سالگرہ میں صرف شرکت کرنے کے لیے 15 سے 25 لاکھ روپے تک معاوضہ وصول کرتا ہوں۔
انہوں نے مزاحیہ انداز میں کہا ہے کہ لوگ مجھے ایک ’تجربے‘ کے طور پر خریدتے ہیں، میں تقریبات میں شرکت کے دوران مہمانوں سے ملاقات کرتا ہوں، تصاویر بنواتا ہوں اور اپنے مشہور اور مخصوص پوز کے ذریعے تقریب کو یادگار بنا دیتا ہوں۔
اوری کا کہنا ہے کہ موجودہ دور میں شہرت خود ایک کاروبار بن چکی ہے اور ذاتی برانڈنگ کے ذریعے بڑی آمدن حاصل کی جا سکتی ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ میرے مالی معاملات میرے والدین سنبھالتے ہیں اور میں اس سے آگے بڑھنے کا فی الحال ارادہ نہیں رکھتا۔