وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیرِ اعظم نے گزشتہ روز پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی کا اعلان کیا، وزیرِ اعظم نے گزشتہ بجٹ میں ہی سمت واضح کر دی تھی جس کے باعث معاشی استحکام آیا۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے بجٹ دستاویزات میں تضاد کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ میرے خلاف جمع کرائی گئی تحریکِ استحقاق حقائق کے برعکس اور اعداد و شمار کی غلط تشریح کا نتیجہ ہے۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ ہماری صنعتیں رواں دواں ہیں اور کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ سر پلس ہے، ہمارا برآمدی شعبہ بہتری دکھا رہا ہے، آئی ٹی ایکسپورٹ میں 20 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
وزیرِ خزانہ نے کہا کہ تمام ارکان کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے بجٹ میں حصہ لیا، اپوزیشن لیڈر، چیئرمین سینیٹ و قومی اسمبلی، قائمہ کمیٹیوں اور ارکان کا شکریہ ادا کرتا ہوں، وزیرِ اعظم، نواز شریف، بلاول بھٹو اور خالد مگسی سمیت اتحادی جماعتوں کا بھی مشکور ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ہماری کوششیں رنگ لائیں، خطے میں جنگ کے بادل چھٹ گئے، پاکستان نے 4 دہائیوں بعد دو حریفوں کو مذاکرات کی میز پر بٹھایا۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ جنگ رکوا کر بڑا کارنامہ سرانجام دیا جس کے لیے وزیرِاعظم، نائب وزیرِاعظم اور فیلڈ مارشل سمیت پوری قوم مبارکباد کی مستحق ہے۔