وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ امریکا ایران معاہدے میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کا عزم اور انتھک لگن قابلِ تعریف ہے جس کے بغیر کوئی پیش رفت ممکن نہیں تھی۔
ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ الحمدلِلّٰہ! اسلام آباد ایم او یو کے تحت پہلا اعلیٰ سطح کا اجلاس کامیابی سے ختم ہوا، مذاکرات مثبت اور تعمیری ماحول میں ہوئے، حوصلہ افزاء نتائج اور اہم پیشرفت سامنے آئی۔
وزیرِ اعظم کا کہنا ہے کہ اجلاس میں اگلے 60 دن کے اندر حتمی معاہدے تک پہنچنے کے روڈ میپ پر اتفاق کیا گیا، سیاسی نگرانی فراہم کرنے کے لیے ایک باقاعدہ اور مضبوط اعلیٰ سطح کمیٹی بھی قائم کی گئی، مذاکرات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان مزید تکنیکی بات چیت کا باقاعدہ آغاز بھی کر دیا گیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ مسلسل تعمیری روابط کے لیے امریکا اور ایران دونوں کی قیادت کے عزم کو سراہتا ہوں، اس تاریخی عمل کو آگے بڑھانے میں تمام برادر اور دوست ممالک کے تعاون کا شکر گزار ہوں، مذاکرات کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے پر برادر ملک قطر کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ سوئس حکومت کا بھی شکر گزار ہوں جنہوں نے مذاکرات کی میزبانی اور سہولت کاری کی، فیلڈ مارشل عاصم منیر کو خصوصی خراجِ تحسین جن کی کوششوں سے کامیابی ملی، فیلڈ مارشل کا عزم اور انتھک لگن قابلِ تعریف ہے جس کے بغیر کوئی پیشرفت ممکن نہیں تھی۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار اور دفترِ خارجہ کی سفارتی کوششوں پر دلی شکریہ ادا کرتا ہوں، وزیرِ داخلہ محسن نقوی کی محنت کو سراہتا ہوں جنہوں نے کامیابی میں اہم کردار ادا کیا، پاکستان پُرامن اور دیرپا حل کے لیے ڈائیلاگ اور سفارت کاری میں اپنا مخلصانہ کردار جاری رکھے گا۔