• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اصلاح، احتیاط اور آئندہ کے عملی اقدامات کی بنیاد پر ایک موقع دیا جا سکتا ہے: حافظ علامہ ابتسام الہٰی ظہیر

علامہ ابتسام الہٰی ظہیر
علامہ ابتسام الہٰی ظہیر

نیوز اینکر جیو نیوز کی جانب سے نشر کی گئی ڈاکیومنٹری ”سفر عشق‘‘ میں ایک مختصر علامتی اور بغیر چہرے کی بصری عکاسی دکھائی گئی۔ جو نہ صرف ہماری ادارتی پالیسی بلکہ ہمارے ایمان، عقیدے اور دینی جذبات کے بھی سراسر خلاف تھی۔ اس غلطی پر ادارے کی جانب سے فوری معذرت کی گئی اور اسے مستقل نشر کیا گیا اور ذمہ داروں کے خلاف فوری ایکشن لیا گیا۔

اس معاملے پر چیئرمین قرآن و سنہ موومنٹ پاکستان علامہ ابتسام الہٰی ظہیر نے کہا ہے کہ کسی بھی نشریاتی ادارے اینکر یا یا پوڈ کاسٹر کی جانب سے کسی پروگرام میں نبی اکرمﷺ یا دیگر انبیا اکرام علیہم السلام کے خاکے یا چہرے اور بغیر چہرے کے تصویر پیش کرنا خواہ نیت توہین کی نہ ہو ناقابل قبول اور ناجائز ہے اور انتہائی قابل مذمت اور مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو مجروح کرنیوالا عمل ہے۔

علامہ ابتسام الہٰی ظہیر نے مزید کہا کہ تاہم اگر متعلقہ نشریاتی ادارہ اینکر یا پوڈ کاسٹر واضح طور پر اس امر کی وضاحت کریں کہ یہ واقعہ نادانستہ اور غیر ارادی طور پر پیش آیا، اس پر غیر مشروط معذرت کرے، ذمہ دار افراد کیخلاف موثر تادیبی کارروائی کرے اور یہ یقین دہانی کرائے کہ آئندہ اس نوعیت کی کوتاہی نہیں ہو گی تو اصلاح، احتیاط اور آئندہ کے عملی اقدامات کی بنیاد پر اسے ایک موقع دیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ البتہ اس کے بعد بھی متعلقہ ادارے اینکر اور پوڈ کاسٹر پر لازم ہو گا کہ وہ اپنی ادارتی نگرانی، جانچ کے نظام اور ذمہ داری کے معیار کو مزید موثر بنائے تا کہ مستقبل اس نوعیت کے کا کوئی واقعہ دوبارہ پیش نہ آئے۔

قومی خبریں سے مزید