آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے پہلے مرحلے میں پولنگ کا عمل مکمل ہوگیا ہے، مقررہ 5 بجے کے وقت کے بعد ووٹرز کو حق رائے دہی کےلیے مزید ایک گھنٹے کا وقت دیا گیا تھا۔
آج میرپور ڈویژن کے 3 اضلاع میر پور، کوٹلی اور بھمبھر کے 13 حلقوں میں الیکشن ہوا۔
الیکشن کمیشن آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر انتخابات کے پہلے مرحلے کےلیے میرپور ڈویژن میں پولنگ کا وقت ایک گھنٹہ بڑھا دیا گیا۔
پولنگ کا معمول کا وقت 5 بجے ختم ہونے کے بعد اسے میں توسیع کی گئی جس کے بعد پولنگ کا عمل 6 بجے مکمل ہوا۔
کہیں ووٹنگ بلاتعطل جاری رہی، کہیں ووٹرز نہ پہنچ سکے
آزاد کشمیر کے ضلع کوٹلی میں اگہار کالونی کے پولنگ اسٹیشن نمبر 38 پر پولنگ کا عمل جاری رہا جبکہ پولنگ اسٹیشن نمبر 36 اور 37 پر ووٹرز نہ آنے کے باعث پولنگ کا آغاز نہیں ہو سکا۔
دوسری جانب ضلع بھمبر کے حلقہ ایل اے 7 سے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار چوہدری طارق فاروق نے پولنگ اسٹیشن نمبر 161 میں اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔
چوہدری طارق فاروق نے اپنا ووٹ کاسٹ کرنے کے بعد ’جیو نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہر کے مقابلے میں دیہی علاقوں میں ووٹنگ کا تناسب زیادہ رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ خواتین کھانا پکانے کے بعد گھروں سے نکل کر اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں گی۔
چوہدری طارق فاروق نے ضلع بھمبر میں امن و امان کی صورتِ حال اور انتخابی انتظامات پر اطمینان کا اظہار بھی کیا۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بی بی آصفہ بھٹو زرداری کے ہمراہ میرپور کے عوام کے لیے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ اگر آپ چاہتے ہیں کہ کشمیر کا فیصلہ کشمیری خود کریں تو گھروں سے نکلیں اور اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ تیر پر مہر لگا کر پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدواروں کو کامیاب بنائیں۔
صدرِ پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن سعید غنی نے کہا کہ آزاد کشمیر کے انتخابات کشمیریوں کے حقیقی مسائل اور جھوٹے دعوؤں کے درمیان مقابلہ ہیں، کشمیریوں کو حقِ حاکمیت، حقِ ملکیت اور حقِ روزگار کی ضرورت ہے، 10 بسوں کی نہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ 12 ارب روپے کا شاہانہ جہاز خریدنے والے 10 بسوں سے کشمیریوں کو نہیں خرید سکتے۔
لاہور میں پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما ندیم افضل چن نے کہا کہ آزاد کشمیر انتخابات میں وفاقی مداخلت اور سرکاری وسائل کے استعمال پر تحفظات ہیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ انتخابات آزاد، منصفانہ اور شفاف انداز میں کروائے جائیں اور وفاقی حکومت کسی قسم کی مداخلت سے گریز کرے۔
انہوں نے رانا ثناء اللّٰہ کی جانب سے دھاندلی کے الزامات کو بھی مسترد کیا۔
ترجمان پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز شازیہ مری نے کہا کہ آج کشمیر کے عوام اپنا فیصلہ سنائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ میرپور میں تیر عوام کی امید کی علامت ہے اور انتخابات ہتھکنڈوں سے نہیں بلکہ عوام کے ووٹ سے جیتے جاتے ہیں۔
پیپلز پارٹی آزاد کشمیر الیکشن سیل کے انچارج سردار عبدالشکور نے دعویٰ کیا کہ ایل اے 5 برنالہ کے پولنگ اسٹیشن نمبر 119، 120 اور 121 پر ہنگامہ آرائی ہوئی، ہے جس کے باعث پولنگ متاثر ہوئی۔
ان کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی آمد کے بعد پولنگ دوبارہ شروع ہوئی تاہم عمل سست روی کا شکار رہا۔
اسلام آباد میں پیپلز پارٹی سینٹرل سیکریٹریٹ میں کشمیر الیکشن مانیٹرنگ سیل قائم کر دیا گیا ہے۔
شیری رحمان، ندیم افضل چن، شہلا رضا، شرجیل میمن اور سعید غنی سمیت پارٹی رہنما الیکشن کمیشن، ضلعی انتظامیہ اور امیدواروں سے مسلسل رابطے میں رہتے ہوئے انتخابی صورتحال کی نگرانی کر رہے ہیں۔
راجہ پرویز اشرف نے آزاد کشمیر کے مختلف حلقوں میں انتخابی بے ضابطگیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گل پور، تھروچی اور مہاجر کیمپ سمیت حساس پولنگ اسٹیشنز پر اضافی نفری تعینات کی جائے۔
انہوں نے الیکشن کمیشن سے تمام شکایات کا فوری اور غیرجانبدارانہ نوٹس لینے اور آزاد، شفاف اور منصفانہ انتخابات یقینی بنانے کا مطالبہ کیا۔
آئی جی پولیس آزاد کشمیر کے ترجمان نے کہا کہ پہلے مرحلے میں میرپور ڈویژن میں پولنگ پرامن انداز میں جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام نے کالعدم کمیٹی کے لانگ مارچ کی کال مسترد کرتے ہوئے انتشار کے بجائے حقِ رائے دہی کے استعمال کو ترجیح دی اور صبح 8 بجے سے ہی ووٹرز پولنگ اسٹیشنز پہنچنا شروع ہو گئے تھے۔
انسپکٹر جنرل پولیس آزاد کشمیر لیاقت علی ملک نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے تمام عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے انتخابی عمل کو پُرامن بنانے میں بھرپور تعاون کیا۔
انہوں نے واضح کیا کہ سیاسی کارکنوں سمیت کسی بھی شخص کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
اسلام آباد میں پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکریٹری جنرل محمد ہمایوں خان نے آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات سے متعلق بیان دیتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی انتخابات میں بھرپور کامیابی حاصل کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ تیر کا انتخابی نشان کشمیری عوام کے حقِ حاکمیت، حقِ ملکیت اور حقِ روزگار کی علامت ہے۔
محمد ہمایوں خان کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی ہر فورم پر کشمیریوں کی آواز بنے گی، حقیقت و مفاہمتی کمیشن کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کے سیکریٹری جنرل سید نیر حسین بخاری نے انتخابات سے متعلق کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے ووٹرز اپنا حقِ رائے دہی پیپلز پارٹی کے حق میں استعمال کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو آزاد کشمیر میں پارلیمانی جمہوری نظام دینے کا اعزاز حاصل ہے۔
واضح رہے کہ پیپلز پارٹی، مسلم لیگ ن، استحکامِ پاکستان پارٹی اور آزاد امیدواروں سمیت 296 امیدوار میدان میں ہیں۔
13 حلقوں میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 14 لاکھ 1 ہزار 439 ہے، جن میں مرد ووٹرز 7 لاکھ 25 ہزار 118 اور خواتین ووٹرز کی تعداد 6 لاکھ 75 ہزار 628 ہے۔
میرپور ڈویژن میں 2 ہزار 454 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں۔
ضلع میر پور کے 4 حلقوں میں 597، ضلع کوٹلی کے 6 حلقوں میں 1107 اور ضلع بھمبھر کے 3 حلقوں میں 608 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں۔
کمشنر میرپور راجہ طاہر ممتاز اور ڈی آئی جی کامران علی نے حلقہ ایل اے 3 کے وارڈ 16/17 کا دورہ کیا اور انتخابی صورتِ حال کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کمشنر میر پور راجہ طاہر ممتاز نے کہا کہ تینوں اضلاع میں صبح 8 بجے سے پرامن پولنگ کا عمل جاری ہے۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ گھروں سے نکلیں، انتظامیہ کی جانب سے انہیں پُرامن ماحول فراہم کیا جائے گا۔
انتخابات کے لیے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات بھی کیے گئے ہیں، چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر جسٹس (ر) مصطفیٰ مغل کا کہنا ہے کہ ووٹنگ کے عمل میں رکاوٹ ڈالنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی ہو گی۔
چیف سیکریٹری آزاد جموں و کشمیر خوش حال خان نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے عوام نے انتشاری ٹولوں کو مسترد کر کے جمہوری عمل پر اعتماد کا اظہار کیا ہے، پُرامن انتخابات کے لیے تمام ریاستی ادارے تیار ہیں، انتخابی عمل میں رکاوٹ ڈالنے یا امن خراب کرنے والوں کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا۔