میرپور (عابد شاہ، نمائندہ جنگ، ایجنسیاں) آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے آج ہونے والے پہلے مرحلے کے میرپور ڈویژن کے بیشتر نتائج سامنے آگئے، غیر سرکاری غیر حتمی نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) 7نشستوں پر فاتح جبکہ پیپلزپارٹی 3 نشستوں پر کامیاب رہی، بقیہ نشستوں پر نتائج تاحال رات گئے تک مکمل نہیں ہوسکے، مسلم لیگ (ن) کے چوہدری طارق کے ہاتھوں سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر انوار الحق کو شکست کا سامنا کرنا پڑا، صبح پولنگ کے دوران کئی مقامات پر ن لیگ اور پیپلزپارٹی کے کارکنوں کے درمیان تصادم اور جھگڑے ہوئے، سابق وزیر و استحکام پاکستان پارٹی کے امیدوار چوہدری علیشان سونی اور انکے بیٹے سمیت 24افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے،کوٹلی کے علاقے نکیال میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق جبکہ تین افراد زخمی ہوگئے، ہنگامے کے باعث پولنگ کاعمل روکدیا گیا، بھمبر میں دربار بابا شادی شہید کے پولنگ اسٹیشن پر ہنگامہ آرائی کے دوران شرپسندوں نے پولنگ باکس چھین کر آگ لگادی، حلقہ ایل اے6 کے3 پولنگ اسٹیشن پر لڑائی جھگڑے کے واقعات کے بعد پولنگ روکدی گئی، پولیس کا کہنا ہے کہ مسلح افراد نے عملے سے بیلٹ باکس چھیننے کی بھی کوشش کی، ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر دو پریذائیڈنگ افسر گرفتار کر لیا گیا ہے،پچھلے الیکشن کی نسبت کم تعداد میں لوگوں نے حق رائے دہی استعمال کیا اور ووٹ ڈالنے کی شرح ماضی سے کم رہی،پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے الزام لگایا ہے کہ ن لیگی امیدوار کی فائرنگ سے ہمارا کارکن جاں بحق ہوا، وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء کا کہنا ہے کہ پولنگ پرامن رہی، معمولی واقعات ہوئے،گرم موسم کی وجہ سے لوگ کم نکلے۔ تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے پہلے مرحلے میں میر پور، کوٹلی اور بھمبھر میں قائم 13 حلقوں پر آج ووٹنگ ہوئی، 5 بجے ووٹنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد ووٹنگ کیلئے ایک گھنٹہ اضافی دیا گیا،13 حلقوں میں 14 لاکھ سے زائد رجسٹرڈ ووٹرز نے حق رائے دہی استعمال کیا، خواتین کی بڑی تعداد نے بھی ووٹ کاسٹ کیا، امن و امان برقرار رکھنے کیلئے سیکورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے۔ غیر سرکاری غیر حتمی نتائج کے مطابق حلقہ ایل اے-1 ڈڈیال سے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار چوہدری اظہر صادق کامیاب قرار پائے، جبکہ ان کے مدمقابل چوہدری افسر شاہد دوسرے نمبر پر رہے۔حلقہ ایل اے-2 چکسواری سے پاکستان پیپلز پارٹی کے چوہدری قاسم مجید کامیاب ہوئے، جبکہ ایل اے-3 میرپور شہر سے پیپلز پارٹی کے چوہدری یاسر سلطان نے کامیابی حاصل کی۔حلقہ ایل اے-4 میرپور سے مسلم لیگ (ن) کے چوہدری رخسار احمد، ایل اے-5 برنالہ سے کرنل (ر) وقار نور اور ایل اے-6 سماہنی سے چوہدری محمد رزاق کامیاب قرار پائے۔حلقہ ایل اے-7 بھمبر سے مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما چوہدری طارق فاروق نے کامیابی حاصل کی، جبکہ سابق وزیراعظم چوہدری انوار الحق دوسرے نمبر پر رہے۔ضلع کوٹلی کے حلقہ ایل اے-8 راجہ محل سے پاکستان پیپلز پارٹی کے ملک ظفر کامیاب قرار پائے، جبکہ ایل اے-9 نکیال سے مسلم لیگ (ن) کے عمیر نعیم نے میدان مار لیا۔حلقہ ایل اے-10 کوٹلی میں پاکستان پیپلز پارٹی کے چوہدری محمد یاسین اور مسلم لیگ (ن) کے فاتح محمود کیانی کے درمیان مقابلے کا حتمی نتیجہ تاحال سامنے نہیں آ سکا۔اسی طرح ایل اے-11 سہنسہ میں پاکستان پیپلز پارٹی کے چوہدری اخلاق اور مسلم لیگ (ن) کے راجہ آصف کے درمیان مقابلے کا نتیجہ بھی زیر التوا ہے۔حلقہ ایل اے-12 چڑہوئی میں چوہدری محمد یاسین اور راجہ ریاست حسین کے درمیان مقابلے کا حتمی نتیجہ بھی ابھی مکمل نہیں ہو سکا۔دوسری جانب ایل اے-13 کھوئی رٹہ سے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار راجہ ایاز احمد 21 ہزار 856 ووٹ حاصل کر کے کامیاب قرار پائے۔غیر سرکاری نتائج کے مطابق میرپور ڈویژن میں مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی کے درمیان کانٹے دار مقابلہ دیکھنے میں آیا، جبکہ چند اہم حلقوں کے حتمی نتائج کا انتظار جاری ہے۔ قبل ازیں آزاد کشمیر کے حلقہ نکیال میں پولنگ کے دوران پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں پیپلز پارٹی کے کارکن مختار یونس جاں بحق جبکہ تین افراد زخمی ہو گئے۔ واقعہ نکیال کے گاؤں دھیری میں پیش آیا جہاں پولنگ کے دوران دونوں جماعتوں کے کارکن آمنے سامنے آ گئے۔ کشیدگی بڑھنے پر فائرنگ ہوئی جسکے نتیجے میں مختار یونس موقع پر جاں بحق ہو گئے جبکہ تین افراد زخمی ہوئے، واقعے کے بعد علاقے میں کشیدگی پائی جا رہی ہے جبکہ متعلقہ ادارے واقعے کی تحقیقات میں مصروف ہیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے شہید کارکن کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ مسلم لیگ (ن) کے امیدوار سردار عمیر نعیم کی جانب سے فائرنگ کے نتیجے میں ان کے کارکن مختار یونس شہید ہوئے۔ بلاول بھٹو زرداری نے سوال اٹھایا کہ متعلقہ حکام اور الیکشن کمیشن کہاں ہیں؟ انہوں نے کہا کہ اگر دو روز قبل سامنے آنے والی مبینہ فائرنگ کی ویڈیو کا بروقت نوٹس لیا جاتا تو آج ایک قیمتی انسانی جان ضائع نہ ہوتی۔ بلاول بھٹو کا مزید کہنا تھا کہ مختار یونس، پیپلز پارٹی کے امیدوار جاوید بڈھانوی کے ساتھ بھرپور انتخابی مہم چلا رہے تھے اور مخالفین اپنی ممکنہ شکست دیکھ کر اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں۔دریں اثناء وزیر اعظم کے مشیرسینیٹر رانا ثنا اللہ نے کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر میں فائرنگ میں ایک شخص جاں بحق اور کچھ افراد زخمی ہوئے، معمولی واقعات ہیں،اس ایک واقعےکے سوا کوئی بڑا واقعہ نہیں ہوا، مجموعی طور پر آزاد کشمیر میں پولنگ کے لیے انتظامات اچھے کیے گئے ، آزادکشمیر میں آج موسم گرم رہا ، اس لیے لوگ کم نکلے۔