گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کو ماضی میں مولانا فضل الرحمان کے خلاف اپنے الفاظ پر معافی مانگنی چاہیے۔
نوشہرہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ جن عدالتوں کے فیصلوں پر پی ٹی آئی نے مٹھائیاں تقسیم کیں، انہی عدالتوں نے بانی پی ٹی آئی کو جیل بھیجا ہے۔
انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں 13 سال سے ناچ گانے، اڈیالہ اور ڈی چوک کا ڈرامہ جاری ہے، صوبے کو دہشت گردوں کے حوالے کرکے لاقانونیت کا راج قائم کردیا گیا ہے۔
گورنر نے مزید کہا کہ آج پی ٹی آئی مولانا فضل الرحمان اور محمود خان اچکزئی کو سیاسی مسیحا سمجھتی ہے، پی ٹی آئی کو ماضی میں مولانا کے خلاف اپنے الفاظ پر معافی مانگنی چاہیے۔
اُن کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کے احتجاج کے بعد پیٹرول سستا ہونے کے بجائے مہنگا ہو رہا ہے، یہ مہربانی کرکے احتجاج ختم کرے تاکہ پیٹرول کی قیمتیں نیچے آئیں۔
فیصل کریم کنڈی نے یہ بھی کہا کہ عالمی سطح پر پیٹرول مہنگا ہوگا تو پاکستان میں بھی قیمتیں بڑھیں گی۔