بالی ووڈ کے لیجنڈ اداکار امیتابھ بچن نے 83 سال کی عمر میں اپنی پسندیدہ غذاء چاول اور کھیر چھوڑنے کا انکشاف کیا ہے۔
ماہرینِ صحت کا کہنا ہے کہ عمر بڑھنے کے ساتھ چاول ترک کرنا ہر شخص کے لیے ضروری نہیں۔
معروف بھارتی اداکار امیتابھ بچن نے حالیہ ایک پروگرام میں بتایا ہے کہ میں نے چاول اور کھیر کھانا چھوڑ دیا، میری اہلیہ جیا بچن نے میں میرے لیے آم کی کھیر تیار کی مگر میں اپنے فیصلے کے سبب اسے نہیں کھا سکا۔
امیتابھ بچن کے اس بیان پر بھارتی ماہرینِ صحت نے ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امیتابھ بچن کا چاول چھوڑنے کا فیصلہ اداکار کا ذاتی انتخاب ہے، اس بیان کو تمام بزرگ افراد کے لیے عمومی غذائی ہدایت نہیں سمجھنا چاہیے۔
ماہرینِ صحت کے مطابق سفید چاول صاف شدہ نشاستہ ہے جو نسبتاً تیزی سے ہضم ہوتا ہے، زیادہ مقدار میں، خصوصاً پروٹین، فائبر اور سبزیوں کے بغیر چاول کھانے سے خون میں شکر کی سطح تیزی سے بڑھ سکتی ہے۔
تحقیق میں سفید چاول کے زیادہ استعمال اور ٹائپ 2 ذیابیطس کے خطرے کے درمیان تعلق بھی سامنے آیا ہے تاہم اس کا مطلب یہ نہیں کہ چاول براہِ راست ذیابیطس کا سبب بنتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق عمر بڑھنے کے ساتھ انسولین کے اثرات میں کمی، بھوک میں تبدیلی اور پٹھوں کی کمزوری جیسے مسائل پیدا ہو جاتے ہیں، اس لیے چاول چھوڑنے کے بجائے یہ دیکھنا زیادہ اہم ہے کہ اس کی جگہ کیا غذا لی جا رہی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر چاول سے حاصل ہونے والی توانائی مناسب غذاء سے پوری نہ کی جائے تو غذائی کمی اور پٹھوں کے حجم و طاقت میں کمی کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ ذیابیطس، پیٹ کے گرد زائد چربی یا کھانے کے بعد خون میں شکر بڑھنے والے افراد سفید چاول کی مقدار کم کر سکتے ہیں تاہم مکمل طور پر نشاستے دار غذائیں ترک کرنا ضروری نہیں، سفید چاول کے بجائے براؤن چاول، جو، باجرہ، دلیہ، دالیں اور دیگر مکمل اناج استعمال کیے جا سکتے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ چاول کھانے کا طریقہ بھی اہم ہے، سفید چاول کی بڑی مقدار اکیلے کھانے کے بجائے مناسب مقدار میں دال، سبزی، دہی اور پروٹین والی غذاء کے ساتھ کھانا زیادہ متوازن ہوتا ہے اور اس سے خون میں شکر کو قابو میں رکھنے میں بھی مدد ملتی ہے۔
ماہرین کے مطابق بزرگ افراد کو مناسب مقدار میں پروٹین، سبزیاں، پھل، صحت مند چکنائیاں اور فائبر استعمال کرنا چاہیے۔
بھارتی طبی ماہرین کے مطابق غذائی ہدایات میں بھی بنیادی غذاؤں کو مکمل طور پر ترک کرنے کے بجائے متنوع اور متوازن غذاء پر زور دیا جاتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ چاول نہ مکمل طور پر صحت بخش ہیں اور نہ ہی نقصان دہ، بلکہ ان کے اثرات قسم، مقدار، پکانے کے طریقے اور مجموعی خوراک پر منحصر ہیں۔
ماہرین کے مطابق 70 یا 80 سال کی عمر میں مقصد صرف کم کھانا نہیں بلکہ ایسی متوازن غذاء کھانا ہونا چاہیے جو خون میں شکر اور وزن کو قابو میں رکھنے کے ساتھ پٹھوں، طاقت اور خود مختاری کو برقرار رکھنے میں مدد دے۔
نوٹ: یہ مضمون قارئین کی معلومات کے لیے شائع کیا گیا ہے، صحت سے متعلق امور میں اپنے معالج کے مشورے پر عمل کریں۔