پاکستانی شوبز انڈسٹری سے وابستہ معروف سینئر اداکارہ غزالہ جاوید نے اسکرین سے دوری کی وجہ بتا دی۔
حال میں سینئر اداکارہ نے ایک پروگرام میں شرکت کی، جہاں انہوں نے میڈیا انڈسٹری کے تاریک پہلوؤں پر کھل کر گفتگو کی۔
اس حوالے سے بات کرتے ہوئے غزالہ جاوید نے کہا کہ اب انڈسٹری کے حالات بدل چکے ہیں، اس انڈسٹری کو تقریباً خیرباد کہنے کی سب سے بڑی وجہ یہ ہے کہ نوجوان فنکاروں میں غرور اور تکبر بڑھ گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب میں صرف اسی صورت میں کام کرتی ہوں جب پروڈکشن ہاؤسز اچھے ہوں یا ٹی وی چینلز تعاون کرنے والے ہوں، ورنہ عزت و احترام کا تو جیسے مکمل طور پر خاتمہ ہو چکا ہے، نئے فنکار اپنے سینئرز کا احترام نہیں کرتے۔
سینئر اداکارہ نے کہا کہ آج کل ہمیں نوجوان اداکاروں کے نخرے برداشت کرنا پڑتے ہیں، جتنا زیادہ آپ میں غرور ہو گا، اتنی ہی زیادہ کامیابی ملے گی، چاہے کوئی اپنے فن سے مخلص نہ بھی ہو، اسے شہرت مل جاتی ہے۔
غزالہ جاوید نے کہا کہ مثال کے طور پر، سینئر فنکار مقررہ وقت پر سیٹ پر پہنچتے ہیں اور میں کبھی ڈرائیوروں کو انتظار نہیں کرواتی، کیونکہ میں نہیں چاہتی کہ میری وجہ سے کسی کو بھی زحمت اٹھانا پڑے لیکن مرکزی کردار ادا کرنے والے فنکار کبھی وقت پر نہیں پہنچتے اور ہمیں ان کے انتظار میں شام 4 بجے تک بیٹھنا پڑتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میری دیگر دوست اداکارائیں بھی یہی کہتی ہیں کہ وہ مرکزی کردار ادا کرنے والے فنکاروں کا انتظار کرتے کرتے تھک چکی ہیں۔
اداکارہ نے کہا کہ اگر پروڈکشن ہاؤسز اس معاملے میں سختی سے کام لیں تو ایسا ہرگز نہ ہو لیکن یہ دراصل اداکاروں کی جانب سے احترام کی کمی کا معاملہ ہے، مرکزی کردار ادا کرنے والے فنکار سیٹ پر آتے تک نہیں، جبکہ پروڈکشن ٹیم اور معاون اداکار ہمیشہ اپنی ذمے داریاں نبھانے کے لیے موجود ہوتے ہیں۔