(جنگِ آزادی 1857ء نمبر)
ترتیب و تدوین: ڈاکٹر سیّد جعفر احمد
صفحات : 192 ، قیمت : 1400روپے
زیرِ اہتمام: انسٹی ٹیوٹ آف ہسٹاریکل اینڈ سوشل ریسرچ، شہیدِ ملّت روڈ ، کراچی۔
فون نمبر: 2264424 - 0345
زیرِنظر کتاب ایک تاریخی دستاویز کی حیثیت رکھتی ہے۔ 1857ء میں ایسٹ انڈیا کمپنی کے خلاف پورے ہندوستان میں جو ’’جنگِ آزادی‘‘ لڑی گئی، وہ ہماری تاریخ کا بہت اہم واقعہ ہے۔ اِس جنگ کے ایک سو سال بعد 1957ء میں پاکستان میں اِس موضوع پر کئی سیمینارز اور کانفرنسز منعقد ہوئیں اور مُلک کے مؤقر اخبارات و جرائد نے خصوصی نمبرز شائع کیے۔
اِس موقعے پر روزنامہ ’’امروز‘‘ کے ایڈیٹر، احمد ندیم قاسمی اور ہفت روزہ ’’لیل و نہار‘‘ کے ایڈیٹر، سیّد سبطِ حسن نےغیر معمولی نوعیت کے خصوصی نمبرز شائع کیے، جنہیں علمی حلقوں میں بہت پذیرائی حاصل ہوئی۔ 2007ء میں جب ’’جنگِ آزادی‘‘کو ڈیڑھ سوسال مکمل ہوئے، تو سماجی علوم کے معروف دانش وَر، ڈاکٹر سیّد جعفر احمد نے ’’لیل و نہار‘‘ کی اس تاریخی اشاعت کو کتابی شکل میں مدوّن کیا اور اُسی کتاب کا یہ ترمیم واضافہ شدہ ایڈیشن ہے۔
جب پہلی مرتبہ یہ نمبر شائع ہوا تھا، تو اُس کی تیاری میں سیّد قاسم محمود (مرحوم) نے بھی بڑھ چڑھ کر حصّہ لیا تھا، چناں چہ اِس کی کتابی صُورت میں اشاعت کے موقعے پر اُن سے خصوصی طور پر اس کا پسِ منظر لکھوایا گیا، جو بجائے خُود ایک تاریخی اہمیت کی حامل تحریر ہے۔
زیرِنظر کتاب میں جن سرکردہ قلم کاروں کی تحریریں شامل کی گئی ہیں، اُن میں مولانا غلام رسول مہر، شیخ محمّد اسماعیل پانی پتی، ڈاکٹر عبدالسّلام خورشید، شوکت تھانوی، ڈاکٹر سیّد عبداللہ اور امداد صابری جیسی یگانۂ روزگار شخصیات شامل ہیں۔ یہ کتاب تاریخ، ادب اور صحافت کے طلبہ اور محقّقین کے لیے کسی تحفے سےکم نہیں۔ اُمید ہے، اِس کتاب سے بھرپور استفادہ کیا جائے گا۔