(اخباری کالم)
کالم نگار: ڈاکٹر رانا خالد محمود قیصر
صفحات : 200، قیمت : 600 روپے
ناشر: الحمد پبلی کیشنز، گلشنِ اقبال، کراچی۔
فون نمبر: 3426334 - 0305
ڈاکٹر راناخالد محمود قیصر شاعر بھی ہیں اور نقّاد بھی۔ زیرِ تبصرہ کتاب اُن کے اُن کالمز کا مجموعہ ہے، جو نیوجرسی (امریکا) کے ایک اخبار میں تواتر کے ساتھ شائع ہوئے۔ یہ کالم سیاسی، ادبی، معاشی اور سماجی موضوعات کا احاطہ کرتے ہیں۔ رانا خالد محمود مثبت اندازِفکر کے حامل قلم کار ہیں، اُن کے طنز میں بھی شائستگی اور میانہ روی پائی جاتی ہے۔
اِس کتاب میں 61 کالم شامل ہیں اور ہر کالم اپنا کوئی نہ کوئی جواز رکھتا ہے۔ یہ کالم آپ کے جذبات نہیں بھڑکاتے، بلکہ معروضی اور اقتصادی زاویۂ نگاہ سے سوچنے پر مجبور کرتے ہیں۔ چوں کہ کالم نگار بنیادی طور پر شاعر ہیں، اِس لیے حسّاس ذہن و دل کے مالک ہیں۔
پاکستان کے سینئر صحافی، شاعر اور کالم نگار، محمود شام کی یہ رائے سند کا درجہ رکھتی ہے کہ’’اُن کے کالم درد مند پاکستانیوں کی ترجمانی کر رہے ہیں اور قیادت کے دعوے داروں کے لیے رہنمائی کا سرچشمہ ہیں۔‘‘ کتاب میں معروف صحافی غلام محی الدّین اور اوکاڑہ سے تعلق رکھنے والے رانا غلام محی الدّین کی آراء بھی شامل ہیں۔ یاد رہے، ڈاکٹر رانا خالد محمود قیصر 22 نثری اور شعری مجموعوں کے خالق ہیں۔