(محبّت اور انسانی نفسیات کا فلسفیانہ تجزیہ)
مصنّفہ: ناہید زبیری
صفحات : 206، قیمت: 1200روپے
ناشر: سٹی بُک پوائنٹ، کراچی۔
فون نمبر: 2306716 - 0312
ناہید زبیری شاعرہ بھی ہیں اور نثرنگار بھی۔ ہمارے پیشِ نظر اُن کی آٹھویں کتاب ہے، جو گیارہ ابواب پر مشتمل ہے۔ اِس کتاب میں محبّت اور انسانی نفسیات کا فلسفیانہ تجزیہ پیش کیا گیا ہے۔ محبّت، ایک پیچ دار موضوع ہے، جو زندگی کے ہر پہلو میں اپنا کردار ادا کرتا ہے۔ عہدِ حاضر کےتیزی سے بدلتے معاشرتی حالات اور معاشروں میں بڑھتی بےچینی دیکھتے ہوئے یہ موضوع گہرے مطالعےاورتجزیے کا تقاضا کرتا ہے۔
اِس کتاب میں محبّت کے موضوع کو عمیق مشاہدے اور گہرے تجزیے کے ساتھ ضبطِ تحریرمیں لانے کی کوشش کی گئی ہے۔ زندگی کے مختلف پہلوؤ، محبّت کے حوالےسےایک تجزیے کی شکل میں پیش کیے گئے ہیں۔ جذبات کی اہمیت اور اُن کا وجود، انسان کے روحانی پہلو کی پرورش، محبّت کا مقدمہ، اسرارِعشق اور محبّت کی حقیقت، محبّت کی طلب کیوں، محبّت کی سوشل ڈائنامِکس اور اس کے اثرات، شادی، لَوافیئر اور مقامِ محبّت، عشق کا معاشرتی اور کائناتی نیٹ ورک، کردار کی مضبوطی اور شخصیت سازی، مادّی اور مابعد الطبعیاتی دنیا کا تصادم اور محبّت کی گم شدہ جہت، یہ وہ عنوانات ہیں، جن سے اِس کتاب کاخمیراُٹھا ہے۔ کتاب کا پیش لفظ، مصنّفہ نے خُود تحریر کیا ہے، جس نے ہماری رہنمائی کی اور ہم بھی لکھتے چلے گئے۔