(شعری مجموعہ)
شاعر: محمّد اکرم خاور
صفحات: 174، قیمت: 800روپے
ناشر: کتاب دوستی فائونڈیشن، ایوانِ علم پلازا، 18، اُردو بازار، لاہور۔
زیرِ نظر کتاب کے مصنّف عرصۂ دراز سے شاعری کر رہے ہیں اور بقول شاعر’’اِس کتاب میں کالج اور یونی ورسٹی کے زمانے کی شاعری زیادہ ہے، جو لکھ کر فائل میں ڈالتا رہا، مگر نوکری اور بچّوں کی تعلیم و تربیت نے فرصت ہی نہ دی، اب کچھ وقت ملا ہے، تو سوچا کہ کتاب کی شکل میں اپنے قارئین کی خدمت میں پیش کیا جائے۔‘‘
کتاب میں غزلیں بھی ہیں اور نظمیں بھی، تاہم اِس میں بہت اعلیٰ شاعری نہیں ہے، بس اُنہوں نے اپنے جذبات و احساسات ہی کو شاعری کا رُوپ دے دیا ہے۔ محمّد اکرم خاور، محقّق بھی ہیں اور افسانہ نگار بھی، اِن دونوں حوالوں سے بھی اُن کی کتب منظرِعام پرآچکی ہیں، جب کہ کتاب کے مطالعے سے اندازہ ہوا کہ شاعری اُن کا ’’تیسرا عشق‘‘ ہے۔
وہ بنیادی طور پر نثر کےآدمی ہیں، لیکن اب شاعری بھی اُن کے مزاج کا حصّہ بن گئی ہے۔ وہ اُردو کے علاوہ براہوی اور پنجابی میں بھی شاعری کرتے ہیں۔ اِس اعتبار سے اُنہیں ہمہ جہت شخصیت قرار دیا جاسکتا ہے۔