مصنّف: بریگیڈیر (ر) صلاح الدّین
صفحات: 252، قیمت: 800 روپے
ناشر: پیرا ماؤنٹ بُکس (پرائیویٹ) لمیٹڈ، کراچی۔
زیرِنظر کتاب کے مصنّف کا نام پاک فوج سے تعلق رکھنے والے قلم کاروں کی فہرست میں خوش گوار اضافہ ہے۔ یہ خُود نوشت چھوٹی، چھوٹی دل چسپ کہانیوں کا مجموعہ ہے۔ یہ ایک فوجی کی سچّی داستان ہے، جو اُنہوں نے دوستوں، رشتے داروں اور جاننے والوں کے اصرار پر ریٹائرمنٹ کے 22سال بعد تصنیف کی۔
اِس دل چسپ آپ بیتی میں پیدائش سے لے کر طویل زندگی کے واقعات تک، سادہ مگر خُوب صُورت انداز میں ترتیب دیے گئے ہیں، خاص طور پر آرمی اور نیوی میں کام یاب سروس، کرکٹ سے والہانہ وابستگی، اسکول ٹیم سے لے کر کالج، یونی ورسٹی تک، فرسٹ کلاس کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ میں والنٹری سروس اورویٹرن کرکٹ میں نام پیدا کرنا شامل ہے۔
اس کے علاوہ، اکیس ممالک کا سفر، ریٹائر ہونے کے بعد تین اداروں میں بحیثیت سرپرست کام کرنا، انگریزی اور اردو اخبارات میں مضامین لکھنا بھی شامل ہے۔ مصنّف نے اپنے ذاتی مشاہدات و تجربات نہایت دل نشین انداز میں بیان کیے ہیں۔
اُنہیں یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ اُنہوں نے بھارت سے 1965ء اور 1971ء میں لڑی جانے والی دونوں جنگوں میں حصّہ لیا اور اپنے حُسنِ انتظام سے سُرخ رو ہوئے۔ کتاب میں56 عنوانات قائم کیے گئے ہیں۔ یوں کہیے، اِس خُودنوشت میں وہ تمام باتیں موجود ہیں، جو کسی تصنیف کو دل چسپ بناتی ہیں۔ کتاب میں لیفٹیننٹ جنرل (ر) معین الدّین حیدر اور ڈاکٹر ریحان احمد یوسفی کے توصیفی مضامین بھی شامل ہیں۔