• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مصنّف: علّامہ عبدالستار عاصم

صفحات : 304، قیمت: درج نہیں 

ناشر: قلم فاؤنڈیشن، یثرب کالونی، والٹن روڈ، لاہور کینٹ۔

فون نمبر : 0515101 - 0300

علّامہ عبدالستار عاصم صرف کتابوں کے ناشر ہی نہیں، بہترین لکھاری بھی ہیں۔ اُنہیں’’محسنِ علم و ادب‘‘ اِسی لیے کہتا ہوں کہ وہ معیاری کتب کی اشاعت کے ضمن میں اپنی نمایاں شناخت رکھتے ہیں۔ وہ ہمیشہ اِسی جستجو میں رہتے ہیں کہ کوئی اچھی کتاب اُن کے ہاتھ سے نہ نکل جائے۔ علم و ادب سے اُن کا گہرا تعلق ہے، جب کہ اُن کی ادیبانہ حیثیت بھی مسلّم ہے۔

مختلف موضوعات پراُن کی15کتابیں منظرِعام پر آچکی ہیں اور 16ویں ہمارے سامنے ہے، جس کا انتساب اُنہوں نے بریگیڈیئر(ر) صولت رضا کے نام کر کے علم پروری اور ادب نوازی کی بہترین مثال قائم کی ہے۔ یہ کتاب موضوع کے اعتبار سے نہایت اہم ہے کہ اُنہوں نے باپ کی شفقت، محبّت، ایثار اور قربانیاں نہایت دل نشین انداز میں پیش کی ہیں۔

مصنّف کے بقول ’’عظمت کی ہر کہانی، باپ کی خاموش قربانیوں سے شروع ہوتی ہے۔‘‘ اور اُنہوں نے ’’باپ ایک شجرِ سایہ دار‘‘ کے عنوان سے جو پیش لفظ لکھا ہے، وہ اِتنا اثر انگیز ہے کہ اُس پرخراجِ تحسین پیش کیے بغیر آگے نہیں بڑھا جاسکتا۔ وہ لکھتے ہیں کہ’’باپ ایک کتاب ہے، ایسی کتاب، جس کا ہر صفحہ قربانی، محبّت، ایثار اور رہنمائی سےبھراہواہے۔

یہ کتاب ہم اپنی زندگی میں روز پڑھتے ہیں، کبھی سمجھ کراورکبھی بناسمجھے، لیکن جب اِس کتاب کا آخری صفحہ بند ہوتا ہے، تب ہمیں اِس کے اصل معانی کا اندازہ ہوتا ہے۔‘‘ اِس کتاب میں باپ کی عظمت و فضلیت سے متعلق43 مضامین شامل ہیں۔

پہلے مضمون کا عنوان ’’اسلامی تناظر میں باپ کا مقام‘‘ ہے اور آخری مضمون ’’باپ، اشعار کے آئینے میں‘‘ کے عنوان سے ہے۔ حضوراکرم صلی اللہ علیہ وسلّم، خلفائے راشدینؓ اور اہلِ بیتِ اطہارؓ نے باپ کے مقام و مرتبے سے جن گراں قدر، تاریخ ساز خیالات کا اظہار کیا ہے، وہ بھی اِس کتاب کا حصّہ ہیں۔

سنڈے میگزین سے مزید