• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ناول نگار: مریم جمیلہ

مترجّم: پروفیسر محمّد اسلم اعوان

صفحات : 212، قیمت : 1200روپے

ناشر: جہانِ نو پبلی کیشنز، گوجرانوالہ۔

فون نمبر : 7401527 - 0300

زیرِنظر کتاب المیۂ فلسطین کےپسِ منظرمیں عالمی شہرت یافتہ، امریکی نومسلم خاتون، مریم جمیلہ کاشاہ کار انگریزی ناول’’احمد خلیل‘‘ ہے، جس کا اُردو ترجمہ، پروفیسر محمّد اسلم اعوان نے نہایت عرق ریزی سے کیا ہے۔ ترجمہ ایک مشکل فن ہے اور اگرمترجّم صاحبِ نظر نہ ہو، تو بات کہیں کی کہیں چلی جاتی ہے۔ بلاشبہ، اسلم اعوان نے ترجمے کا حق ادا کردیا ہے۔

وہ خُود بھی اپنا ایک علمی وادبی پس منظر رکھتے ہیں۔ زیرِ نظر ناول32 ابواب پر مشتمل ہے اور ہر باب پڑھنے سے تعلق رکھتا ہے۔ یہ ناول ایک فلسطینی مہاجر کی کہانی ہے۔ احمد خلیل فلسطینیوں کی اُس نسل کا آخری آدمی ہے، جو دیہی بستی کی دہقانی روایتوں پر بڑی مضبوطی سے قائم ہے۔

مصنّفہ نے جس طرزِ زندگی کا نقشہ اِس ناول میں کھینچا ہے، وہ آج کے دَور کے آزاد خیال اور فیشن زدہ عربوں سے قطعاً مطابقت نہیں رکھتا۔ مریم جمیلہ نے آخری حصّہ اُس وقت تحریرکیا، جب وہ نیویارک یونی ورسٹی کی طالبہ تھیں۔ اور اِس حصّے میں اسلام، اسلامی تہذیب اوراسلام کے نصب العین سےاُن کے بڑھتے لگاؤ کی جھلک صاف نظر آتی ہے۔

زیرِ نظر ناول کا پہلا ایڈیشن 2006ء میں لاہور سے شائع ہوا تھا، پھر دوسرا ایڈیشن بغیر ترمیم واضافہ شائع کیا گیا۔ کتاب کا پیش لفظ پروفیسر محمّد اسلم اعوان نے تحریر کیا ہے، جب کہ دیباچہ، عُمر فاروق خاں نے لکھا ہے۔

سنڈے میگزین سے مزید