انٹرنیٹ پر انسان اور روبوٹ کے درمیان فائٹ کی ویڈیو تیزی سے وائرل ہو گئی، جس میں انٹرنیٹ کی معروف شخصیت فرینکی لاپینا نے 6 فٹ قد کے ہیومنائیڈ روبوٹ کا مقابلہ کیا۔
یہ غیر معمولی مقابلہ آر ای کے کے ایک ایونٹ میں ہوا، جسے منتظمین نے دنیا کی پہلی انسان بمقابلہ ’ٹرمینیٹر‘ روبوٹ فائٹ قرار دیا ہے۔
وائرل ویڈیو میں فرینکی لاپینا روبوٹ پر کئی مکے برساتے دکھائی دیے، جس پر ابتداء میں روبوٹ کو حملے کا سامنا کرنے میں مشکلات پیش آئیں۔
بعد ازاں روبوٹ نے بھی مکے اور لاتیں برسانا شروع کر دیں، ایک زور دار لات نے لاپینا کو کئی فٹ پیچھے جا گرایا، جبکہ ایک اور لات سے وہ دیوار سے جا ٹکرائے، تاہم لاپینا نے مقابلہ جاری رکھا اور روبوٹ کو شکست دے دی۔
ویڈیو سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے اس مقابلے کا موازنہ فلم ’ٹرمینیٹر‘ سے کرنا شروع کر دیا۔
بعض صارفین نے سوال اٹھایا ہے کہ حقیقی پیشہ ور فائٹر اس روبوٹ کے مقابلے میں کیسا مظاہرہ کرے گا؟
تاہم یہ مصنوعی ذہانت سے چلنے والا روبوٹ خودمختار نہیں تھا بلکہ اسے ایک انسان ریموٹ کنٹرول کے ذریعے چلا رہا تھا۔
آر ای کے ورچوئل ریئلٹی ٹیکنالوجی کے ذریعے انسانوں کو ہیومنائیڈ روبوٹس کنٹرول کر کے دوسرے روبوٹس سے مقابلہ کرنے کے لیے روبوٹ فائٹ کا ایک نظام تیار کر رہا ہے۔
کمپنی اس سے قبل روبوٹ بمقابلہ روبوٹ مقابلے بھی منعقد کر چکی ہے، تاہم لاپینا کو روبوٹ کے ساتھ پنجرے میں اتارنے سے ان مشینوں کی طاقت کا ایک مختلف انداز میں مظاہرہ سامنے آیا۔
آر ای کے کے مطابق فائٹ کی مزید ویڈیوز جلد جاری کی جائیں گی۔
