• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چین میں انسان نما روبوٹس کا پہلا کک باکسنگ مقابلہ

اسکرین گریب
اسکرین گریب

ٹیکنالوجی کی دنیا میں نیا سنگ میل عبور کرلیا گیا، چین میں انسان نما روبوٹس کا پہلا کک باکسنگ مقابلہ منعقد ہوا۔

دنیا کا انسان نما روبوٹس کا یہ پہلا کک باکسنگ مقابلہ چین کے شہر ہانگژو میں ہوا، جس میں روبوٹس نے ایک دوسرے پر مکے اور لاتیں برسائیں جبکہ شائقین نے اس منفرد مظاہرے کو بھرپور دلچسپی سے دیکھا۔

یہ مقابلہ چائنا میڈیا گروپ  کا حصہ تھا، جسے سرکاری ادارے چائنا سینٹرل ٹیلی ویژن (CCTV) نے براہِ راست نشر کیا، مقابلے میں معروف چینی کمپنی یونی ٹری روبوٹکس کے تیار کردہ G1 ماڈل روبوٹس نے حصہ لیا۔

ہر فائٹ دو حصوں پر مشتمل تھی، پہلا حصہ حرکات کی نمائش پر مبنی تھا، جبکہ دوسرے حصے میں تین سے دو منٹس کی فائٹنگ راؤنڈز شامل تھے۔

روبوٹ کو پوائنٹ صرف اُس وقت ملتا جب وہ مخالف کے جسم یا سر پر حملہ کرتا، روبورٹس آسانی سے کھڑے ہونے کی صلاحیت رکھتے تھے، تربیت یافتہ آپریٹرز انہیں جوئسٹکس کے ذریعے ریموٹ کنٹرول سے چلا رہے تھے۔

یونی ٹری روبوٹکس کے ڈائریکٹر وانگ چیشن کے مطابق یہ آسان نہیں تھا کہ روبوٹس کو انسانی حرکات سکھائی جائیں، ہم نے پیشہ ور کک باکسرز کی حرکات کا ڈیٹا اکٹھا کیا اور پھر مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی مدد سے روبوٹس نے انہیں ورچوئل دنیا میں سیکھا۔

ماہرین کے مطابق یہ مقابلہ چین کی تیزی سے ترقی کرتی روبوٹکس انڈسٹری کے لیے ایک ٹرین تھرو کمپٹیشن ماڈل ہے، جس سے نوجوان ماہرین اور محققین کو عملی تربیت کا موقع ملے گا اور نئی ٹیکنالوجیز میں جدت آئے گی۔

یونٹری کے روبوٹس اس سے قبل 2025ء کے اسپرنگ فیسٹیول گالا میں انسانوں کے ساتھ رقص کر چکے ہیں، بعد ازاں مارچ میں ان کے G1 ماڈلز نے سائیڈ فلپ اور کک اپ جیسی حرکات سے سب کو حیران کر دیا۔

دلچسپ و عجیب سے مزید