• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خواجہ سعد رفیق کا ریاست اور احتجاج کرنے والوں کو بات چیت کا مشورہ

حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق نے ریاست اور احتجاج کرنے والوں کو بات چیت کا مشورہ دے دیا۔

ایک بیان میں خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ مسائل حل کرنے کی نیت ہو تو راستہ ضرور نکلتا ہے، حکومتیں اور احتجاج کرنے والے ایک دوسرے سے بات چیت کریں۔

انہوں نے کہا کہ پہل ہمیشہ ریاست کرتی ہے۔ پہل کی جائے، حکومتیں اور احتجاج کرنے والے انا، ضد اور دھڑے بندیوں سے اوپر اٹھیں۔ آپ میں سے کوئی فاتح نہیں ہوگا کیونکہ سب ہار رہے ہیں، جانی و مالی نقصانات سے بچا جائے۔

ن لیگی رہنما نے مزید کہا کہ مہنگائی، بےروزگاری، ناانصافی اور دہشت گردی کی آگ میں جھُلسا پاکستان کراہ رہا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ ایک دوسرے کی عزتِ نفس کو تارتار کرنا کم ظرفی ہے، کوئی فخریہ کام نہیں۔ عام آدمی پِس چُکا ہے، جینا تقریباً ناممکن ہوچکا ہے، اسے آپ کے مباحثوں، ملاکھڑوں، الزامات، دھینگامشتی اور خدمات کا ڈھنڈورا پیٹنے سے کوئی دلچسپی نہیں۔

خواجہ سعد رفیق نے یہ بھی کہا کہ بروقت علاج نہ کیا جائے تو رستے ہوئے زخم ناسور بن جاتے ہیں۔، پھر ساری قوم دہائیوں تک اس کی قیمت ادا کرتی رہتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تاریخ لکھی جا رہی ہے، اسے قید کیا جاسکتا ہے، نہ روکا جاسکتا ہے۔ لاعلاج زخم چھوڑ کر جانے والے ہمیشہ تاریخ کے کٹہرے میں کھڑے رہتے ہیں۔

ن لیگی رہنما نے کہا کہ سول سوسائٹی، اہلِ دل اور اہلِ درد بیدار ہوں، قومی بیداری اور اذانِ حق کا تسلسل وقت کی ضرورت ہے۔ جو جہاں بھی ہے، اپنی آواز بلند کرے۔

قومی خبریں سے مزید