وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے سندھ میں ایم ڈی کیٹ 2026 سے متعلق شکایات کا نوٹس لے لیا۔ اس حوالے سے انھوں نے کہا کہ سندھ حکومت اور پی ایم ڈی سی امتحان منعقد کرنے والی یونیورسٹی کیساتھ مل کر شکایات کا جائزہ لے گی۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ سندھ میں ایم ڈی کیٹ امتحان کی شفافیت پر سوالات اٹھائے گئے ہیں، عوامی نمائندوں نے بھی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ امتحانی مراکز کے نتائج، نمبرز اور پاسنگ ریٹ کا تقابلی جائزہ لیا جائے گا، نتائج میں زیادہ نمبرز، غیر معمولی یا نمایاں فرق کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
وزارت صحت کے مطابق حاضری شیٹس، سیٹنگ پلان، سینٹر ریکارڈ اور نتائج کا ڈیٹا انکوائری کا حصہ ہوگا، بےضابطگی، غیرمجاز معاونت، جعلسازی، پرچہ لیک اور غفلت کی شکایات کا جائزہ لیا جائے گا۔
وزارت صحت کے مطابق تکنیکی خرابی یا بےضابطگی سے امتحان متاثر ہونے پر ذمہ داری کا تعین کیا جائے گا۔
وزارت صحت کے مطابق پی ایم ڈی سی امتحان کے انعقاد اور نتائج سے متعلق ریکارڈ فراہم کرے گا، ایم ڈی کیٹ 2026 انکوائری رپورٹ 15 روز میں پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔