• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کرسٹیانو رونالڈو کا کوچ پر دو بار وعدہ خلافی کا الزام، پرتگال کیمپ سے جانے پر معافی مانگ لی

کرسٹیانو رونالڈو---فائل فوٹو
کرسٹیانو رونالڈو---فائل فوٹو 

بین الاقوامی شہرت یافتہ پرتگالی کپتان، فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے قومی ٹیم کے تربیتی کیمپ سے اچانک روانگی پر معافی مانگتے ہوئے کوچ جارج جیسس پر 2 مرتبہ وعدہ خلافی کا الزام عائد کیا ہے۔

کرسٹیانو رونالڈو نے بتایا ہے کہ کوچ جارج جیسس کے ساتھ طے پایا تھا کہ میں ناروے اور ڈنمارک کے خلاف میچز میں اپنی فٹنس بہتر بنانے کے لیے نہیں کھیلوں گا تاہم ناروے کے خلاف میچ کے روز کوچ نے مجھے اچانک بتایا کہ میں 30 منٹ کے لیے کھیلوں گا۔

رونالڈو کا کہنا ہے کہ میں نے دوسرے ہاف کے آغاز سے وارم اپ کیا لیکن مجھے میدان میں نہیں اتارا گیا، کوچ نے اپنا وعدہ توڑا اور مجھے پریشان کیا۔

رونالڈو نے مزید بتایا کہ بعد ازاں جارج جیسس سے ملاقات ہوئی جس میں کلب النصر کے اسپورٹس ڈائریکٹر سیماؤ کاؤٹنہو بھی شریک تھے، ملاقات میں طے ہوا کہ کوچ اگلی پریس کانفرنس میں معاملے کی وضاحت کریں گے۔

رونالڈو نے بتایا ہے کہ 8 نکات پر مشتمل ایک بیان بھی تیار کیا گیا تھا جس میں واضح کیا گیا تھا کہ میں نے کھیلنے کے لیے وقت کا مطالبہ نہیں کیا، میں نے کوچ کے فیصلوں کا احترام کیا اور مجھے وارم اپ کروانے کے باوجود میدان میں نہیں اتارنا کوچ کی غلطی تھی، یہ میرا فیصلہ نہیں تھا۔

رونالڈو نے کہا کہ جیسس نے بعد میں اس معاہدے سے انکار کر دیا اور کوچ کے عوامی بیانات نجی ملاقات میں ہونے والی گفتگو سے مختلف تھے، یہ دوسری مرتبہ تھا جب کوچ نے مجھ سے کیا گیا وعدہ پورا نہیں کیا جس کے بعد میں نے مزید وعدہ خلافی کا انتظار کیے بغیر تربیتی کیمپ چھوڑنے کا فیصلہ کیا۔

رونالڈو نے ناروے کے خلاف میچ کے بعد شائقین کو الوداع نہ کہنے اور اپنے ساتھی کھلاڑیوں کو چھوڑ کر کیمپ سے جانے پر معذرت بھی کی۔

انہوں نے کہا کہ بطور کپتان میرے طرزِ عمل کی سنگینی زیادہ ہے اور پرتگالی فٹبال فیڈریشن کو میرے خلاف مناسب کارروائی اور سزا کا فیصلہ کرنا چاہیے۔

41 سالہ رونالڈو نے واضح کیا ہے کہ میں پرتگال کی قومی ٹیم سے ریٹائرمنٹ کا اعلان نہیں کر رہا، سزا مکمل کرنے کے بعد اگر میں جسمانی طور پر فٹ ہوا تو اپنے کلب کے ساتھ ساتھ قومی ٹیم کی نمائندگی کے لیے بدستور دستیاب رہوں گا۔

دوسری جانب جارج جیسس نے رونالڈو کے ساتھ کسی معاہدے سے انکار کی تردید کرتے ہوئے قومی ٹیم میں رونالڈو کی واپسی کا راستہ کھلا رکھنے کا عندیہ دیا ہے۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید