• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مولانا فضل الرحمان کا حکومتی وفد کو گورنر راج یا ایمرجنسی نہ لگانے کا مشورہ، ذرائع

جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے حکومتی وفد کو خیبر پختونخوا میں گورنر راج یا ایمرجنسی نہ لگانے کا مشورہ دے دیا۔

اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پہنچے، جہاں انہوں نے مولانا فضل الرحمان کو اپوزیشن سے مذاکرات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔

اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کامیاب ہو گئے تھے، ڈیڈ لاک پی ٹی آئی اور ان کے اتحادیوں کے درمیان ہوا جو بدقسمتی ہے۔

ایاز صادق نے کہا کہ بطور سہولت کار مذاکرات کی کامیابی کی بھرپور کوشش کی، اب بھی اپنی کوششیں جاری رکھوں گا، اپوزیشن سے فون پر بات ہوتی رہتی ہے اور اب بھی ہوتی رہتی ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ  مولانا فضل الرحمان کو عمرے کی مبارکباد دینے آیا تھا، اس کے بعد حکومتی وفد پہنچ گیا۔

ایاز صادق نے کہا کہ میں مذاکرات اور مفاہمت پر یقین رکھتا ہوں اور امید پر دنیا قائم ہے۔

حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے اراکین رانا ثناء اللہ اور طارق فضل چوہدری بھی مولانا فضل الرحمان کے گھر پہنچے تھے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان نے مذاکرات کے ذریعے مسائل کے حل پر زور دیا۔

قومی خبریں سے مزید