• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نانا پاٹیکر کی موت کی وجہ سامنے آ گئی

بھارتی فلم انڈسٹری کے معروف اداکار نانا پاٹیکر 75 برس کی عمر میں چل بسے۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق نانا پاٹیکر آج صبح گوا میں اپنی رہائش گاہ پر بے ہوشی کی حالت میں پائے گئے جس کے بعد انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹرز نے ان کی موت کی تصدیق کر دی۔

اداکار کے ڈاکٹر نے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ ان کی موت دل کا دورہ پڑنے کی وجہ سے ہوئی۔

ڈاکٹر نے بتایا ہے کہ ہم نے نانا پاٹیکر کی جان بچانے کے لیے تقریباً 45 منٹ تک مسلسل سی پی آر دیا لیکن ان کی حالت میں بہتری نہ آ سکی جس کے بعد انہیں صبح 5 بج کر 20 منٹ پر مردہ قرار دے دیا گیا۔

ڈاکٹر کے مطابق اداکار کی موت کے معاملے میں میڈیکو لیگل کیس بھی درج کر لیا گیا ہے اور اب پوسٹ مارٹم کیا جائے گا۔

نانا پاٹیکر کی موت کے حوالے سے ان کے اہلِ خانہ کی جانب سے بھی ابھی تک کوئی تفصیلی بیان سامنے نہیں آیا لیکن ان کے بیٹے ملہار پاٹیکر کے گوا روانہ ہونے کی اطلاع ملی ہے۔

وشواناتھ پاٹیکر کے نام سے یکم جنوری 1951ء کو پیدا ہونے والے نانا پاٹیکر نے 1978ء میں فلم ’گامن‘ سے ہندی سنیما میں قدم رکھا۔

انہوں نے ’پرندہ‘، ’کرانتی ویر‘، ’اگنی ساکشی‘، ’خاموشی: دی میوزیکل‘، ’اب تک چھپن‘ اور ’ویلکم‘ سمیت کئی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔

نانا پاٹیکر کو اپنے فلمی کیریئر میں 3 نیشنل فلم ایوارڈز اور متعدد دیگر اعزازات ملے، جبکہ 2013ء میں انہیں بھارتی حکومت کی جانب سے پدم شری ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید