• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کی جمہوریت پر جان لیوا وار ہوا ہے، راجا ناصر عباس

اپوزیشن لیڈر سینیٹ علامہ راجا ناصر عباس نے کہا ہے کہ پاکستان کی جمہوریت پر ایسا وار ہوا ہے جو جان لیوا ہے۔

اپوزیشن اتحاد تحریک تحفظ آئین پاکستان کی مرکزی قیادت کا اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا۔

اجلاس میں اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی، سینیٹر علامہ ناصر عباس، سلمان اکرم راجا، بیرسٹر گوہر، اخونزادہ حسین یوسفزئی و دیگر نے شرکت کی۔

اس موقع پر خیبر پختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ اور پی ٹی آئی لانگ مارچ کے حوالے سے مشاورت کی گئی، اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی نے ملک بھر سے اپوزیشن قیادت کو اسلام آباد بلالیا ہے۔

اجلاس سے قبل میڈیا سے گفتگو میں علامہ راجہ ناصر عباس کا کہنا تھا کہ پاکستان کی جمہوریت پر ایسا وار ہوا ہے جو جان لیوا ہے، وفاق کی سالمیت خطرے میں آگئی ہے، ہر شہری کو اس پر تشویش ہونی چاہیے۔

ترجمان اپوزیشن اتحاد اخونزادہ حسین یوسفزئی نے کہا کہ آج اپوزیشن ملکی سیاسی صورتحال کے حوالے سے حکمت عملی پر مشاورت کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ محمود اچکزئی کا شاہد خاقان عباسی، سردار اختر مینگل، صاحبزادہ حسن رضا اور زین شاہ سے رابطہ ہوا ہے اور اپوزیشن لیڈر نے انہیں اسلام آباد پہنچنےکی ہدایت کی ہے۔

ایک اور بیان میں اپوزیشن اتحاد کے رہنما مصطفیٰ نواز کھوکھر نے گورنر راج اور ایمرجنسی کی مذمت کی اور کہا کہ گورنر راج کا جواز دہشت گردی بیان کیا جارہا ہے لیکن اِس کے محرکات سیاسی ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ ایک صوبے کے عوام کو سیاسی آواز سے محروم کر دینا آگ سے کھیلنے کے مترادف ہے، سیاستدان جب بھی غیرجمہوری کھیل کاحصہ بنے تو تاریخ کے ہاتھوں رُسوا ہوئے۔

قومی خبریں سے مزید