• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ٹی آئی لانگ مارچ کا خالی کنٹینر مردان کے بس ٹرمینل میں اب تک موجود، رہنماؤں کی تصاویر ہٹا دی گئیں

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے  لانگ مارچ کا کنٹینر اب بھی مردان میں چمتار بس ٹرمینل پر موجود ہے۔ 

کنٹینر پر سے پی ٹی آئی رہنماؤں کی تصاویر ہٹا دی گئی ہیں، ہفتےکو لانگ مارچ کا آخری پڑاؤ مردان تھا۔

دوسری جانب کالج چوک پر پولیس کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔ ممکنہ احتجاج کے باعث سڑک کے کنارے ٹرک کھڑے کر دیے گئے ہیں۔

خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ کے بعد پشاور میں مسلسل دوسرے روز بھی مختلف راستے بند ہیں، جبکہ شہر کے ریڈ زون کو مکمل طور پر سیل کر دیا گیا ہے۔

پشاور کی مختلف سڑکوں پر کنٹینرز رکھ کر آمد و رفت محدود کر دی گئی ہے، جبکہ بی آر ٹی سروس بھی دوسرے روز بند ہے۔

شہر کے تمام سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں میں عام تعطیل ہے، تاہم سرکاری دفاتر کھلے ہیں، سڑکوں پر ٹریفک کا رش معمول سے کم ہے۔

پشاور میں ضلعی انتظامیہ نے7 دن کیلئے دفعہ 144 نافذکردی

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری حکم نامے کے مطابق دفعہ 144 کے تحت احتجاج ، دھرنوں اور ریلیوں پر پاپندی عائد کی گئی ہے۔

حکم نامے کے مطابق حساس تنصیبات اور اہم شاہراہوں کے آس پاس خطرہ موجود ہے، احتجاج یا جلوس شرپسند عناصر کے لیے آسان ہدف فراہم کر سکتا ہے، پانچ یا اس سے زیادہ افراد جمع ہونے پر پابندی عائد کی گئی ہے، اسلحےکی نمائش بھی ممنوع قرار دیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت اجلاس میں وفاقی کابینہ نے خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج لگانے کی منظوری دی تھی۔

اعلامیے میں کہا گیا  کہ خیبر پختونخوا میں آئین کے آرٹیکل 232 اور 234 دونوں کا نفاذ ہو گا، جس کے تحت گورنر راج اور ایمرجنسی لگائی گئی ہے۔

ایوانِ صدر سے جاری بیان کے مطابق صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے خیبر پختون خوا میں کی سلامتی کی صورتِ حال پر وزیرِ اعظم شہباز شریف کی ایڈوائس پر دستخط کیے۔

قومی خبریں سے مزید