• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈاکٹر صاحبہ ذرا بھابھی کو دیکھ لیں، ایک لڑکی 30-28 سالہ لڑکی کو سہارا دیتے ہوئے کمرے میں داخل ہوئی، مریضہ چھوٹے چھوٹے قدم اٹھاتے ہوئے، اس لڑکی کے سہارے چل رہی تھی، کیا ہوا ہے بیٹا؟ جی میں کل رات پانی کے کین کو اٹھاتے ہوئے ہلکاسا سلپ ہوگئی تھی، کمر میں جھٹکا سا لگا، جب سے کمر میں شدید درد ہے، سیدھا ہوکر چلا بھی نہیں جارہا۔

پہلے سے کوئی تکلیف تھی آپ کو؟ تکلیف تو نہیں تھی، آٹھ ماہ کا بچہ ہے، اُسے دودھ پلاتی ہوں، ڈیلیوری کے بعد سے کمر میں درد رہنے لگا ہے، مگر اس وقت ناقابل برداشت ہے، کمر ہمارے جسم کا ستون ہے، اگر یہ ستون درد کا شکار ہوجائے تو زندگی کے روزمرہ کے معمولات متاثر ہونے لگتے ہیں۔

کمر درد دنیا بھر میں پائی جانے والی عام صحت کی شکایات میں سے ایک ہے۔ کمر درد کو سمجھنا اور بروقت علاج کروانا صحت مند زندگی کی جانب اہم قدم ہے، یہ تکلیف کسی بھی عمر میں فرد کو متاثر کرسکتی ہے اور روزمرہ کے کام کاج اور معیار زندگی پر اثر انداز ہوسکتی ہے۔

……وجوہات……

کمر درد کی وجوہ پر نظر ڈالیں تو غلط انداز میں بیٹھنا اور زیادہ دیر تک ایک جگہ پر بیٹھے رہنا٭ جسمانی سرگرمی کی کمی ٭موٹاپا٭ بڑھتی عمر کے ساتھ ریڑھ کی ہڈی میں تبدیلیاں٭ ہڈیوں کی کمزوری اور بھربھراپن (Qsteopenia+osteoporosis) ٭ ڈسک کا سرک جانا( Disc Slip )ڈسک ریڑھ کی ہڈی کے مہروں کے درمیان موجود ایک نرم حصہ ہے جو جھٹکے کو برداشت کرتے ہیں٭ حمل کے دوران کمر پر اضافی بوجھ ٭ریڑھ کی ہڈی میں پیدائشی نقص ٭نسوں یا Nerves پر دباؤ یا سوزش۔

……علامات……

٭ کمر میں درد خصوصاً کمر کے نچلے حصے میں درد یا کھنچاؤ ٭ حرکت کرنے میں دشواری٭ دیر تک بیٹھنے ،کھڑے رہنے، جھکنے یا وزن اُٹھانے سے درد میں اضافہ٭ چلنے پھرنے اور جھکنے میں دشواری ٭ درد کا کولہے یا ٹانگ میں پھیلنا، جسے Sciatica یا عرق النساء بھی کہا جاتا ہے ٭ بعض اوقات ٹانگ کا سن ہونا، سوئیاں سی چبھنے جیسا احساس ٭ ٹانگ میں کمزوری کا احساس ٭ کھانسنے یا چھینکنے سے درد میں اضافہ۔

……علاج ……

اگر علاج کی بات کی جائے تو اس میں بالکل بھی تاخیر نہیں کرنی چاہیے۔٭ روزمرہ کے کاموں اور سرگرمیوں میں توازن٭ آرام ٭درد کم کرنے والی ادویات، ڈاکٹر سے مشورہ کے بعد، کیوںکہ کچھ دافع درد ادویات ہمارے گُردوں کو نقصان بھی پہنچا سکتی ہیں٭ گرم یا ٹھنڈی پٹیوں کا استعمال ، بوتل کا استعمال٭ فزیو تھراپی اور کمر کے پٹھوں کو مضبوط کرنے والی مخصوص ورزشیں٭ ڈاکٹر کی ہدایت کے مطابق بیلٹ یا Back Support کا استعمال ٭وزن کو کنٹرول رکھنا اور صحت مند طرزِ زندگی اپنانا ٭شدید یا مسلسل درد کی صورت میں طبی معائنہ کروانا۔

…… احتیاطی تدابیر……

چند احتیاطی تدابیر سے کمر کے درد سے بچاؤ ممکن ہے۔ سیدھے انداز میں بیٹھنے اور چلنے کی عادات اپنائیں، یعنی کمر کی ہڈی کو سیدھا رکھیں، جھک کر بیٹھنا اور چلنا تکلیف کا سبب بن سکتا ہے٭بھاری اشیاء اُٹھاتے وقت نہ گھٹنوں کو موڑیں اور نہ ہی کمر پر دباؤ ڈالیں٭ روزانہ ہلکی پھلکی ورزش کریں اور چہل قدمی کریں٭وزن کو بڑھنے نہ دیں ،مناسب وزن برقرار رکھیں٭آرام دہ بستر اور درست نشست کا استعمال کریں، بہت زیادہ نرم اور لچکدار گدا بھی تکلیف میں اضافے کا سبب بن سکتا ہے٭زیادہ دیر تک ایک ہی حالت میں بیٹھنے یا کھڑے رہنے سے گریز کریں٭کام کے دوران وقفے وقفے سے جسم کو حرکت دیں، کمر درد کی اکثر وجوہات قابلِ علاج ہوتی ہیں، لیکن اگر درد کے ساتھ ٹانگوں میں کمزوری یا بخار جیسی علامات ہوں یا پیشاب پر کنٹرول میں کمی ہو تو فوراً ڈاکٹر سے رجوع کریں، تاکہ طبی معائنہ اور ضروری ٹیسٹ کروائے جاسکیں، جیسے خون کا ٹیسٹ، جس میں CRP- CSR- CBC وٹامن ڈی اور کیلشیم وغیرہ شامل ہیں۔

ایکسرے اور MRI، کمر درد سے بچاؤ میں غذا کا بھی اہم کردار ہے، کیوںکہ مضبوط ہڈیاں متناسب وزن درد سے محفوظ زندگی کی طرف پہلا قدم ہے، کمر کی صحت کا تعلق درست نشست ورزش اور مناسب احتیاط کے ساتھ ساتھ متوازن غذا سے بھی ہے، ہڈیوں، پٹھوں اور ریڑھ کی ہڈی کو مضبوط رکھنے کے لیے کیلشیم وٹامن ڈی پروٹین اوردیگر غذائی اجزاء کی مناسب مقدار ضروری ہے، اسی طرح وزن کو قابو میں رکھنے کے لیے متوازن غذا بھی ضروری ہے، کیوں کہ اضافی وزن کمر اور ریڑھ کی ہڈی پر دباؤ بڑھا سکتا ہے۔ ہڈیوں اور پٹھوں کی مضبوطی کے لیے مفید غذاؤں میں دودھ، دہی اور پنیر کا استعمال زیادہ سے زیادہ کریں، ان سے کیلشیم حاصل ہوتا ہے جو ہڈیوں کو مضبوطی دیتے ہیں۔

انڈے، دالیں، چنے ہمیں پروٹین فراہم کرتے ہیں، جو پٹھوں کی تعمیر اور مرمت کے لیے ضروری ہے، سبز پتوں والی سبزیاں جیسے پالک اور ساگ اہم معدنیات فراہم کرتی ہیں، مچھلی، انڈا، دودھ، وٹامن ڈی سے بھرپور غذائیں ہیں، وٹامن ڈی جسم میں کیلشیم کو جذب کرنے میں بھی مدد دیتا ہے۔

خشک میوجات میں بھی مفید چکنائی اور معدنیات ہوتی ہیں، جو ہڈیوں اور پٹھوں کی صحت کو بہتر بناتی ہیں، بہت سے لوگ کیلشیم اور وٹامن ڈی کا بے دریغ استعمال کرتے ہیں، لیکن یہ بھی یاد رکھنا چاہیے کہ صرف کیلشیم یا وٹامن ڈی ہر قسم کے درد کا علاج نہیں ہیں، اگر ان اجزا ءکی کمی ہو تو ڈاکٹر کے مشورے سے استعمال کرنا چاہیے، مسلسل درد اور ہڈیوں کی کمزوری یا معمولی چوٹ پر فریکچر کی صورت میں مکمل طبی معائنہ بہت ضروری ہے۔

صحت سے مزید