ترجمہ و تلخیص: ڈاکٹر سکندر اقبال
اِن دنوں سوشل میڈیا پر ایک ٹرینڈ خاصا مقبول ہو رہا ہے، جس میں ذیابطیس کے مریضوں کو ’’علاج بالغذا‘‘ کی طرف مائل کر کے ’’زیرو میڈیسن‘‘ کا مُژدہ سُنایا جا رہا ہے اور بے شمار افراد اس طرف راغب بھی ہو رہے ہیں، لیکن حقیقت یہ ہے کہ صرف خوراک کے ذریعے ذیابطیس کا مکمل علاج ممکن نہیں، البتہ متناسب، متوازن غذا سے بلڈ شوگر لیول کنٹرول میں رکھا اور ٹائپ2ذیابطیس کے اثرات کو بہتر بنایا جاسکتا ہے۔
اِسی حوالےسے ہم نےعالمی شہرت یافتہ انٹروینشنل کارڈیالوجسٹ، دنیا بھر میں دل کے پیچیدہ امراض کے غیر سرجیکل علاج، کارڈیالوجی کےشعبےمیں اہم ایجادات کے سبب جانے مانے، کلینیکل پروفیسر آف میڈیسن، ڈائریکٹر، جارج واشنگٹن یونی ورسٹی، امریکا، ڈاکٹر فیاض شال (Dr. Fayaz Shawl) کے حال ہی میں ’’ٹائمز میگزین‘‘ میں شایع ہونے والے ایک تحقیقی مضمون کا، قارئین کے لیے بطورِ خاص ڈاکٹر سکندر اقبال (پبلک ہیلتھ اسپیشلسٹ اور چیف میڈیکل آفیسر شعبۂ صحت، سندھ) سےتلخیص و ترجمہ کروایا ہے۔ اُمید ہے، پاکستان میں ذیابطیس کی شرح میں تشویش ناک اضافے کے تناظر میں، قارئینِ کرام کی ایک بڑی تعداد اِس سے بھرپور مستفید ہوگی۔
( ایڈیٹر، سنڈے میگزین)
صرف خوراک میں تبدیلی کی وجہ سے ذیابطیس کی ادویہ بند کرنا قطعاً درست نہیں، کیوں کہ اس مرض پر قابو پانے کے لیے متوازن غذا، جسمانی سرگرمی، ادویہ اور باقاعدہ طبّی نگرانی، سب اپنی اپنی جگہ اہم ہیں۔ بلاشبہ کھانے کی ترتیب ذیابطیس کے مرض پر قابو پانے میں مددگار ثابت ہوسکتی ہے، لیکن یہ علاج، ادویہ یا ڈاکٹر کی ہدایات کا متبادل نہیں۔
ہم روزمرّہ زندگی میں جو کچھ کھاتے ہیں، اُس میں روٹی، چاول، آلو، پاستا اور دیگر نشاستے دار غذائیں نمایاں مقام رکھتی ہیں، خصوصاً ہمارے یہاں ناشتے سے لے کر رات کے کھانے تک روٹی اور چاول کا استعمال غذائی عادات کا بنیادی حصّہ ہے۔
تاہم، ذیابطیس کے مریضوں کے لیے صرف یہ جاننا کافی نہیں کہ کیا کھانا ہے اور کتنا کھانا ہے، بلکہ یہ بھی اہم ہے کہ کھانے کا آغاز کس چیز سے کیا جائے اور نشاستے دارغذائیں کس مرحلے پر کھائی جائیں۔ مقصد پسندیدہ کھانوں کو مکمل طور پر ترک کرنا نہیں، بلکہ اُن کی مقدار، انتخاب اور ترتیب کو اس انداز میں بہتر بنانا ہے کہ صحت پر مثبت اثرات مرتب ہوں۔
کھانے کی ترتیب کیسے مددگار ثابت ہوتی ہے؟ کھانے کی ترتیب ذیابطیس کے مرض پر قابو پانے میں مددگار ثابت ہوسکتی ہے، لیکن یہ علاج، ادویہ یا ڈاکٹر کی ہدایات کا متبادل نہیں۔ ہاضمے کےدوران روٹی، چاول، آلو اور پاستا میں موجود نشاستہ گلوکوز میں تبدیل ہوتا ہے، جو خون میں شامل ہو کر جسم کو توانائی فراہم کرتا ہے۔
چوں کہ ذیابطیس کے مریضوں میں انسولین کی پیداوار یا اس کےمؤثر استعمال میں خرابی کے باعث خون میں گلوکوز کی سطح معمول سے زیادہ بڑھ سکتی ہے، تو ایک ہی وقت میں کاربوہائیڈریٹس کی بڑی مقدار استعمال کی جائے تو کھانے کے بعد خون میں شکر تیزی سے بڑھنے کا امکان زیادہ ہوسکتا ہے۔
بعض طبّی مطالعات سے معلوم ہوا ہے کہ نشاستے دار غذا سے پہلے سبزیاں اور پروٹین والی غذائیں کھانے سے ٹائپ ٹو ذیابطیس کے مریضوں میں کھانے کے بعد خون میں گلوکوز کے فوری اضافے کو کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔ تاہم، یہ سمجھنا ضروری ہے کہ اس حکمتِ عملی کے حق میں شواہد زیادہ تر قلیل مدتی گلوکوز ردِعمل سے متعلق ہیں۔
ابھی یہ ثابت نہیں ہوا کہ صرف کھانے کی ترتیب تبدیل کرنے سے طویل مدّت تک ذیابطیس کی پیچیدگیوں سے یقینی طور پر بچا جا سکتا ہے۔ غذائیں ہاضمے کے دوران ایک دوسرے پر اثر انداز ہوتی ہیں۔ سبزیوں میں موجود غذائی ریشہ (Dietary Fibre)، پروٹین اور چکنائی، معدے سے غذا کے اخراج اور گلوکوز کے خون میں جذب ہونے کی رفتار متاثر کر سکتے ہیں۔ لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ سبزیاں یا پروٹین کھانے کے بعد روٹی، چاول یا آلو کی بڑی مقدار بےضرر ہوجاتی ہے۔ مقدار میں اعتدال بہرحال ضروری ہے۔
شوگر بڑھنے کی ابتدائی کیفیت (Prediabetes) کے شکار جنوب ایشیائی افراد پر ایک مطالعے میں کھانے سے 30 منٹ پہلے 20 گرام بادام / اخروٹ کھانے کے ممکنہ فوائد سامنے آئے۔ تاہم، بادام اور اخروٹ کےامتزاج یا کھانے سے 20 منٹ پہلے استعمال کو ثابت شدہ علاج قرار نہیں دیا جاسکتا۔ کچھ افراد مسلسل گلوکوز مانیٹرنگ کے ذریعے خون میں شکر کی تبدیلیوں کا جائزہ لیتے اور محسوس کرتے ہیں کہ گِری دار میوے گلوکوز میں اضافے کی شدت کم کرسکتے ہیں، لیکن ذاتی مشاہدات سائنسی تحقیق کا متبادل نہیں، کیوں کہ کھانے کی مقدار، غذا کی نوعیت اور جسمانی سرگرمی بھی نتائج پر اثر انداز ہوتی ہیں۔
گِری دار میووں کو روزانہ کی خوراک میں شامل کرتے وقت ان کی کیلوریز کا خیال رکھنا چاہیے۔ انہیں اضافی خوراک کے بجائے زیادہ کیلوریز والی کسی دوسری چیز کی جگہ استعمال کرنا بہتر ہے۔ البتہ الرجی کی شکایت رکھنے والے افراد ان سے مکمل پرہیز کریں۔ پانی پینا، جسم میں پانی کی مناسب مقدار برقرار رکھنے کے لیے مفید ہے، لیکن اس کے بھی مضبوط شواہد نہیں کہ کھانے سے پہلے پانی پینے سے گِری دار میووں کے ذریعے خون میں گلوکوز کا اضافہ مزید کم ہوتا ہے۔
سبزیوں سے کھانے کا آغاز کریں: کھانے کی ترتیب بہتر بنانے کا ایک آسان طریقہ یہ ہے کہ سب سے پہلے سبزیوں کو جگہ دی جائے۔ سبز سلاد، کھیرا، ٹماٹر، پالک، بھنڈی، پھول گوبھی، بروکلی، ہری پھلیاں یا دوسری غیر نشاستے دار سبزیاں اس مقصد کے لیے موزوں ہیں۔ سبزیوں کو کچا کھانا ضروری نہیں۔ ابلی ہوئی، بھاپ میں پکی ہوئی یا مناسب مقدار میں تیل کے ساتھ تیار کی گئی سبزیاں بھی فائدہ مند ہیں۔ سبزیوں میں موجود غذائی ریشہ پیٹ بھرنے میں مدد دیتا ہے اور مجموعی خوراک کا معیاربہتر بناتا ہے۔
اگر کھانے کے آغاز میں سبزیوں کی مناسب مقدار استعمال کی جائے تو ممکن ہے کہ بعد میں روٹی، چاول یا دوسری زیادہ توانائی والی غذاؤں کی مقدار خودبخود کم ہو جائے۔ تاہم، سبزیوں کو زیادہ نمک، گھی یا چکنائی میں تیار کرنے سے ان کے مجموعی غذائی فوائد متاثر ہوسکتے ہیں، اس لیے تیاری میں اعتدال ضروری ہے۔
بعض افراد سبزیوں کے ساتھ سادہ، بغیر چینی والا دہی بھی استعمال کرتے ہیں۔ اسے سلاد کے ساتھ تھوڑی مقدار میں کھایا جا سکتا ہے یا دہی سے تیارشدہ چٹنی کی صُورت استعمال کیا جا سکتا ہے۔ یونانی دہی میں عام دہی کے مقابلے میں عموماً زیادہ پروٹین ہوتا ہے، کیوں کہ اُسے چھان کر تیار کیا جاتا ہے۔
یہ پیٹ بھرنے میں مدد دے سکتا ہے، لیکن سبزیوں اور دہی کے اس مخصوص امتزاج کو خون میں شکر کم کرنے کے ثابت شدہ علاج کے طور پر پیش کرنے کے لیے مزید تحقیق درکار ہے۔ ذائقے دار، میٹھے یا پھلوں والے دہی کے بجائے سادہ دہی منتخب کرنا بہتر ہے، کیوں کہ اضافی چینی گلوکوز کی سطح پر اثر انداز ہو سکتی ہے۔
پروٹین اور دالوں کو غذا میں مناسب جگہ دیں: سبزیوں کے بعد ُمرغی، مچھلی، انڈے، چھوٹے گوشت، دالوں اور پھلیوں پر مشتمل غذائیں کھائی جا سکتی ہیں۔ پاکستان میں دالیں، چنے، لوبیا اور دیگر پھلیاں پروٹین اور ریشے کے اہم ذرائع ہیں اور عام طور پر نسبتاً کم خرچ بھی ہیں۔ ان کا استعمال متوازن غذا کے لیے مفید ہے۔ پروٹین والی غذائیں پیٹ بھرنے میں مدد دیتی ہیں اور جب انہیں نشاستے دار غذاؤں سے پہلے کھایا جائے تو بعض افراد میں کھانے کے بعد گلوکوز کے فوری اضافے کو کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔
تاہم، ہر غذا کا اثر اس کی مقدار، تیاری اور فرد کی طبّی کیفیت کے مطابق مختلف ہو سکتا ہے۔ یہ بات بھی اہم ہے کہ دالوں اور پھلیوں میں پروٹین اور ریشے کے ساتھ کاربو ہائیڈریٹس بھی موجود ہوتے ہیں۔ اِسی طرح دودھ اور دہی میں قدرتی دودھ کی شکر پائی جاتی ہے۔ اس لیے کسی غذا کو مکمل طور پر گلوکوز پر غیر مؤثر نہیں سمجھنا چاہیے۔ تلی ہوئی مرغی، زیادہ چکنائی والے گوشت، کریمی سوس اور ضرورت سے زیادہ گھی یا تیل میں تیار کردہ کھانوں کو محدود رکھنا بہتر ہے۔
روٹی، چاول، آلو کا استعمال مناسب مقدار میں کریں: سبزیوں اورپروٹین والی غذا کے بعد روٹی، چاول یا آلو کی مناسب مقدار استعمال کی جا سکتی ہے۔ بہتر انتخاب میں ثابت اناج کی روٹی، کم پراسیس شدہ اناج اور مناسب مقدار میں تیار کیے گئے دوسرے نشاستے دار کھانے شامل ہیں۔ تاہم، ثابت اناج کی روٹی اور براؤن رائس میں بھی کاربوہائیڈریٹس موجود ہوتے ہیں۔ ان کا نسبتاً بہترغذائی معیار انہیں لامحدود مقدار میں کھانے کی اجازت نہیں دیتا۔
واضح رہے، ہر فرد کے لیےکاربوہائیڈریٹس کی مناسب مقداریک ساں نہیں ہوتی۔ اس کا انحصار جسمانی سرگرمی، وزن، ادویہ، خون میں گلوکوزکی سطح،گردوں کی صحت اور مجموعی غذائی ضروریات پر ہوتا ہے۔ اس لیے بہتر ہے کہ روٹی اور چاول کی مقدار اپنے ڈاکٹر یا مستند ماہرِ غذائیت کے مشورے سے طے کی جائے۔
کھانے کی ترتیب کو سخت رسم یا پیچیدہ اصول بنانے کی ضرورت نہیں۔ مقصد یہ ہے کہ پلیٹ میں سبزیوں اور پروٹین کو مناسب جگہ دی جائے، نشاستے دار غذا کی مقدار پر توجّہ رکھی جائے اور ایسے طریقے اختیار کیے جائیں، جنہیں روزمرّہ زندگی میں برقرار رکھنا ممکن ہو۔
چاول کے استعمال کا صحیح طریقہ: چاول ہماری روزمرّہ خوراک کا اہم حصّہ ہیں، لیکن سفید چاول کی بڑی مقدار بعض افراد میں، تیزی سے خون میں گلوکوز بڑھا سکتی ہے۔ کچھ تحقیقات سے معلوم ہوا ہےکہ پکے ہوئے چاولوں کو ٹھنڈا کرکے فریج میں رکھنے سے ان کے نشاستے کا ایک حصہ مزاحم نشاستے (Resistant Starch) میں تبدیل ہوسکتا ہے، جسے جسم نسبتاً کم آسانی سے ہضم کرتا ہے۔
اس وجہ سے بعض صُورتوں میں دوبارہ گرم کیےگئے چاول، کھانے کے بعد گلوکوز میں نسبتاً کم اضافہ پیدا کر سکتے ہیں۔ ایک طبی مطالعے میں سفید چاولوں کو تقریباً4 ڈگری سینٹی گریڈ پر 24 گھنٹے رکھنے اور بعد میں دوبارہ گرم کرنے کے بعد کھانے کے بعد گلوکوز کے ردِعمل میں کمی دیکھی گئی۔ آلو اور پاستا کو ٹھنڈا کرنے سے بھی نشاستے کی ساخت میں کچھ تبدیلیاں آ سکتی ہیں۔
تاہم، شواہد محدود ہیں اور نتائج ہر فرد، ہر قسم کے چاول یا ہر طریقۂ تیاری میں یک ساں نہیں ہوتے۔ یہ طریقہ کاربوہائیڈریٹس کو ختم نہیں کرتا اور نہ ہی بڑی مقدار میں چاول کھانے کو بےضرر بناتا ہے۔ بنیادی اہمیت اب بھی مقدار میں اعتدال، سبزیوں اور پروٹین کے بعد چاول کھانے اور جہاں ممکن ہو، اپنے گلوکوز کے ردعمل کا جائزہ لینے کی ہے۔ نیز، چاول محفوظ رکھنے میں احتیاط بھی ضروری ہے۔
پکے ہوئے چاولوں کو زیادہ دیر کمرے کے درجۂ حرارت پر نہیں چھوڑنا چاہیے۔ انہیں نسبتاً کم گہرے برتن میں ڈال کر دو گھنٹے کے اندر فریج میں رکھیں، جہاں درجۂ حرارت تقریباً 4 ڈگری سینٹی گریڈ یا اس سے کم ہو۔ دوبارہ گرم کرتے وقت انہیں ہر طرف سے اچھی طرح گرم کریں، یہاں تک کہ ان میں سے بھاپ نکلنے لگے۔ دوبارہ گرم کرنے کے لیے تقریباً 74 ڈگری سینٹی گریڈ درجۂ حرارت کا ہدف رکھا جا سکتا ہے۔ گرم کرنے کے بعد انہیں فوراً استعمال کریں۔ اگر چاول دو گھنٹے سے زیادہ کمرے کے درجۂ حرارت پر پڑے رہیں، تو انہیں ضائع کرنا زیادہ محفوظ ہے۔
روزمرّہ کھانوں کی ترتیب اور انتخاب : اگر رات کے کھانے میں چکن، سلاد، ہری پھلیاں اور آلو موجود ہوں تو پہلےسلاد اور ہری پھلیاں کھائی جا سکتی ہیں، پھر چکن اور اس کے بعد آلو کی مناسب مقدار استعمال کی جا سکتی ہے۔ اسی طرح اگر کھانے میں گوشت کے کوفتے یا کوئی اور ایسی ہی عذا ہو تو پہلے سلاد یا سبزیوں سے آغاز کیا جائے، پھر کوفتے کھائے جائیں۔
اِسی طرح روٹی، سالن اور سلاد میں سے پہلے سلاد یا سبزی، پھر دال، مرغی، مچھلی یا مناسب پروٹین والا سالن اور اس کے بعد روٹی کی طے شدہ مقدار استعمال کی جا سکتی ہے۔ چاول اور دال کے کھانے میں بھی سبزی یا سلاد کو پہلے جگہ دینا مفید ثابت ہوسکتا ہے۔ مقصد کسی مانوس کھانے کو ممنوع قرار دینا نہیں، بلکہ مجموعی خوراک کو متوازن بنانا ہے۔
ناشتے کی ترتیب، انتخاب، کافی اور مشروبات پر خصوصی توجہ: ناشتا، دن کے اہم کھانوں میں شامل ہے، لیکن عموماً ناشتے میں سفید ڈبل روٹی، پراٹھے، نان، بیکری مصنوعات، بسکٹس اور چینی والے مشروبات کی مقدار زیادہ ہوتی ہے۔ ان میں استعمال ہونے والا آٹا، چکنائی، چینی، ریشہ اور حصّے کا سائز ان کے اثرات بدل سکتا ہے۔
سفید آٹے سے بنی روٹیوں اور بیکری مصنوعات میں ریشہ کم ہونے کے باعث نشاستہ تیزی سے ہضم ہوتا ہے اور گلوکوز تیزی سے بڑھ سکتا ہے۔ کسی روٹی پر بیج لگے ہونے یا اسے ملٹی گرین کہنے سے یہ ضروری نہیں کہ اس میں کاربوہائیڈریٹس کم ہوں، اس لیے اجزا، غذائی لیبل اور مقدار پر توجہ دینا زیادہ اہم ہے۔ سفید ڈبل روٹی کے دو یا تین سلائسز بھی خون میں شکر پر نمایاں اثر ڈال سکتے ہیں۔
ان غذاؤں کے متبادل کے طور پر ایسی ثابت اناج کی روٹی منتخب کرنا بہتر ہے، جس میں فی سلائس کم ازکم تین گرام ریشہ موجود ہو۔ مکھن سے بنی تہہ دار پیسٹریز، میٹھے رولز، کریم والے کیک اور بسکٹس روزانہ کے بجائےکبھی کبھار اور محدود مقدار میں استعمال کرنا زیادہ مناسب ہے۔ پاکستان میں ناشتے کے وقت پراٹھے، نان، حلوا پوری اور میٹھی چائے بھی عام ہیں۔ ذیابطیس کے مریضوں کے لیے ان غذاؤں کی مقدار اور تکرار پر توجّہ دینا ضروری ہے۔ ہر مریض کے لیے ہر روٹی ممنوع نہیں، بلکہ انتخاب اور مقدار کو فرد کی طبّی کیفیت کے مطابق طے کرنا چاہیے۔
سادہ چائے اور بغیر چینی کی کافی، عموماً بنیادی مسئلہ نہیں ہوتیں، لیکن ان میں چینی، میٹھے کریمر کے استعمال یا شربت شامل کرنے سے گلوکوز پر اثر بڑھ سکتا ہے۔ اِسی طرح میٹھی چائے، کافی اور دیگر میٹھے مشروبات میں چینی کی مقدار خاصی زیادہ ہوسکتی ہے۔ روٹی کے ساتھ جام، شہد یا میٹھی چٹنیاں استعمال کرنے سے بھی کاربوہائیڈریٹس کی مجموعی مقدار بڑھ جاتی ہے۔ یہ یاد رکھنا ضروری ہےکہ شہد قدرتی غذا ہونےکے باوجود خون میں گلوکوز بڑھا سکتا ہے۔
گلوکوز کی سطح بہتر ہونےکے بعد کھانے کی ترتیب اور انتخاب: جب خون میں گلوکوز بہتر طور پر قابو میں ہو تو بعض افراد اپنے غذائی منصوبے کے مطابق محدود مقدار میں پہلے سے پسندیدہ روٹی یا بیکری مصنوعات شامل کرسکتے ہیں۔ بہتر ہے کہ ناشتے کا آغاز انڈے، سبزیوں کے آملیٹ یا کسی دوسرے مناسب پروٹین والے کھانے سے کیا جائے۔
اس کے بعد ضرورت اور طبی منصوبے کے مطابق ثابت اناج کی روٹی کا ایک چھوٹا حصّہ استعمال کیا جا سکتا ہے۔ ایک ہی کھانے میں کئی نشاستے دار اشیاء، مثلاً پراٹھے کے ساتھ آلو یا سفید روٹی کے ساتھ میٹھے بسکٹ، ایک ساتھ لینے سےگریز کرنا بہتر ہے۔ جام، شہد، شربت اور دیگر میٹھی اشیاء کی مقدار بھی محدود رکھنی چاہیے۔
اگر گلوکومیٹر دست یاب ہو تو کھانے سے پہلے اور کھانے کے بعد کی ریڈنگز کا جائزہ لے کر یہ سمجھنے میں مدد مل سکتی ہے کہ کون سی غذا اور کتنی مقدار آپ کے لیے موزوں ہے۔ چکنائی زیادہ ہونے کی صُورت میں گلوکوز میں اضافہ تاخیر سے بھی ہوسکتا ہے، اس لیے صرف ایک ابتدائی ریڈنگ کو حتمی نتیجہ نہیں سمجھنا چاہیے۔ اگر طبّی طور پر مناسب ہو تو کھانے کے بعد ہلکی چہل قدمی بھی مفید ثابت ہو سکتی ہے۔ تاہم، چہل قدمی بڑے حصّے یا غیر متوازن غذا کے اثرات کو مکمل طور پر ختم نہیں کرتی۔
ایک متوازن ناشتا کیسا ہوناچاہیے: ایک عملی ناشتے میں انڈے یا کسی دوسرے مناسب پروٹین کے ساتھ سبزیوں کو شامل کیا جا سکتا ہے۔ اگر پسند ہو تو سادہ، بغیر چینی والا دہی بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔ اس کے بعد طبی کیفیت اور گلوکوز کے ردِعمل کے مطابق ثابت اناج کی روٹی کا ایک چھوٹا حصّہ اور بغیر چینی کی چائے یا کافی لی جا سکتی ہے۔ اصل مقصد پیٹ بھرنے کے لیے بار بار روٹی کھانے کے بجائے ایک ایسا ناشتا کرنا ہے، جس میں پروٹین، ریشہ اور کاربوہائیڈریٹس کی مقدار متوازن ہو۔
تقریبات، دعوتوں میں کھانے کا انتخاب کیسےکیا جائے: شادیوں، دعوتوں اور دیگر تقریبات میں عموماً ایک ہی وقت میں کئی اقسام کے کھانے دست یاب ہوتے ہیں۔ بریانی، پلاؤ، نان، روٹی، آلو، میٹھے پکوان اور میٹھے مشروبات اکثر پلیٹ میں اکٹھے ہوجاتے ہیں۔ ایسے موقعوں پر کھانے کی ترتیب اور مقدار پر توجّہ دینا اشد ضروری ہے۔
سب سے پہلے دست یاب سلاد یا سادہ سبزیوں سےآغاز کیا جاسکتا ہے۔ اس کے بعد مرغی، مچھلی، گوشت یا کسی دوسرے مناسب پروٹین کی معتدل مقدار لی جائے، جب کہ چاول، روٹی یا آلو کو محدود حصّے میں رکھا جائے۔ اگر کئی نشاستے دار اشیاء موجود ہوں تو ہر چیز تھوڑی تھوڑی لینے کے بجائے ایک یا دو چیزوں کا انتخاب کرنا زیادہ بہترفیصلہ ہو سکتا ہے۔
یہاں ایک اہم بات سمجھنا ضروری ہےکہ ہر وہ غذا، جسے سبزی کہا جاتا ہے، لازماً کم کاربوہائیڈریٹ والی نہیں ہوتی۔ آلو، مکئی اورسبزیوں کے بعض میٹھے پکوان نشاستے کی نمایاں مقدار رکھتے ہیں۔ اسی طرح کریم، مکھن یا چینی سے تیار کردہ سبزیوں کے پکوانوں میں اضافی کیلوریز بھی ہو سکتی ہیں۔ اس لیے کھانے کے نام کے بجائے اس کے اجزاء اور مقدار دیکھنی چاہیے۔
دعوتوں میں تلی ہوئی اشیاء، بیکری کی اشیاء یا زیادہ چکنائی والے گوشت، کریم سے بنی غذاؤں اور بہت زیادہ میٹھے مشروبات کومحدود رکھنا لازم ہے۔ یاد رہے، کسی کھانے سے فوری طور پر گلوکوز میں کم اضافہ ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ وہ دل اور مجموعی صحت کے لیے بھی بہترین انتخاب ہے۔ زیادہ چکنائی والی غذائیں بعض اوقات گلوکوز میں تاخیر سے اضافے کا سبب بھی بن سکتی ہیں۔
اگر میٹھا کھانے کی خواہش ہو تو پورے بڑے حصّے کے بجائے ایک چھوٹی مقدار منتخب کی جا سکتی ہے، بشرطیکہ یہ آپ کے غذائی اور طبی منصوبے سے مطابقت رکھتی ہو۔ پانی یا بغیر چینی کے مشروبات کو ترجیح دینا بہتر ہے۔ میزبان بھی سلاد اور سبزیاں پہلے پیش کر کے، نشاستے دار کھانوں کے چھوٹے حصّے رکھ کر اور پانی کی دست یابی یقینی بنا کر ذیابطیس کے مریضوں کے لیے صحت مند انتخاب آسان بنا سکتے ہیں۔
ریستوران میں کھانے کا انتخاب:ریستورانوں میں کھانے کی مقدار گھر کےمقابلے میں زیادہ ہوتی ہے، جب کہ چکنائی، نمک اور چینی کی مقدار کا اندازہ لگانا بھی مشکل ہوسکتا ہے۔ ایسے میں مینیو دیکھنے سے پہلے یا آرڈر دیتے وقت ریستوران کی غذائی معلومات حاصل کرنا مفید ہے۔ جہاں معلومات دست یاب ہوں، وہاں کسی ڈش میں کاربو ہائیڈریٹس، کیلوریز اور چکنائی کی مقدار کا جائزہ لیا جا سکتا ہے۔
مصنوعی ذہانت (Artificial Intelligence) یا انٹرنیٹ سے بھی ابتدائی رہنمائی حاصل کی جاسکتی ہے۔ تاہم، مصنوعی ذہانت کی فراہم کردہ معلومات غلط یا نامکمل بھی ہوسکتی ہیں، جب کہ مینیو اور حصوں کے سائز بدلتے رہتے ہیں۔ اس لیے ایسی معلومات کو طبّی مشورے کا متبادل نہیں سمجھنا چاہیے۔ ویسے ریستوران میں بھی یہی اصول اپنایا جاسکتا ہے۔
پہلے سلاد یا سبزی، پھر پروٹین پر مبنی مرکزی غذا اور اُس کے بعد روٹی، چاول کی مناسب مقدار، اضافی روٹی سے گریز کرنا اور بڑے حصّے کا کچھ حصّہ گھر لے جانا بھی مددگار ہوسکتا ہے۔ مسلسل گلوکوز مانیٹر استعمال کرنے والے افراد اپنے ردعمل کو دیکھ کر بھی یہ جان سکتے ہیں کہ اُن کے لیے کون سے انتخاب زیادہ موزوں ہیں۔
کھانے کو متوازن بنائیں: ایک عمومی عملی اصول یہ ہے کہ پلیٹ کا تقریباً نصف حصّہ غیر نشاستے دارسبزیوں، ایک چوتھائی پروٹین والی غذا اور ایک چوتھائی کاربوہائیڈریٹس پر مشتمل ہو۔ یہ اصول ہر مریض کے لیے لازمی یا یک ساں نسخہ نہیں، بلکہ متوازن غذا کی منصوبہ بندی میں مدد دینے والا ایک عمومی طریقہ ہے۔ اگر دالیں یا لوبیا پروٹین کے طور پر استعمال کی جائیں، تو ان میں موجود کاربوہائیڈریٹس کو بھی مجموعی مقدار میں شمار کرنا چاہیے۔
کھانے کے بعد ہلکی جسمانی سرگرمی خون میں گلوکوز قابو میں رکھنے میں مدد دے سکتی ہے۔ اگر طبّی طور پر موزوں ہو تو کھانا ختم کرنے کے تقریباً 10 سے 15 منٹ کے اندر 10 سے 15 منٹ کی ہلکی چہل قدمی کی جا سکتی ہے۔ اس دوران فعال عضلات خون سے گلوکوز استعمال کرتے ہیں، جس سے کھانے کے بعد گلوکوز میں اضافے کو محدود کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔ لیکن یہ کوئی سخت وقت کی پابندی نہیں، چہل قدمی کی مدت اوررفتار اپنی جسمانی صلاحیت، آرام اور صحت کے مطابق رکھنی چاہیے۔ موسم یا حالات سازگار نہ ہوں تو گھر کے اندر چلنا بھی ایک عملی متبادل ہے۔
علاج، ہر مریض کی ضرورت کے مطابق ہونا چاہیے: ذیابطیس ایک ایسی بیماری ہے، جس میں علاج ہر فرد کی ضرورت کے مطابق ترتیب دینا ضروری ہے۔ کھانے کی ترتیب، حصّوں میں اعتدال، مناسب جسمانی سرگرمی اور متوازن غذا بیماری پر قابو پانےمیں مدد دے سکتے ہیں، لیکن ادویہ اور طبی نگرانی کی اہمیت اپنی جگہ برقرار رہتی ہے۔
خصوصاً وہ مریض جو انسولین یا خون میں گلوکوز کم کرنے والی بعض ادویہ، مثلاً گلیمپیرائڈ (Glimepiride) یا گلائپیزائڈ (Glipizide) استعمال کرتے ہیں، اگر اچانک روٹی، چاول یا دوسری کاربوہائیڈریٹ والی غذاؤں کی مقدار کم کر دیں، تو ان میں خون میں شکر خطرناک حد تک گرنے کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔ اس لیے خوراک میں بڑی تبدیلی کرنے سے پہلے اپنےمعالج سے مشورہ ازحد ضروری ہے۔
ادویہ کی مقدار خود سے تبدیل کرنا یا اُنہیں بند کرنا نقصان دہ ہو سکتا ہے۔ نیز، مریض کے اہلِ خانہ بھی صحت مند غذائی عادات اپنانے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ اگر گھر میں سبزیاں مناسب مقدار میں دست یاب ہوں، پروٹین والی غذاؤں کو اہمیت دی جائے اور روٹی یا چاول کے ابتدائی حصّے مناسب رکھے جائیں تو ذیابطیس کے مریض کے لیے متوازن غذائی عادات اختیار کرنا نسبتاً آسان ہوجاتا ہے۔
ذیابطیس پر قابو پانے کا راستہ کسی ایک غذا کو مکمل طور پر ترک کرنے یا کسی ایک طریقے کو یقینی علاج سمجھنے میں نہیں، بلکہ روزمرّہ کی چھوٹی مگر مستقل تبدیلیوں میں پوشیدہ ہے۔ سبزیوں سے آغاز، مناسب پروٹین کا استعمال، روٹی اور چاول کی مقدار میں اعتدال، باقاعدہ جسمانی سرگرمی، ادویہ کی پابندی اور طبّی نگرانی ایسے اقدامات ہیں، جنہیں زندگی کا حصہ بنایا جاسکتا ہے۔ کھانے کی ترتیب ایک مفید اضافی حکمتِ عملی ہے، لیکن اصل کام یابی اُسی وقت ممکن ہے، جب اسے متوازن غذا اور انفرادی طبّی علاج کے ساتھ اپنایا جائے۔