فریحہ تحریم
’’اسے بھی شوگر ہوگئی ہے۔‘‘ گھر میں کسی جاننے والے کا ذکر ہو رہا تھا۔ بات ابھی جاری ہی تھی کہ ابو نے کہا۔ ’’اب تو پچاس سال کی عمر کے بعد ہر دوسرا شخص یا تو ذیابطیس کا مریض ہے یا پھر بلڈ پریشر کا ۔‘‘ یوں تو یہ جملہ ایک عام سی گفتگو کا حصّہ تھا ، مگر ہمارے معاشرے میں اب ایسی باتیں بہت عام ہو چکی ہیں کہ کسی کے ذیابطیس میں مبتلا ہونے یا بلڈ پریشر بڑھنے کی شکایت سے متعلق سن کر کوئی حیرت کا اظہار نہیں کرتا۔
سوال یہ ہے کہ کیا ہم ان بیماریوں کو اپنی زندگی کا معمول سمجھنے لگے ہیں؟ذیابطیس، امراضِ قلب، سرطان اور گُردوں کی بیماریاں ’’Non Communicable Diseases‘‘ یعنی غیر متعدی بیماریاں کہلاتی ہیں۔ یہ بیماریاں ایک سے دوسرے فرد میں منتقل نہیں ہوتیں بلکہ مختلف عوامل، خصوصاً غیر صحت مند طرزِ زندگی، خراب غذائی عادات، جسمانی سرگرمیوں کی کمی اور دیگر خطرات کی وجہ سے پیدا ہو سکتی ہیں۔
پاکستان میں ہر سال غیر متعدی بیماریوں کا بوجھ بڑھتا جا رہا ہے۔ عالمی ادارۂ صحت (WHO) کی ایک رپورٹ کے مطابق پاکستان میں تقریباً 52.1 فی صد اموات غیر متعدی بیماریوں کے سبب ہورہی ہیں اور یہ اعداد و شمار صرف چند نمبرز کا مجموعہ نہیں بلکہ اس حقیقت کی نشان دہی کرتے ہیں کہ پاکستان ایک ایسے صحت کے بحران کا سامنا کر رہا ہے، جو خاموشی سے ہمارے گھروں، خاندانوں اور معاشرے کو متاثر کر رہا ہے اور اس بحران کی ایک اہم وجہ ہماری بدلتی ہوئی غذائی عادات ہی ہیں۔
دور ِحاضر کی تیز رفتار زندگی میں وقت کی کمی ایک حقیقت ہے کہ ملازمت، تعلیم، سفر اور روزمرہ مصروفیات کی بھاگ دوڑ نے ہمارے کھانے پینے کے انداز بھی بدل دیے ہیں۔ ایسی صورت میں تیار شدہ اور پروسیسڈ غذائیں بظاہر ایک آسان حل فراہم کرتی ہیں۔ بسکٹس، چپس، فاسٹ فوڈز، مشروبات اور دیگر الٹرا پروسیسڈ غذائیں ہماری روزمرہ زندگی میں اس قدر شامل ہو چکی ہیں کہ بعض اوقات ہمیں یہ احساس بھی نہیں ہوتا کہ ہم دن بھر میں کتنی اضافی چینی، نمک، چکنائی اور کیلوریز استعمال کر رہے ہیں، مگر یہ لازمی نہیں کہ ہر پروسیسڈ غذا نقصان دہ ہو۔
جدید زندگی میں فوڈ پراسیسنگ کی اپنی اہمیت ہے۔ خوراک کو محفوظ بنانا، مدتِ استعمال بڑھانا اور مصروف زندگی میں قابلِ رسائی بنانا ایک ضرورت بھی ہے۔ اصل مسئلہ اُس وقت پیدا ہوتا ہے، جب ایسی غذائیں، جن میں چینی، نمک یا غیر صحت بخش چکنائی کی مقدار زیادہ ہو اور وہ ہماری روزمّرہ خوراک کا بڑا حصہ بن جائیں۔ بچّوں اور نوجوانوں میں یہ رجحان مستقبل کے لیے خاص طور پر تشویش ناک ہے۔
آج کی غذائی عادات کل کی صحت کے نتائج تشکیل دیتی ہیں۔ موٹاپا، انسولین کے نظام میں خرابی، بلند فشارِ خون اور امراضِ قلب جیسے مسائل کا خطرہ غیر صحت بخش طرزِ زندگی کے ساتھ بڑھ سکتا ہے۔ صرف یہ کہنا کافی نہیں کہ عوام غیر صحت بخش غذائیں نہ کھائیں۔ یہ سوال بھی اہم ہے کہ جب مارکیٹ میں اس طرح کی غیر صحت بخش مصنوعات ہر جگہ آسانی سے دست یاب ہیں تو ایک عام صارف صحت بخش غذا کا انتخاب کیسے کرے؟
اس ضمن میں حکومت اور صنعتوں کی بھی کچھ ذمّے داری بنتی ہے۔ صارف کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ جو چیز خرید رہا ہے، اُس سے متعلق واضح معلومات رکھتا ہو۔ اسی لیے مصنوعات کی پیکیجنگ پر’’Front of Pack Warning Labels‘‘ کی اہمیت بڑھ جاتی ہے ۔ ہر شخص کے لیے یہ ممکن نہیں کہ وہ پیکٹ کے پیچھے موجود پیچیدہ غذائی جدول (Nutrition Facts) کو پڑھ کر یہ اندازہ لگائے کہ اس میں چینی، نمک اور چکنائی کتنی مقدار میں موجود ہے۔
اگر کسی مصنوعہ میں صحت کے لیے تشویش کا باعث بننے والے اجزاء کی مقدار زیادہ ہو تو پیکیج کے سامنے واضح اور نمایاں warning label صارف کو خریدنے سے روک سکتا ہے۔ اب تک دنیا کے تقریباً 44 ممالک میں مصنوعات کی پیکیجنگ پر سامنے کی جانب وارننگ لیبل لگانے کو صحتِ عامہ کی پالیسی کا حصّہ بنایا جا چکا ہے۔
مثال کے طو’ر ملک چلی‘ میں ایسی غذائی مصنوعات کی پیکیجنگ کے سامنے سیاہ رنگ کے آکٹاگون کی شکل میں واضح وارننگ دی جاتی ہے، جن میں چینی، سوڈیم، چکنائی یا کیلوریز کی مقدار مقررہ حد سے زیادہ ہو۔ اس طرح صارف کو خریداری سے پہلے ہی ایک نظر میں اندازہ ہو جاتا ہے کہ اس چیز میں کون سا جُزو زیادہ مقدار میں ہے۔ اسے سمجھنے کے لیے نہ پے چیدہ غذائی جدول پڑھنے کی ضرورت ہوتی ہے اور نہ ہی فوڈ سائنس کا ماہر ہونا ضروری ہے۔
اسی طرح برطانیہ میں غذائی مصنوعات کے لیے ٹریفک لائٹ سسٹم استعمال کیا جاتا ہے، جس میں اہم غذائی اجزاء کی مقدار کو سبز، زرد اور سرخ رنگوں کے ذریعے ظاہر کیا جاتا ہے۔ ایسے نظام اس امر کی واضح مثال ہیں کہ صحت بخش غذا کے انتخاب کی ذمّے داری صرف صارف کی نہیں بلکہ اسے واضح معلومات اور بہتر غذائی ماحول فراہم کرنا صنعتوں کی بھی ذمّے داری ہے۔
اسی طرح مشروبات پر مؤثر ٹیکس اورFederal Excise Dutyمیں اضافہ بھی صحتِ عامہ کے تناظر میں اہم سمجھا جاتا ہے۔ ایسی مصنوعات پر مؤثر ٹیکس کے نظام کا مقصد صرف حکومت کے لیے آمدنی پیدا کرنا نہیں بلکہ اس کا ایک مقصد ان کے ضرورت سے زیادہ استعمال کی حوصلہ شکنی اور لوگوں کو صحت بخش متبادل کی طرف راغب کرنا ہے۔
اس کے ساتھ ایک اور اہم پہلو یہ بھی ہے کہ اگر صحت سے متعلق ٹیکسز سے حاصل ہونے والی آمدنی کا ایک حصّہ غیر متعددی امراض کی روک تھام ،افراد کی بہتر نشوونما، اسکولز، کالجز اور یونیورسٹیز ہیلتھ پروگرامز اور عوامی آگاہی پر خرچ کیا جائے تو ایک ہی پالیسی کے ذریعے صحت کے کئی محاذوں پر کام کیا جا سکتا ہے۔
ہم اکثر صحت کے نظام کو بیماری کے علاج کے حوالے سے دیکھتے ہیں۔ کوئی شخص بیمار ہو تو اسپتال جائے، ڈاکٹر سے رجوع کرے اور علاج کروائے، لیکن NCDs کے معاملے میں ایک بنیادی سوال یہ ہے کہ ہم مرض لاحق ہونے کے بعد اُس کے علاج پر زیادہ توجّہ کیوں دیں، جب کہ بہت سے خطرات کو مرض لاحق ہونے سے پہلے کم کیا جا سکتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ امراض سے بچاؤ کو صحت کے نظام کا بنیادی حصّہ بنانا ضروری ہے۔
اگر لوگوں کو ابتدا ہی سے متوازن غذا، جسمانی سرگرمی، مناسب وزن، چینی اور نمک کا کم استعمال اور دیگر صحت بخش عادات سے متعلق آگاہ کیا جائے تو مستقبل میں بیماریوں کا بوجھ کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے، لیکن اس کا ہر گزیہ مطلب نہیں کہ علاج کی ضرورت ہی نہیں ہے، وہ اپنی جگہ نا گزیر ہے، کیوں کہ ایک صحت مند معاشرہ صرف اچھے اسپتال نہیں بناتا، وہ ایسے حالات بھی پیدا کرتا ہے، جہاں لوگوں کے بیمار ہونے کے امکانات کم سے کم ہوں۔
غیر متعدی بیماریوں کے خلاف پاکستان میں آگاہی اور پالیسی اصلاحات کے لیے مختلف حلقے اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔ مثلاً اس ضمن میں پاکستان نیشنل ہارٹ ایسوسی ایشن (PANAH) اہم کردار ادا کررہی ہے، جو طویل عرصے سے امراضِ قلب اور ان سے وابستہ خطرات کے حوالے سے آگاہی اور صحت دوست پالیسیوں کے لیے آواز اُٹھارہی ہے۔ اس ایسوسی ایشن کا ایک اہم پہلو یہ بھی ہے کہ وہ صحت کے مسائل کو صرف فرد کی ذمّے داری نہیں سمجھتی بلکہ صحت دوست پالیسی سازی پر بھی زور دیتی ہے۔
خاص طور پر چینی سے بھرپور مشروبات اور غیر صحت بخش غذاؤں کا استعمال کم کرنے کے لیے ٹیکسز، Front of Pack Warning Labels اور دیگر شواہد پر مبنی اقدامات کے حق میں آواز اٹھاتی رہتی ہے۔ نیز، اس کی جدوجہد محض امراض ِقلب کے مریضوں تک محدود نہیں بلکہ اس کا وسیع تر مقصد ایک ایسا معاشرہ تشکیل دینا ہے، جہاں لوگوں کو صحت مند زندگی گزارنے کے لیے علم، سہولت اور سازگار ماحول میسر ہو۔
بہر کیف، غیر متعدی بیماریوں کے خلاف فرد کو ذمّے دار بنانے کے ساتھ ساتھ ایسا ماحول بھی تشکیل دینا ہوگا، جہاں صحت بخش انتخاب آسان ہو، صارف کو مکمل معلومات حاصل ہوں اور بیماری کے علاج کے ساتھ اس کی روک تھام کو بھی ترجیح دی جائے۔
آج ایک نوجوان اگر غذائی لیبل پڑھنا سیکھتا ہے، اپنے خاندان کو صحت بخش غذا کے انتخاب کی طرف متوجّہ کرتا ہے اور معاشرے میں صحت کے لیے آواز اُٹھاتا ہے تو بظاہر یہ ایک چھوٹا قدم ہے، لیکن اجتماعی سطح پر یہی چھوٹے چھوٹے قدم ایک بڑی تبدیلی کی بنیاد بن سکتے ہیں۔
سوال صرف یہ نہیں کہ ہم بیمار ہونے کے بعد کتنا اچھا علاج فراہم کر سکتے ہیں۔ اصل سوال یہ ہے کہ ہم ایسی نسل اور ایسا معاشرہ کب بنائیں گے، جہاں بیماری کو پیدا ہونے سے پہلے روکنے کی کوشش کی جائے۔ بلاشبہ ،صحت مند پاکستان غذائی انتخاب، مؤثر پالیسی، عوامی شعور اور باشعور نوجوانوں ہی سے بن سکتا ہے۔
(مضمون نگار،جامعہ کراچی میں ،شعبہ ’’فوڈ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی‘‘ کی طالبہ ہیں)