• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہر سال دنیا بھر میں یکم دسمبر کو ایڈز کے انسداد کا عالمی یوم (World AIDS Day) منایا جاتا ہے، جس کا مقصد ایچ آئی وی(HIV) سے متعلق آگاہی، متاثرہ افراد سے یک جہتی اور بیماری کے خاتمے کی کوششیں اُجاگر کرنا ہے۔ اقوامِ متحدہ کے ادارے یو این ایڈز (UNAIDS) نے اس دن کے لیے 2026ء کا موضوع ’’Ending AIDS starts with access‘‘ مقرر کیا ہے، یعنی ’’ایڈز کا خاتمہ، سہولیات تک رسائی سے شروع ہوتا ہے۔‘‘

یہ موضوع اس حقیقت کی نشان دہی کرتا ہے کہ مؤثر تشخیص، علاج، حفاظتی سہولیات اور امتیاز سے پاک طبّی خدمات تک ہر فرد کی رسائی ہی اس مرض پر قابو پانے کی بنیادی شرط ہے۔ ایچ آئی وی ایک ایسا وائرس ہے، جو انسانی جسم کے مدافعتی نظام، بالخصوص سی ڈی فور (CD4) خلیات کو متاثر کرتا ہے۔ بروقت تشخیص اور علاج نہ ہونے کی صورت میں یہ مدافعتی نظام کو بتدریج کم زور کر سکتا ہے اور بیماری کی آخری اور شدید کیفیت ایڈز (AIDS) کی شکل اختیار کر سکتا ہے۔

تاہم، ایچ آئی وی اور ایڈز ایک ہی چیز نہیں۔ ایچ آئی وی وائرس کا نام ہے، جب کہ ایڈز اس انفیکشن کا وہ آخری مرحلہ ہے، جس میں جسم کی امراض سے لڑنے کی صلاحیت شدید متاثر ہو جاتی ہے۔ آج مؤثر اینٹی ریٹرو وائرل علاج (ART) کی بدولت ایچ آئی وی کے ساتھ زندگی گزارنے والے افراد طویل اور صحت مند زندگی گزار سکتے ہیں۔

مسلسل علاج سے خون میں وائرس کی تعداد اس حد تک کم کی جا سکتی ہے کہ خون میں اس کی سطح ناقابلِ شناخت ہو جائے۔ اس کیفیت کو ’’Undetectable = Untransmittable‘‘ یا ’’U=U‘‘ کہا جاتا ہے، یعنی علاج کے نتیجے میں وائرس کی مقدار مسلسل ناقابلِ شناخت رہنے پر جنسی تعلق کے ذریعے وائرس منتقل نہیں ہوتا۔

پاکستان میں ایچ آئی وی کی وبا کا ارتقائی سفر تقریباً چار دہائیوں پر محیط ہے۔ 1986ء میں پہلے کیس کی تشخیص اور 1987ء میں اس کی باقاعدہ رپورٹنگ کے بعد ابتدائی برسوں میں یہ انفیکشن محدود تعداد میں سامنے آتا رہا۔ ابتدا میں زیادہ تر ایسے افراد میں اس کی تشخیص ہوئی، جو بیرونِ ملک مقیم تھے یا وہاں سے واپس آئے تھے۔

اُس دور میں ملک میں ایچ آئی وی کی مجموعی شرح کم تھی اور انفیکشن کا پھیلاؤ مخصوص گروہوں تک محدود سمجھا جاتا تھا۔ تاہم، وقت گزرنے کے ساتھ اس انفیکشن کے پھیلاؤ کے طریقوں، متاثرہ آبادیوں اور جغرافیائی حدود میں تبدیلی آنے لگی۔ 2000ء کے بعد پاکستان میں ایچ آئی وی نے ایک نیا رُخ اختیار کیا اور خطرے سے دوچار آبادیوں میں تیزی سے پھیلنے لگی۔ اسے ’’مرتکز وبا‘‘ (Concentrated Epidemic) کہا جاتا ہے، جس کا مطلب یہ ہے کہ ایک عام آبادی میں بیماری کی شرح کم رہتی ہے، لیکن مخصوص گروہوں میں یہ شرح پانچ فی صد یا اس سے زیادہ ہو جاتی ہے۔

پاکستان میں اس تبدیلی کی ایک نمایاں مثال 2003ء میں لاڑکانہ میں سامنے آنے والا ایچ آئی وی کا پھیلاؤ تھا، جس میں خصوصاً انجیکشن کے ذریعے منشیات استعمال کرنے والے افراد متاثر ہوئے۔ اس واقعے نے واضح کیا کہ مشترکہ سرنجز اور غیر محفوظ انجیکشنز کے ذریعے وائرس تیزی سے پھیل سکتا ہے۔ مختلف ادوار میں کیے گئے انٹیگریٹڈ بایولوجیکل اینڈ بیہیویئرل سرویلنس (IBBS) سروے بھی اس تشویش ناک رجحان کی تصدیق کرتے ہیں۔

انجیکشن کے ذریعے منشیات استعمال کرنے والے افراد میں ایچ آئی وی کی شرح 2005ء میں 10.8 فی صد، 2007ء میں 15.8 فی صد، 2008ء میں 20.8 فی صد اور 2016-17ء میں بڑھ کر 38.4 فی صد تک پہنچ گئی تھی۔ یہ بڑ ھتی ہوئی شرح ظاہر کرتی ہے کہ غیر محفوظ انجیکشنز، مشترکہ سرنجز اور منشیات کے استعمال سے وابستہ خطرات نے وبا کو تقویت دی۔ 2016-17ء کے IBBS سروے کے مطابق انجیکشنز کے ذریعے منشیات استعمال کرنے والے افراد میں ایچ آئی وی کی شرح 38.4 فی صد، ٹرانس جینڈر میں 7.2 فی صد، مردوں کے ساتھ جنسی تعلق رکھنے والے مردوں میں 5.6 فی صد اور خواتین سیکس ورکرز میں 2.2 فی صد ریکارڈ کی گئی۔

یہ اعدادوشمار 2016-17ء کے سروے سے متعلق ہیں، انہیں 2026ءکی موجودہ شرح سمجھنا درست نہیں، تاہم یہ وبا کے متواتر رجحان اور مخصوص آبادیوں میں خطرے کی شدت واضح کرتے ہیں۔ پاکستان میں مرض کے پھیلاؤ کے حوالے سے بعض آبادیوں کو کلیدی آبادی (Key Populations) یا زیادہ خطرے سے دوچار گروہ کہا جاتا ہے۔

ایچ آئی وی کے پھیلاؤ ، محرکات سمجھنے کے لیے خطرے کے مخصوص گروپس کے ساتھ ایسی آبادیوں کا ذکر بھی کیا جاتا ہے، جو انہیں عام آبادی سے جوڑتی ہیں، انہیں رابطہ جاتی یا پل کا کردار ادا کرنے والی آبادی کہا جاتا ہے۔ ان میں متاثرہ افراد کے شریکِ حیات، جنسی ساتھی یا بعض دیگر رابطہ رکھنے والے افراد شامل ہو سکتے ہیں۔ اسی طرح اگر کسی مخصوص گروہ میں وائرس کی شرح زیادہ ہو اور تشخیص، علاج اور حفاظتی اقدامات مؤثر نہ ہوں، تو انفیکشن اس گروہ سے آگے بھی منتقل ہو سکتا ہے۔

انجیکشن کے ذریعے منشیات استعمال کرنے والے افراد میں مشترکہ سرنجز کا استعمال وائرس کی منتقلی کا ایک اہم سبب ہے۔ غربت، بے روزگاری، نشے کی لت، بحالی مراکز کی کمی اور محفوظ انجیکشن یا Harm Reducion کی سہولیات تک محدود رسائی اس مسئلے کو مزید پیچیدہ بناتی ہے، جب کہ معلومات کی کمی اور سماجی دباؤ کے باعث بھی بہت سے افراد بروقت طبّی مشورہ حاصل نہیں کر پاتے۔

یہ بات سمجھنا ضروری ہے کہ کسی فرد کی شناخت یا سماجی حیثیت بذاتِ خود ایچ آئی وی کے پھیلاؤ کا سبب نہیں، اصل خطرہ مخصوص غیر محفوظ رویّوں، حالات اور طبّی سہولتوں کی کمی سے پیدا ہوتا ہے۔ پاکستان میں ایچ آئی وی کی وبا کا ایک تشویش ناک پہلو بچّوں میں انفیکشن کے واقعات ہیں، جنہوں نے صحت کے نظام میں انفیکشن سے بچاؤ اور کنٹرول کے انتظامات پر سنجیدہ سوالات اُٹھائے۔ اپریل 2019ء میں لاڑکانہ کے علاقے رتوڈیرو میں دس سال سے کم عُمر بچّوں میں متعدد کیسز سامنے آئے۔

ایک مقامی ڈاکٹر نے بچّوں میں مسلسل تشخیص ہونے والے کیسز کی نشان دہی کی، جس کے بعد ذرائع ابلاغ میں خبریں سامنے آئیں اور’’ سندھ ایڈز کنٹرول پروگرام‘‘ نے بڑے پیمانے پر اسکریننگ شروع کی۔ 25 اپریل 2019ء سے 10 مارچ 2020ء تک 40,602 افراد کی اسکریننگ کی گئی، جن میں 1,321 افراد ایچ آئی وی پازیٹوپائے گئے۔ ان میں 1,023بچّے اور 298 بالغ افراد شامل تھے۔ رتوڈیرو میں کیسز سامنے آنے کے بعد انفیکشن میں مبتلا بچّوں کی بری تعداد نے نجی طبّی مراکز میں غیر محفوظ طریقۂ علاج اور انفیکشن سے بچاؤ کے ناقص انتظامات کی جانب توجہّ مبذول کرائی۔

تحقیقات اور دست یاب شواہد میں بار بار انجیکشن لگانے، ایک ہی سرنج کو متعدد مریضوں کے لیے استعمال کرنے، ڈرپ سیٹس اور چیمبرز کے غیر محفوظ استعمال، خون کی غیر محفوظ منتقلی اور انفیکشن پریوینشن اینڈ کنٹرول (IPC) کے کم زور نظام جیسے عوامل زیرِ بحث آئے۔ بچّوں کو بار بار انجیکشن لگانے کے دوران آلودہ آلات کے استعمال سے وائرس منتقل ہونے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

اس واقعے نے واضح کیا کہ ایچ آئی وی صرف مخصوص آبادیوں تک محدود نہیں، بلکہ غیر محفوظ طبّی طریقہ کار کے ذریعے عام شہریوں، خصوصاً بچّوں کو بھی متاثر کر سکتا ہے۔ اسی طرح پنجاب کے ضلع ڈیرہ غازی خان کے علاقے تونسہ شریف میں نومبر 2024ء سے اکتوبر 2025ء کے دوران کم از کم 331 بچّوں میں طبّی عملے کی وجہ سے ایچ آئی وی کے پھیلاؤ کی تصدیق ہوئی، تو کراچی میں اکتوبر 2025ء میں ولیکا اسپتال سے بچّوں میں ایچ آئی وی کے کیسز سامنے آنے کے بعد ایک بار پھر طبّی مراکز میں انفیکشن کنٹرول کے انتظامات زیرِ بحث آئے۔

نیز، جولائی 2026ء تک اسپتال سے منسلک 78بچّوں میں ایچ آئی وی کی تصدیق اور چھے اموات کی اطلاعات سامنے آئیں۔ بعد ازاں، اگست 2026ء میں شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق اسپتال سے منسلک 78کیسز کے علاوہ اطراف کے علاقوں میں اسکریننگ کے دوران متاثرہ بچّوں کی کُل تعداد 95اورتشخیص شدہ مریضوں کی تعداد 120 ہوگئی۔

سندھ ہائی کورٹ نے ان واقعات، متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد، ممکنہ ذرائع اور متعلقہ اداروں کی ذمّے داریوں کے تعّین کے لیے آزادانہ اور جامع تحقیقات کا حکم دیا۔ پھر کراچی کے علاقے لانڈھی میں سندھ ایمپلائز سوشل سکیوریٹی انسٹی ٹیوشن (SESSI) کے اسپتال سے بھی بچّوں میں ایچ آئی وی کے کیسز رپورٹ ہوئے۔ ابتدائی طور پر تقریباً دو ہزار افراد کی اسکریننگ میں دس افراد مثبت پائے گئے، جب کہ بعد کی اسکریننگ میں سات ہزار پانچ سو سے زائد افراد میں 21 مثبت کیسز سامنے آئے۔ اکتوبر 2026ء کی رپورٹس کے مطابق اس اسپتال میں تقریباً 27 بچّے رجسٹرڈ تھے۔

دونوں اسپتالوں میں رجسٹرڈ بچّوں کی مجموعی تعداد تقریباً 157 تھی۔قومی اسمبلی میں وزارتِ صحت کی جانب سے پیش کردہ معلومات کے مطابق جنوری 2025ء سے جون 2026ء تک ملک بھر میں 3,900 ایچ آئی وی مثبت بچّوں کا اندراج ہوا۔ ان میں سندھ کے 1,915، پنجاب کے 1,765، خیبر پختونخوا کے 139، بلوچستان کے 46، اسلام آباد کے 30، آزاد کشمیر کے چار اور گلگت بلتستان کا ایک بچّہ شامل تھا۔ یہ اعدادوشمار بچّوں میں ایچ آئی وی کے بڑھتے ہوئے مسئلے کی سنگینی ظاہر کرتے ہیں۔

عالمی ادارۂ صحت اور یو این ایڈز کے اعدادوشمار کے مطابق پاکستان میں نئے ایچ آئی وی انفیکشنز کی سالانہ تعداد 2010ء میں تقریباً 16ہزار سے بڑھ کر 2024ء میں 48 ہزار کے قریب پہنچ گئی۔ 2025ء کے تخمینے کے مطابق ملک میں ایچ آئی وی کے ساتھ زندگی گزارنے والے افراد کی تعداد تقریباً 3 لاکھ 50 ہزار تھی، جن میں سے لگ بھگ 80 فی صد اپنے انفیکشن کے اسٹیٹس سے لاعلم تھے۔ جون 2026ء میں’’قومی ایڈز کنٹرول پروگرام‘‘ کے تخمینے کے مطابق متاثرہ افراد کی تعداد تقریباً 4 لاکھ 17 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔

ان میں سے 92,148 افراد صوبائی ایڈز کنٹرول پروگرامز میں رجسٹرڈ تھے، جب کہ 67,878 افراد اینٹی ریٹرو وائرل علاج حاصل کر رہے تھے۔ ملک بھر میں محکمۂ صحت سندھ کے زیر انتظام 44 ایچ آئی وی کے ٹریٹمینٹ سینٹرز سمیت ایچ آئی وی کے مفت علاج کے لیے 113 مراکز موجود ہیں، جب کہ اعدادوشمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ تخمینہ شدہ متاثرہ افراد، رجسٹرڈ مریضوں اور علاج حاصل کرنے والوں کے درمیان نمایاں فرق موجود ہے۔

اس فرق کو کم کرنا قومی سطح پر ایک بڑا چیلنج ہے۔ واضح رہے، ایچ آئی وی کی تشخیص منظور شدہ لیبارٹری ٹیسٹ کے ذریعے کی جاتی ہے اور مثبت نتیجے کی تصدیق کے بعد مریض کو فوری طور پر علاج سے منسلک کرنا ضروری ہے۔ اینٹی ریٹرو وائرل ادویہ وائرس کی افزائش رُوکتی اور خون میں وائرس کی مقدار کم کرتی ہیں۔ علاج کا تسلسل برقرار رکھنا انتہائی اہم ہے، کیوں کہ ادویہ میں وقفہ Non Compliance on ART یا علاج چھوڑنے Lost to Follow Up سے وائرس دوبارہ بڑھ سکتا ہے اور علاج کی افادیت متاثر ہوسکتی ہے۔

فی الحال ایچ آئی وی کا مکمل خاتمہ کرنے والی عام دست یاب ادویہ یا کوئی مؤثر ویکسین موجود نہیں، لیکن بروقت تشخیص اور مسلسل علاج سے یہ قابلِ کنٹرول مرض ہے۔ اس وبا کے خلاف جدوجہد میں بدنامی(Stigma) اور امتیاز (Discrimination)کا خاتمہ بھی اتنا ہی ضروری ہے جتنا طبّی علاج۔

ایچ آئی وی ایک طبّی مسئلہ ہے، کسی فرد کے کردار یا اخلاقی حیثیت کا پیمانہ نہیں۔ یہ وائرس مخصوص جسمانی رطوبتوں، غیر محفوظ جنسی تعلق، آلودہ خون، مشترکہ سرنجز اور دورانِ حمل ماں سے بچّے میں، زچگی یا دودھ پلانے کے دوران منتقل ہو سکتا ہے، مگر یہ ہاتھ ملانے، گلے ملنے، ساتھ بیٹھنے، کھانا کھانے یا عام میل جول سے نہیں پھیلتا۔

پاکستان میں ایچ آئی وی پر قابو پانے کے لیے قومی اور صوبائی ایڈز کنٹرول پروگرامز کے درمیان مؤثر رابطہ، وسائل کی منصفانہ تقسیم اور نگرانی کے نظام کو مضبوط بنانا ہوگا۔ کلیدی آبادیوں کے لیے کمیونٹی کی سطح پر آگاہی جراثیم سے پاک سرنجز کی دست یابی، نشے کے علاج اور بحالی کی سہولیات کو وسعت دینا ضروری ہے۔ حاملہ خواتین کی بروقت اسکریننگ اور متاثرہ ماؤں کے لیے مناسب علاج کے ذریعے بچّوں میں وائرس کی منتقلی کے امکانات کم کیے جا سکتے ہیں۔

اسی طرح خون کی محفوظ منتقلی، طبّی مراکز میں انفیکشن کنٹرول کے معیارات اور بچّوں کے علاج کے دوران استعمال ہونے والے آلات کی نگرانی پر خصوصی توجہّ دی جائے۔ ملک میں بیماری کے اصل پھیلاؤ کو سمجھنے کے لیے تازہ ترین IBBS سروے بھی ضروری ہیں۔ پرانے سروے موجودہ صورتِ حال کی مکمل عکاسی نہیں کر سکتے۔

یاد رہے، پاکستان میں ایچ آئی وی کی وبا کا سفر کم شرح سے شروع ہو کر مخصوص آبادیوں میں مرتکز پھیلاؤ اور اب مختلف علاقوں اور طبقات میں بڑھتے ہوئے خطرات تک پہنچ چکا ہے۔ اس لیے اس کا مؤثر جواب صرف علاج یا آگاہی مہم تک محدود نہیں رہ سکتا۔

اس کے لیے محفوظ طبّی سہولیات، بروقت تشخیص، مسلسل علاج، سماجی قبولیت، مؤثر نگرانی اور مضبوط حکومتی عزم درکار ہے۔ ایڈز کے خلاف کام یابی اسی وقت ممکن ہے، جب ہم بیماری کو الزام کے بجائے صحتِ عامہ کے مسئلے کے طور پر سمجھیں اور ہر فرد کو تشخیص، علاج اور تحفّظ کی سہولیات تک بلا امتیاز رسائی فراہم کریں۔

(مضمون نگار، پبلک ہیلتھ اسپیشلسٹ اور چیف میڈیکل آفیسر، محکمۂ صحت سندھ ہیں)

سنڈے میگزین سے مزید
صحت سے مزید