• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امیتابھ نے مداحوں کو اپنی صحت سے متعلق تازہ صورتحال بتادی، مزید آرام کی ضرورت ہے، اداکار

تصویر سوشل میڈیا۔
تصویر سوشل میڈیا۔

بالی ووڈ سپر اسٹار امیتابھ بچن نے سوشل میڈیا سے وقفے کا اعلان کرنے کے ایک روز بعد صحت سے متعلق تازہ صورتحال بتا دی اور کہا کہ انھیں مزید آرام کی ضرورت ہے۔ 

ڈاکٹروں نے انہیں سختی سے آرام کرنے کا مشورہ دیا تھا، جس پر مداح ان کی صحت کے لیے فکرمند تھے اور سوشل میڈیا پر نیک تمناؤں کے پیغامات شیئر کیے تھے۔

واضح رہے کہ بدھ کو 84 سالہ لیجنڈری اداکار نے اپنے بلاگ پر صحت سے متعلق ایک پوسٹ شیئر کرکے مداحوں کو تشویش میں مبتلا کردیا تھا۔ تاہم جمعہ کو انھوں نے اپنے ٹمبلر اکاؤنٹ پر صحت سے متعلق ایک اور تازہ اطلاع شیئر کی اور  لکھا ابھی مزید آرام کی ضرورت ہے، خود کو حالات کے مطابق ڈھال رہا ہوں، سوچ رہا ہوں اور حیران ہوں کہ انسانی جسم کتنا منفرد ہے۔

اس سے قبل ایکس پر پوسٹ میں ڈاکٹروں کے مشورے کا ذکر کرتے ہوئے ہندی میں لکھا معذرت چاہتا ہوں، معافی کا طلب گار ہوں۔ چند روز آرام اور صحت یاب ہونے کا مشورہ دیا گیا ہے، اس لیے فی الحال کچھ لکھنے سے قاصر ہوں۔ صحت یابی پر توجہ دینے اور فی الحال رابطے سے گریز کرنے کی سخت ہدایات دی گئی ہیں۔ 

امیتابھ بچن کی یہ پوسٹ ایسے وقت سامنے آئی ہے جب جمعہ کے روز ممبئی میونسپل کارپوریشن کی میئر ریتو تاؤڑے کے دفتر کو بم کی دھمکی پر مشتمل ایک ای میل موصول ہوئی۔ 

دوسری جانب امیتابھ بچن کی صحت سے متعلق یہ اطلاع اداکار ٹائیگر شیروف کی گاڑی پر فائرنگ کے واقعے کے حوالے سے سامنے آنے والے سیکیورٹی خدشات کے دوران بھی اہمیت اختیار کرگئی ہے۔

اس معاملے سے متعلق رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ملزمان نے اپنے ہدف کا انتخاب کرنے سے پہلے دیگر معروف شخصیات کی بھی مبینہ طور پر نگرانی کی تھی۔ رپورٹس کے مطابق ملزمان نے امیتابھ بچن، اکشے کمار اور عامر خان کی رہائش گاہوں کو بھی نشانہ بنانے پر غور کیا تھا، تاہم گھروں کے اطراف سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے بعد مبینہ طور پر یہ ارادہ ترک کردیا گیا۔

جہاں تک کام کا تعلق ہے تو امیتابھ بچن جلد ہی فلم کلکی 2898 اے ڈی کے سیکیوئل میں نظر آئیں گے، ہدایت کار ناگ ایشون کی اس فلم میں پربھاس اور کمل ہاسن بھی دکھائی دیں گے۔ اس کے علاوہ ٹیلی ویژن شو کون بنے گا کروڑ پتی کے نئے سیزن میں بھی بطور میزبان انکی اگست میں واپسی ہوئی ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید