پاکستان کے سابق کرکٹر سلیم یوسف کی صاحبزادی معروف اداکارہ ایمن سلیم نے باضابطہ طور پر پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) میں شمولت کا اعلان کر دیا۔
گزشتہ روز پی پی پی سندھ کے صدر نثار کھوڑو کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران اداکارہ نے اپنے سیاسی سفر کے آغاز کا اعلان کرتے ہوئے اس اقدام کی وجہ بھی بتا دی۔
انہوں نے کہا کہ میں نے یہ فیصلہ محترمہ شہید بے نظیر بھٹو سے متاثر ہوکر کیا ہے، میں ان کی بہت بڑی مداح رہی ہوں، انہوں نے مجھے بہت چھوٹی عمر میں ہی سکھا دیا کہ ایک لڑکی کا خواب چھوٹا نہیں ہوتا اور خواب کی کوئی صنف نہیں ہوتی۔
اداکارہ کے مطابق ملکی سیاست میں قدم رکھنے کا فیصلہ سیاسی نہیں بلکہ یہ ایک وعدہ ہے جو میں اپنے لوگوں سے، اپنے عوام سے کرنا چاہتی ہوں کہ جو پلیٹ فارم مجھے دیا گیا ہے اس کے ذریعے اپنے ملک و لوگوں کے لیے دل سے بلا غرض خدمت کرنا چاہتی ہوں۔
اس موقع پر انہوں نے صدرِ مملکت آصف علی زرداری، پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور پارٹی کی سینئر رہنما فریال تالپور کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا۔
ایمن سلیم کی پارٹی میں شمولیت کا خیر مقدم کرتے ہوئے نثار کھوڑو نے کہا کہ مجھے ایمن سلیم کے پیپلز پارٹی کا حصہ بننے کے فیصلے پر خوشی ہے۔
انہوں نے اداکارہ کی شمولیت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پارٹی کی سیاسی سرگرمیوں میں ان کی شرکت کا خیر مقدم کیا۔