بھارتی موٹیویشنل اسپیکر اور یوٹیوبر سندیپ مہیشوری نے یوٹیوب سے 14 سال بعد وقفہ لینے اور کافی عرصے سے ویڈیوز اپ لوڈ نہ کرنے کی وجہ بتا دی۔
سندیپ مہیشوری نے گزشتہ چھ ماہ سے یوٹیوب پر ویڈیوز اپ لوڈ نہ کرنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بالکل خیریت سے ہیں اور مالی مشکلات کے باعث انہوں نے ویڈیوز بنانا بند نہیں کیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ گزشتہ 6 ماہ سے ویڈیوز اپ لوڈ نہ کرنے پر بہت سے لوگوں نے تشویش کا اظہار کیا، جس پر وہ سب کے شکر گزار ہیں۔ اس دوران سوشل میڈیا پر ان کی غیر موجودگی کے حوالے سے مختلف قیاس آرائیاں بھی کی گئیں۔
سندیپ مہیشوری کے یوٹیوب چینل پر 28 ملین سے زیادہ سبسکرائبر اور فیس بک پر 15 ملین فالوورز ہیں، انہوں نے بتایا کہ ان کی صحت اچھی ہے اور گھر میں بھی سب خیریت سے ہیں۔ ان کی اہلیہ، دونوں بچے اور دو پالتو بلیاں منی اور مکی بھی بالکل ٹھیک ہیں۔
ان کے مطابق سب سے زیادہ زیر بحث قیاس آرائی یہ تھی کہ مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی وجہ سے امیجیز بازار کا کاروبار متاثر ہوا اور اسی وجہ سے انہوں نے یوٹیوب پر ویڈیوز بنانا چھوڑ دیں۔
انہوں نے تسلیم کیا کہ اے آئی کی وجہ سے کاروبار پر کچھ اثر ضرور پڑا، تاہم انہوں نے اپنی ٹیم کے ساتھ مل کر کاروبار کی حکمت عملی اور پوزیشننگ تبدیل کی اور اس تبدیلی سے کامیابی کے ساتھ نمٹا۔
سندیپ مہیشوری نے کہا کہ ان کے متعدد کاروبار اور آمدنی کے مختلف ذرائع ہیں، اس لیے مالی مشکلات کا کوئی مسئلہ نہیں۔
ویڈیوز اپ لوڈ نہ کرنے کی اصل وجہ بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انہوں نے یوٹیوب چینل کبھی پیسے کمانے کے لیے شروع نہیں کیا تھا بلکہ اس کا مقصد اپنے علم، سمجھ بوجھ اور تجربات لوگوں کے ساتھ شیئر کرنا تھا۔
سندیپ مہیشوری کے بقول وہ گزشتہ 14 برس سے مسلسل یہ کام کررہے تھے اور اب تک اپنا تمام علم اور تجربہ ناظرین کے ساتھ شیئر کرچکے ہیں، اس لیے وہ محض کچھ کہنے کے لیے ویڈیوز نہیں بنانا چاہتے۔
انہوں نے واضح کیا کہ یہ صرف ایک مختصر وقفہ ہے جس سے وہ لطف اندوز ہورہے ہیں اور مستقبل میں جب بھی شیئر کرنے کے لیے کوئی نئی بات یا تجربہ ہوگا تو وہ دوبارہ ویڈیو کے ساتھ واپس آئیں گے۔