امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم سے ملاقات بے نتیجہ نہیں رہی، اس بات پر اتفاق ہوا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات پر ریلیف بڑھا رہے ہیں، حکومت نے 7 سے 10 دن مزید مانگے ہیں، حکومت ہمارا مارچ شروع ہونے سے پہلے پیکیج کا اعلان کرے۔
وزیراعظم سے ملاقات کے بعد پریس کانفرنس میں امیر جماعت اسلامی نے نومبر کے وسط میں لانگ مارچ کا اعلان کیا اور کہا کہ لیوی بھتا ختم ہونا چاہیے، حکومت کہتی ہے مرحلہ وار ریلیف دیں گے، ہمارا دباؤ حکومت پر موجود ہے مارچ کی تیاری بھی ہوگی، مذاکرات بھی جاری رہیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پیٹرول پر جماعت اسلامی کے احتجاج سے ریلیف ملا۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان نے کہا ہے کہ جو حکومت ہوتی ہے بات اسی سے ہوتی ہے، وہ فارم 47 کے ہوں یا 48 کے، بات حکومت سے کرنی ہوتی ہے۔ ہائی جیکر جہاز ہائی جیک کرلیتا ہے تو بات اسی سے کرنا پڑتی ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حکومت مارچ شروع ہونے سے پہلے پیکیج کا اعلان کرے اور مارچ سے پہلے لیوی کے خاتمے کا کوئی نظام بنادے۔
ان کا کہنا تھا کہ لیوی بھتا ختم ہونا چاہیے، لیوی کا بوجھ مڈل کلاس اور غریب لوگ اٹھا رہے ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ لوگوں کو ریلیف ملے اور ساتھ ساتھ لیوی بھی ختم ہو، پیٹرول کی قیمت میں بھی ریلیف ملے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ریلیف پیکیج سے عوام کو زیادہ فائدہ نہیں ہو رہا، اس بات پر اتفاق ہوگیا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات پر ریلیف بڑھا رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم کہتے ہیں لیوی ختم کریں، وہ کہتے ہیں مرحلہ وار ریلیف دیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت نے 7 سے 10 دن مزید مانگے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اگر احتجاج نہ کرتی تو کیا حکومت پیٹرول پر یہ ریلیف دیتی؟ انہوں نے تو 80 روپے کی لیوی 160 کردینی تھی، ہم نے احتجاج کیا تو یہ پیچھے آئے۔ ہمارا دباؤ حکومت پر موجود ہے اور ہم اسے مزید بڑھائیں گے۔ ہوسکتا ہے سڑک پر بیٹھ کر بات کرنا پڑے۔
انہوں نے کہا کہ ہر جماعت حکومت میں آنے سے پہلے آئی ایم ایف کا کشکول توڑنے کی بات کرتی ہے۔