سندھ حکومت نے ایم کیو ایم کو 29 نومبر کو شارع فیصل پر ریلی کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ کرلیا۔
محکمہ داخلہ سندھ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان کو ریلی کا دن اور روٹ تبدیل کرلے، 29 نومبر کو جلسے کی درخواست پہلے سندھ ترقی پسند پارٹی نے دی تھی، ٹکراؤ کے پیش نظر ریلی کی اجازت نہیں دے سکتے۔
ذرائع محکمہ داخلہ سندھ نے کہا کہ جس جماعت نے پہلے اعلان کیا ہے، پہلا حق اُس کا ہے، ایم کیو ایم اپنا جلسہ اور ریلی کسی اور دن کرلے۔
دوسری جانب ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما طحہ احمد نے کہا ہے کہ اب تک 29 نومبر کے جلسےکی اجازت کی درخواست پر فیصلے سے آگاہ نہیں کیا گیا ہے، سندھ حکومت نے اجازت سے متعلق براہ راست رابطہ نہیں کیا۔
خیال رہے کہ ایم کیو ایم نے دو روز پہلے شارع فیصل پر ریلی نکالنے اور باغ جناح میں جلسے کی درخواست جمع کروائی تھی۔