ایڈمن سوسائٹی میں دو روز قبل گرنے والی عمارت کا ملبہ اٹھانے کا سلسلہ جاری ہے، ملبے سے اب تک 7 افراد کی لاشیں نکالی جاچکی ہیں۔
دو روز قبل ایڈمن سوسائٹی میں گرنے والی عمارت کا ملبہ اٹھانے کا سلسلہ آج بھی جاری ہے۔ جاں بحق افراد کی شناخت فرحان، نوید، محمد ارسلان، محمد وقاص، علی حسن، عابد نجیب اللہ اور اللہ دتہ کے نام سے ہوئی ہے۔
جناح اسپتال کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ واقعے کے پہلے روز 14 زخمیوں کو لایا گیا تھا۔ جن میں 13 افراد کو ڈسچارج کردیا گیا جبکہ ایک شخص کا علاج جاری ہے۔
دوسری جانب ملبے تلے مزید افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے، ریسکیو آپریشن میں بھی انتہائی احتیاط برتی جا رہی ہے۔ ہیوی مشینری کی نسبت مینوئل سرچ پر زیادہ فوکس ہے۔
ہیوی مشینری کے استعمال سے ملبے تلے موجود لاشوں کے خراب ہو جانے کا خدشہ ہے۔ مشینری کے استعمال سے عمارت کا اسٹرکچر مزید گرجانے کا بھی امکان ہے۔ کچھ پاکٹس ایسے بنائے گئے ہیں جہاں سے داخل ہوکر سرچنگ کی جارہی ہے۔
خیال رہے کہ کراچی میں 25 نومبر کو 600 گز کے رہائشی پلاٹ پر تعمیر 6 منزلہ عمارت چند لمحوں میں زمین بوس ہوگئی تھی، عمارت کا منظور شدہ نقشہ گراؤنڈ پلس ون کا تھا، مگر پانچ اضافی منزلیں تعمیر کردی گئیں، چھٹی منزل ابھی مکمل نہیں ہوئی تھی جبکہ عمارت مبینہ طور پر گزشتہ ایک سال سے زیر تعمیر تھی۔ مسماری کا نوٹس جاری ہونے پر بلڈرز نے حکمِ امتناع حاصل کرلیا تھا۔
سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے ریکارڈ کے مطابق پلاٹ پر فلیٹس اور یونٹس کی تعمیر کی اجازت نہیں تھی، تعمیرات سے منسلک افراد میں محمد عبداللّٰہ شکیل، بلال شکیل اور ذیشان اسلم عرف شانی کے نام سامنے آئے ہیں، جبکہ آرکیٹیکٹ کا نام محمد فرحان بصیر بتایا گیا ہے۔ ان تمام افراد کے کردار اور ذمہ داری کا تعین تحقیقات کے بعد ہوگا۔
یونین کمیٹی نمبر 3 محمود آباد کی جانب سے پلاٹ مالکان کو تین بار نوٹس جاری کیے، ایس بی سی اے نے بھی پلاٹ مالکان کو نوٹس جاری کیے، تاہم مالکان اور بلڈرز نے عدالت سے اسٹے آڈر لے لیا تھا۔
میئر کراچی نے واقعے کی شفاف تحقیقات اور پورشن مافیا سمیت دیگر ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کی یقین دہانی کروائی ہے۔
تشویش کی بات یہ ہے کہ اطلاعات کے مطابق ایڈمن سوسائٹی میں دو درجن سے زائد عمارتیں ایسی ہیں جہاں رہائشی پلاٹس پر کمرشل طرز کی تعمیرات جاری ہیں۔