السّلام علیکم ورحمۃ اللہ و برکاتہ
کلمۂ حق کہنا آسان نہیں
دُعاگو ہوں کہ ربِ کائنات نے جو اہم ڈیوٹی آپ کے ذمّے لگائی ہوئی ہے، وہ آپ اِسی طرح تَن مَن دھن سے نبھاتی رہیں کہ مُلک کے سب سے بڑے اخبار کے سب سے معیاری جریدے کی تیاری کوئی آسان کام نہیں ہے۔ بلاشبہ اس دَور میں کلمۂ حق کہنا انتہائی مشکل کام ہے، جو آپ اور آپ کی ٹیم پوری دیانت داری سے انجام دے رہی ہے۔ اس ضمن میں آپ لوگ یقیناً لائقِ صد تعریف ہیں۔ مَیں روزنامہ جنگ اور سنڈے میگزین کا پرانا قاری ہوں۔
جریدے کا ہر سلسلہ ایک سے بڑھ کر ایک ہوتا ہے، خصوصاً ہائیڈ پارک (آپ کا صفحہ) اور اُس میں بھی خصوصاً آپ کے تلخ و شیریں جوابات، جوعموماً ’’جیسا منہ، ویسی چپیٹر‘‘ کے مصداق ہوتے ہیں۔ کچھ ویلے نکمے، میرے جیسے لکھاریوں کو آڑے ہاتھوں ہی لینا چاہیے۔
’’ یومِ دفاع‘‘ کی مناسبت سے ایک چھوٹی سی تحریر پیشِ خدمت ہے، خُود بھی پاک فوج سے منسلک ہوں تو بہت ہی دل جمعی سے لکھی ہے، اگرچہ پکا لکھاری نہیں ہوں۔ نوک پلک سنوار کے شائع فرما دیں گی تو ممنون رہوں گا۔ آپ اور آپ کی پوری ٹیم کے لیے بہت دُعائیں، نیک تمنائیں، اللہ تبارک و تعالیٰ آپ لوگوں کا اقبال بلند کرے۔ (آمین) (مزمل حسین چیمہ، راوی روڈ، ہڑپا سٹی، تحصیل و ضلع ساہی وال)
ج: آپ کی تحریر موقعے کی مناسبت سے شائع کردی گئی تھی، اُمید ہے، آپ نے ملاحظہ بھی فرما لی ہوگی، دُعاؤں اور حوصلہ افزائی کا بے حد شکریہ۔
سرِورق پر غلطی
اللہ کرے، آپ اور آپ کی پوری ٹیم خیر خیریت سے ہو۔ اتوار کے دن تو بس آپ کے شمارے ہی کا انتظار رہتا ہے، لیکن اس بار تو رسالہ موصول ہوتے ہی سرِورق پر ایک غلطی دکھائی دے گئی۔ ’’احسنِ تقویم‘‘ سلسلے کی ٹائٹل پر موجود ہیڈنگ میں ’’صاحبِ علم و کمال، پروفیسر انجینئر احسن اقبال‘‘ کی جگہ ’’پروفیسر انجینئر احسن کمال‘‘ لکھا ہوا تھا۔
ہاں، باقی شمارہ لاجواب رہا۔ ’’اِک رشتہ، اِک کہانی‘‘ میں نگارش، ’’امت الرقیب، ایک عہد کا نام‘‘ بہت پسند آئی۔ ’’سنڈے اسپیشل‘‘ کی رپورٹ بعنوان ’’دوست بنیں، دوست بنائیں‘‘ ثانیہ انور نے عُمدگی سے تیار کی۔ آپ سے بس ایک گزارش ہے، اگر ’’سرِورق‘‘ اور ’’سینٹر اسپریڈ‘‘ کے صفحات ماڈلنگ کے بجائے کسی اور سلسلے سے مزیّن ہوجایا کریں، تو کیا ہی اچھا ہو۔ (عبدالہادی اچکزئی، کلی ملک شاہ جہاں، کچلاک، کوئٹہ)
ج :آپ نے بالکل درست نشان دہی کی۔ سُرخی میں غلطی اور وہ بھی سرِورق کی… ایسی کوتاہی بالکل نہیں ہونی چاہیے تھی۔ کبھی کبھار کام کا بوجھ بھی ایسی اغلاط کا سبب بن جاتا ہے۔ بہرحال، ہم معذرت خواہ ہیں اور پوری کوشش کریں گے کہ آئندہ ایسی کسی غلطی کا اعادہ نہ ہو۔ رہی آپ کی گزارش، تو اس حوالے سے پہلے بھی متعدد بار وضاحت کی جا چُکی ہے۔
روشن روشن معلوم ہورہا تھا
’’سنڈے اسپیشل‘‘ میں ثانیہ انور نے ’’دوستی کےعالمی یوم‘‘ پر اچھا مضمون تحریر کیا۔ ’’ہیلتھ اینڈ فٹنس‘‘ میں ڈاکٹر سکندر اقبال نے بھی پاکستان میں ہیپاٹائٹس کے پھیلاؤ اور روک تھام کے موضوع پر فکر انگیز مضمون تحریر کیا، جو پڑھنے سے تعلق رکھتا تھا۔ پروفیسر ڈاکٹر ضیغم عباس فیٹی لیور کی علامات، احتیاطی تدابیرسےآگاہ کررہے تھے، تو ڈاکٹر پروفیسر اشرف نے فیٹی لیور کو جدید دَور کی مرض قرار دیا۔
’’احسنِ تقویم‘‘ میں رحمان فارس نے پروفیسر انجینئر احسن اقبال کا تعارف بہت شان دار طریقے سے کروایا۔ باغِ جناح سے متعلق ’’رپورٹ‘‘ پڑھ کر انتہائی افسوس ہوا، حکومتِ پنجاب کوفوری توجّہ دینی چاہیے۔ ’’اِک رشتہ، اِک کہانی‘‘ سلسلے میں افشاں نوید اور عالیہ شمیم نے امت الرقیب صاحبہ کو شان دار خراجِ عقیدت پیش کیا۔
’’ڈائجسٹ‘‘ میں عشاء خان کا افسانہ کچھ خاص سمجھ نہیں آیا۔ ہاں، افشاں نوید نے تصویر کا جو دوسرا رُخ دکھایا، وہ سبق آموز تھا۔ اور اب آئیے، ’’آپ کا صفحہ‘‘ کی طرف، جس میں ہمارا خط شامل نہیں تھا۔ اگلے شمارے کے ’’سرچشمۂ ہدایت‘‘ میں محمود میاں نجمی نے گبندِ خضرا کی تاریخی حقیقت بیان کی، جو علامہ شبیر احمد عثمانی کی ایمان افروز تقریر کی بدولت محفوظ رہا۔
منیر احمد خلیلی ترکی کا ماضی و حال بیان کر رہے تھے۔ رحمان فارس نے بھارت کی آبی جارحیت پر زبردست تفصیلی مضمون تحریر کیا۔ رئوف ظفر کی ’’ای بائیکس رینٹل پروگرام‘‘ سے متعلق رپورٹ معلوماتی تھی۔ ڈاکٹر عامر طاسین اور محمّد ریاض ایڈووکیٹ کی نگارشات بھی پسند آئیں۔ ’’متفرق‘‘ میں عبدالستارترین نے بلوچستان کی صُورتِ حال پر توجّہ مبذول کروائی۔ افشاں نوید سوال کررہی تھیں کہ ’’پاکستان فُٹ بال بنا سکتا ہے، توکھیل کیوں نہیں سکتا؟‘‘
یہ تو حکومت کو سوچنا چاہیے۔ سید ذوالفقارحسین نقوی نے ’’تکیہ کلام‘‘ پر اچھا مضمون لکھا۔ ثناء توفیق خان نے ’’آٹوگراف بُک‘‘ کےساتھ پرانی یادیں تازہ کیں، تو اسماء صدیقہ نے غزہ کو وقت کا کربلا بتایا۔ پرنس افضل شاہین کی سُتھری نکھری باتیں بھی پسند آئیں اور اب آجائیے، ’’آپ کا صفحہ‘‘ کی طرف، جس میں ہمارا خط موجود تھا اور شاید اُسی کے سبب ہمیں شمارہ بہت روشن روشن معلوم ہورہا تھا۔ (سید زاہد علی، شاہ فیصل کالونی، کراچی)
ج: چلیں، سبب کوئی بھی سہی، آپ کو ہمارا شمارہ تو اچھا معلوم ہوا۔
لکھاری، خطوط کی محفل میں !!
اگست کا دوسرا شمارہ ’’جشنِ آزادی‘‘ کی مناسبت سے تیار کیا گیا، ٹائٹل پر ہرا اور سفید رنگ دل کو خُوب بھایا۔ رابعہ فاطمہ کی خصوصی تحریر ’’تقسیمِ ہند کے آخری تیس دن‘‘ ہمیشہ کی طرح معلوماتی اور دل چسپی سے بھرپور تھی۔
بلامبالغہ یہ آخری تیس دن ہی جنوبی ایشیا کی تاریخ کا فیصلہ کُن باب تھے۔ اس دفعہ ’’احسنِ تقویم‘‘ میں رحمان فارس نے جس شخصیت کا ذکر کیا، وہ ہمارے پسندیدہ کالم نگاروں میں سے ایک ہے۔ اُن کی سدابہار تحریر ’’میری وفات‘‘ آج بھی یاد ہے، جس کا ایک ایک حرف انسان کی حقیقت بیان کرتا ہے۔
گزشتہ سال اُن کی خودنوشت ’’بکھری ہے میری داستان‘‘ شائع ہوئی، کچھ منہگی ہونے کے سبب اپنے شہر کے ایک بزرگ ادیب سے ذکر کیا، تو اُنھوں نے منگوائی اور یوں ہمیں بھی پڑھنے کا موقع مل گیا۔ ’’جب عباس تابش نے تعارف کروایا کہ یہ شاعر ہے اور افسر بھی تو مَیں نے سوچا کہ افسر جس طرح کے شاعر ہوتے ہیں، یہ بھی اُسی طرح کا ہوگا، لیکن تم تو واقعی شاعر ہو۔‘‘ شکیل جاذب سے متعلق اس واقعے نے خاصا محظوظ کیا۔
’’سینٹر اسپریڈ‘‘ پر اس بار افشاں نوید کی تحریر موجود تھی، اور بلاشبہ بہترین لکھی ہوئی تھی۔ ’’ہیلتھ اینڈ فٹنس‘‘ پر ڈاکٹر سکندر اقبال کی تحریریں مستقلاً آرہی ہیں اور وہ متنوّع موضوعات پر ایک سے بڑھ کر ایک معلوماتی اور شان دارنگارش رقم کررہے ہیں، خصوصاً ’’انٹرمٹنٹ فاسٹنگ‘‘ کے حوالے سے تو سیر حاصل تحریر قارئین کی نذر کی۔ ’’محبّت… فنائے ذات کا سفر‘‘ محبّت کے فلسفے پر اسد اشرف ملک نے ایک منفرد مضمون لکھا۔ محبّت کی بات ہو، تو امجد اسلام امجد کی ایک نظم ضرور یاد آتی ہے۔
؎ ’’محبّت ایسا شعلہ ہے… ہوا جیسی بھی چلتی ہو… کبھی مدھم نہیں ہوتا…محبّت ایسا رشتہ ہے…کہ جس میں بندھنے والوں کے…دِلوں میں غم نہیں ہوتا… محبّت ایسا پودا ہے…جو تب بھی سبز رہتا ہے… کہ جب موسم نہیں ہوتا…محبّت ایسا دریا ہے… کہ بارش روٹھ بھی جائے…تو پانی کم نہیں ہوتا۔‘‘ ’’ڈائجسٹ‘‘ پر ضیاء الحسن کی’’صُبحِ امید‘‘ پڑھتے ہوئے ہجرت کےمناظر، واقعات نگاہوں میں گھومتے رہے۔ ڈاکٹر عزیزہ انجم کی ’’اے نگارِ وطن‘‘ بھی خوب صورت خیالات سے گندھی نظم تھی۔
نظیر فاطمہ نے اپنی مختصر تحریر میں بڑا پیغام دیا اور ’’آپ کاصفحہ‘‘ پر شائستہ اظہر صدیقی اپنی بہترین چٹھی کے ساتھ موجود تھیں۔ بہت اچھا لگتا ہے، جب سنڈے میگزین کے لکھاری خطوط کی محفل میں بھی نظر آتے ہیں۔ (رانا محمّد شاہد، گلستان کالونی، بورے والا)
ج: ہم سے شائستہ کا پہلا تعارف بطور ایک شان دار نامہ نگار ہی ہوا، باقی جوہر تو اب آہستہ آہستہ کُھل رہے ہیں، مگر خوش آئند بات یہ ہےکہ گرچہ ہم نے اُسے خاصا مصروف کردیا ہے، مگر وہ پھر بھی کبھی کبھار’’آپ کا صفحہ‘‘ کےلیے بھی وقت نکال ہی لیتی ہے۔
پانچواں خط ہے
اِس بار ’’سنڈے میگزین‘‘ بہت دل لگاکر پڑھا۔ ’’ربیع الاوّل ایڈیشن‘‘ کی مناسبت سےتقریباً تمام ہی لکھاریوں نے اعلیٰ نگارشات تیارکیں۔ حافظ ثانی، محمود میاں نجمی، محمّد بلال بشیر اورمہوش عروج سب ہی کی تحاریر ایک سے بڑھ کر ایک تھیں۔ منیر احمد خلیلی، کویت کے اتار چڑھاؤ کا ذکر لائے اور معلومات میں خاصا اضافہ کیا۔
اس سے قبل بھی ہم چار خطوط لکھ چُکے ہیں، اور اب یہ پانچواں خط آپ کو ارسال کررہے ہیں۔ اُمید ہے، ہماری ’’اقوالِ زریں‘‘ اور’’معلوماتِ عامہ‘‘ کے موضوعات پربھیجی تحریریں لازماً شائع کریں گی اور ممکن ہو تو عطاء اللہ خان عیسیٰ خیلوی پر بھی ضرور کچھ لکھوائیں۔ (فضیٰ عارف نیازی، ہاشم عارف نیازی، ثناء کالونی، جھاورہ، کمال آباد، راول پنڈی)
ج: خط سے لمبا تو آپ لوگوں کا نام و پتا ہے۔ بے شک، یہ آپ کا پانچواں خط ہی ہے، لیکن ہر ایک میں بس ایک ہی تکرار ہے کہ عطاء اللہ عیسیٰ خیلوی پہ کچھ کروائیں۔ ارے بھئی، سوشل میڈیا، اے آئی، چیٹ جی پی ٹی کے اِس دَور میں، کون سی ایسی بات ہے، جو آپ کو اُن سے پوچھنے کی حسرت رہ گئی ہے۔ اور ہم نے آپ کے خط کو قابلِ اشاعت بنانے کا معرکہ سرانجام دے دیا، یہی کافی ہے۔ ’’اقوالِ زرّیں‘‘، ’’معلوماتِ عامہ‘‘ کا نہ کوئی سر ہے، نہ پیر، سو اُنھیں جہاں جانا چاہیے تھا، وہیں بھیج دیا ہے۔
فی امان اللہ
نرجس بٹیا! سدا خوش رہو۔ ہلکے اور گہرے سبز رنگوں سے مزیّن حسین ترین سرِورق کے ساتھ ماہِ ربیع الاوّل کا شاہ کار جریدہ تمام تر رعنائیوں، آب و تاب کے ساتھ جلوہ گر ہوا۔ مجھے بھی اپنے پوتے کی بدولت نیٹ پر دیکھنے اورپڑھنے کا موقع ملا۔ سب سے پہلے تو اس قدر دل کش، جاذبِ نظر سرِورق کی تخلیق پر پیج میکر (آرٹسٹ) کو مبارک باد اور شاباش دینا چاہوں گا۔ ہمیشہ کی طرح اہلِ علم لکھاریوں نے سیرت النبیﷺ پر عرق ریزی کے ساتھ جو ایمان افروز مضامین تحریر کیے، دل پر نقش ہوگئے۔
عشقِ مصطفیؐ سے سرشار روشن ستاروں اور آب دار موتیوں سے مزیّن میگزین کے صفحات کی کہکشاں میں ایک دوسرے سے جُڑے شیریں الفاظ کے سحر نے دل کی دنیا میں ہل چل ہی مچادی۔ مَیں اس وقت مدینہ منوّرہ میں موجود ہوں، پاکستان میں کئی ماہ گزارنے کے بعد عُمرہ کرتے ہوئے واپس مانٹریال، کینیڈا کا سفر درپیش ہے اور میری خوش بختی دیکھو، یہاں میری محمود میاں نجمی سے بھی ملاقات ہوگئی۔
وہ یہاں وادیٔ نمار، ریاض میں ایک تین روزہ ’’سیرت کانفرنس ‘‘میں مدعو تھے۔ خیر، ’’سرچشمۂ ہدایت‘‘ میں پہلا مضمون میاں جی ہی کا تھا، جب کہ دوسرا مضمون چکوال کے حافظ بلال بشیر کا۔ سینٹر پیجز پر ڈاکٹر حافظ محمّد ثانی ایک ایمان افروز مضمون کے ساتھ موجود تھے۔ مہ وش عروج کا تحقیقی مضمون تو اپنی مثال آپ تھا۔ شاباش بیٹی! بہت خوش رہیں۔ منور مرزا ’’مکّہ معاہدے‘‘ سے وابستہ چیلنجز اور توقعات پر اپنا تجزیہ پیش کررہے تھے۔
منیر احمد خلیلی میری طرح استاد ہیں، اُنہوں نے کویت سے متعلق اپنے خدشات کا اظہار کیا۔ ثانیہ انور نے بھی بڑی خُوب صُورت بات کی کہ عشقِ نبویؐ کے بغیرعمل بے رُوح ہے۔ افشاں نوید نے بھی مختصر، لیکن ایمان افروز مضمون تحریر کیا۔ ملیر کی ثناء توفیق نے بھی قلم کے جوہر دکھائے، واہ کینٹ کی نائلہ روبی کی تحریر مغرب کی سحر انگیز دنیا میں کھوئی اُن لاکھوں بدنصیب رُوحوں کی سرگزشت تھی، جو آج بھی سُکون کی تلاش میں ہیں۔
وطنِ عزیز سے ٹھکرائے یہ نوجوان اپنی جوانی کو مغرب کی رنگینیوں میں چُھپانے کی کوشش میں والدین اور رشتے دار تک کھو بیٹتھے ہیں، پھر جیسے وہ اپنے والدین کو چھوڑتے ہیں، اُن کے بچّے اُنہیں چھوڑ جاتے ہیں۔ نجم السحر ’’تسبیحِ فاطمہؓ ‘‘ کی افادیت اجاگر کرتی نظر آئیں اور اب کچھ بات، اپنے صفحے کی، جس کی کرسیٔ صدارت پر شہزادہ بشیر محمّد نقش بندی براجمان تھے۔
ایک خط کے جواب میں آپ نے ہمیں ’’اللہ لوک آدمی‘‘ کے خُوب صُورت خطاب سے نوازا۔ بٹیا! آپ سے پہلے بھی کئی لوگ ہمیں اس خطاب سے نوازتے رہے ہیں۔ برسوں پرانی بات ہے، جب ہم یونی ورسٹی سے ریٹائر ہو رہے تھے، الوداعی تقریب تھی، تو ہمارے ایک ساتھی پروفیسر نے اپنی تقریر میں کہا کہ ’’آج ہماری جامعہ ایک اللہ لوک پروفیسر سے محروم ہوگئی ہے۔‘‘
برسوں بعد تمہاری طرف سے یہی خطاب پا کر آنکھیں نم ہوگئیں۔ عُمر کے اس آخری حصّے میں ہمارے پاس محبتیں، خوشیاں اور تعریفیں بانٹنے کے سوا اور کچھ ہے بھی تو نہیں، وہ ساحر لدھیانوی نے کیا خُوب کہا ہے ؎ مانا کہ اس زمیں کو نہ گل زار کرسکے…کچھ خار کم تو کر گئے، گزرے جدھر سے ہم۔ (دُعاؤں کا طالب، پروفیسر سید منصور علی خان، مدینہ منورہ)
ج: اور ہمیں تو آپ کا ’’بٹیا‘‘ کہہ کے مخاطب کرنا ہی نم دیدہ کر جاتا ہے۔ اللہ تعالیٰ آپ کو صحت و تندرستی کے ساتھ لمبی زندگی عطا فرمائے۔
* ’’عیدالاضحیٰ اسپیشل ایڈیشن‘‘ میں نجمی صاحب کا مضمون کافی جامع، معلوماتی تھا۔ ’’اسٹائل‘‘ کے صفحات پر کافی عرصے بعد آپ کی خُوب صُورت تحریر پڑھنے کو ملی۔ ماڈلز کے ہاتھ منہدی، چوڑیوں سےعاری بالکل اچھےنہ لگے۔ ویسے اگر کسی بقرعید پر ایک شوٹ بکروں کےساتھ بھی ہوجائے، تو مزہ آ جائے۔ ’’ایک پیغام‘‘ کے صفحے پر محمد صفدر خان کا اپنے نام پیغام دیکھ کےدل خوش ہوگیا۔ بہت شکریہ کہ عید کی خوشیوں میں مجھے بھی یاد رکھا۔
اگلے شمارے میں تمباکو نوشی پر دو تحاریر پڑھنے کو ملیں۔ شُکر ہے، ہمارےاہلِ خانہ میں کسی کو ایسی کوئی علّت نہیں۔ ثانیہ انورکی ’’عالمی یومِ والدین‘‘ پرلکھی شان دار تحریر پڑھ کے بہت حیرت ہوئی کہ اُس میں اولاد کے جن جن شکووں کا ذکر کیا گیا، وہ سب مَیں اپنی قریبی لوگوں کے منہ سےسُن چُکی ہوں۔ نجمی صاحب’’حجرِاسود‘‘ پہ بہت ہی معلوماتی تحریر کے ساتھ آئے۔
ڈاکٹر معین نواز نے بھی ’’واسکوڈی گاما‘‘ پہ دل چسپ مضمون لکھا۔ محمد ریاض کا کہنا تھا کہ پاکستان کا شمار دنیا میں سب سے زیادہ دودھ پیدا کرنے والے ممالک میں ہوتا ہے، تو بھئی، آپ جتنا زیادہ پانی ملا لیں گے،دودھ اُتنا زیادہ ہو جائے گا، اس میں حیرت کی کیا بات۔ ہاہاہاہا… خیام الپاک کی ’’خلائی منظر نامہ‘‘ نظم پسند آئی۔’’اسٹائل‘‘پرسُرخ بارڈر والی گلابی ساڑی میں ماڈل ریل کی پٹری پر بیٹھی بےحد پیاری لگی۔ ’’آپ کا صفحہ‘‘ میں ماسٹر صفدر حسین کی ’’مزاحیہ نظم‘‘ پڑھ کے تو مَیں لوٹ پوٹ ہوگئی۔ اور ہاں، ایک تعریف اور بھی کرنی تھی کہ اب میگزین میں پروف کی غلطیاں بالکل نظر نہیں آتیں۔
شاباش، ویل ڈن۔ جون کے پہلے شمارے میں ڈاکٹر سکندر’’کراچی کی گرمی اور احتیاطی تدابیر‘‘ کے موضوع پر انتہائی معلوماتی مضمون لائے۔ حسنین سرور کے مضمون سے اے کاش! اُنھیں بھی کوئی عقل آجائے، جو خُود کو عقلِ کُل سمجھتے ہیں۔ اسرار ایوبی کی تحریر سے کئی حیرت انگیز باتیں علم میں آئیں۔ سجاد جہانیاں کا افسانہ ’’فطرت سے چھیڑ چھاڑ‘‘ ہوش کے ناخن لینے کو کافی تھا۔ توقیر ناصر کا خاکہ پڑھ کے بچپن کا سنہری دَور یاد آگیا۔
اگلے ایڈیشن میں ثانیہ انور کی ’’ہیٹ اسپیچ‘‘ کے موضوع پرتحریر، شمارے کی جان تھی۔ حافظ بلال، آبادی میں اضافے کا رونا رو رہے تھے۔ عمران رفیع کی تتلیوں پہ لکھی چھوٹی سی تحریردیکھ کےدل مسرور ہوگیا کہ تتلیوں سے میرا عشق اب جوبن پر تو نہیں رہا، لیکن کچھ کم بھی نہیں ہوا۔ زویا نعیم نے ’’نیل آرٹ‘‘ کے نقصانات سے آگاہ کیا۔
شائستہ اظہر کے’’اسٹائل رائٹ اَپ‘‘ نےتو جیسے دل کے تار چھیڑدئیے۔ایک ایک جملے کی چاشنی محسوس کی۔ افسانہ ’’پُلِ صراط‘‘ بھی بہت خُوب تحریر کیا گیا۔ اور’’آپ کا صفحہ‘‘ میں میری خزاں میں لکھی ای میل ماہِ جون میں شایع ہوئی۔ آپ کا شکریہ کہ ہرای میل سنبھال کے رکھتی ہیں۔ مجھے اندازہ ہے، آپ پربہت ورک لوڈ ہے، لیکن مَیں بھی کیا کروں، دل کے ہاتھوں مجبور ہو کے ہر دوسرے ہفتے میل کرنے بیٹھی جاتی ہوں کہ اِس سنڈے میگزین کےعلاوہ میری یہاں کوئی سہیلی بھی نہیں، جس سے اپنے دل کی بات کرسکوں۔ (قرات نقوی، ٹیکساس، امریکا)
ج: اور ہمارے اختیار میں ہو، تو تمھارے دل کی سب باتیں شایع بھی کردیں، مگر صفحات کی کم تعداد، جگہ کی کمی آڑے آجاتی ہے، تو بہت کچھ نہ چاہتے ہوئے بھی ایڈٹ کرنا پڑجاتا ہے۔
قارئینِ کرام کے نام !
ہمارے ہر صفحے، ہر سلسلے پر کھل کر اپنی رائے کا اظہار کیجیے۔ اس صفحے کو، جو آپ ہی کے خطوط سے مرصّع ہے، ’’ہائیڈ پارک‘‘ سمجھیے۔ جو دل میں آئے، جو کہنا چاہیں، جو سمجھ میں آئے۔ کسی جھجک، لاگ لپیٹ کے بغیر، ہمیں لکھ بھیجیے۔ ہم آپ کے تمام خیالات، تجاویز اور آراء کو بہت مقدّم ، بے حد اہم، جانتے ہوئے، ان کا بھرپور احترام کریں گے اور اُن ہی کی روشنی میں ’’سنڈے میگزین‘‘ کے بہتر سے بہتر معیار کے لیے مسلسل کوشاں رہیں گے۔ ہمارا پتا یہ ہے۔
نرجس ملک
ایڈیٹر ’’ سنڈے میگزین‘‘
روزنامہ جنگ ، آئی آئی چندریگر روڈ، کراچی
sundaymagazine@janggroup.com.pk