سینئر بھارتی فلم ساز و پروڈیوسر کے سی بوکاڈیا نے انکشاف کیا ہے کہ شاہ رخ خان نے ان کی 2002 کی فلم ’’ہم تمہارے ہیں صنم‘‘ کے بقایا 95 لاکھ روپے وصول نہیں کیے تھے۔
انھوں نے امیتابھ بچن، شاہ رخ خان، سلمان خان، جیکی شروف اور رجنی کانت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان فنکاروں نے اپنی معاوضے کی شرائط محدود رکھیں اور اپنی ذاتی ٹیم کے اخراجات پروڈیوسرز پر نہیں ڈالتے تھے۔
بوکاڈیا کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب فلم سازی کے بڑھتے ہوئے اخراجات اور اداکاروں کے ساتھ موجود ذاتی عملے کے اخراجات پر بحث جاری ہے۔
بوکاڈیا کا کہنا تھا کہ مذکورہ بالا اداکار پروڈیوسر کے بجٹ کا خیال رکھتے اور ایسے مطالبات نہیں کرتے تھے جن سے فلم کے اخراجات میں اضافہ ہو۔
ایک انٹرویو میں 77 سالہ بوکاڈیا نے کہا امیتابھ بچن نے کبھی اپنے عملے کی تنخواہ نہیں لی۔ نہ ہی شاہ رخ، سلمان اور رجنی کانت نے ایسا کوئی مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا ماضی میں سینئر اداکار اکثر فلم کی پوری ٹیم کے ساتھ کھانا کھاتے اور سیٹ پر سب کے ساتھ گھل مل کر رہتے، کسی قسم کی تفریق نہیں کرتے تھے۔
انہوں نے چنئی میں ایک شوٹنگ کے دوران جیکی شروف کے بارے میں بتایا کہ انہیں سوئٹ کے بجائے ڈبل روم دیا گیا، لیکن جیکی شروف اس انتظام سے مطمئن رہے اور کوئی اعتراض نہیں کیا۔
بوکاڈیا نے اس صورت حال کا موازنہ آج کے بعض اداکاروں کے مطالبات سے کیا، خصوصاً ان کے ساتھ آنے والے ذاتی عملے اور دیگر سہولیات پر ہونے والے بھاری اخراجات سے۔ انہوں نے کہا اب ہمیں کہنا پڑتا ہے کہ پروڈیوسر پر رحم کریں، ورنہ ایک دن ایسا آئے گا کہ جن لوگوں نے کسی کو کندھا دینا ہوگا انہیں بھی کرائے پر لانا پڑے گا۔
بوکاڈیا کا کہنا ہے کہ ہم تمہارے ہیں صنم میں کام کیلئے انہوں نے شاہ رخ خان کے ساتھ 2 کروڑ روپے معاوضے کا معاہدہ کیا تھا، جس میں سے انہیں ایک کروڑ 5 لاکھ روپے ادا کر دیے گئے تھے جبکہ 95 لاکھ روپے بقایا تھے۔ بعد میں شاہ رخ نے میرے بیٹے سے کہا وہ بقایا رقم وصول نہیں کرنا چاہتے کیونکہ وہ بوکاڈیا کا بہت احترام کرتے ہیں۔
کئی سال بعد جب ان کی شاہ رخ سے ملاقات ہوئی تو انہوں نے بقایا رقم کا ذکر کیا، تاہم شاہ رخ خان اس معاملے پر بات نہیں کرنا چاہتے تھے اور اشارہ دیا اب اس رقم کی ضرورت نہیں۔