• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آپ کا صفحہ: اپنی مثال آپ، شان دار جرائد ...

السّلام علیکم ورحمۃ اللہ و برکاتہ

طلبہ، اساتذہ کے بیچ بڑھتی خلیج

’’میٹرک کا رزلٹ اور قابلیت کا معیار، ایک لمحۂ فکریہ‘‘ کے عنوان سےایک تحریر حاضرِ خدمت ہے۔ بندہ بذاتِ خُود کئی دہائیوں سے محکمۂ تعلیم سے وابستہ ہے، اور اس امر کا عینی شاہد ہے کہ طلبہ اور اساتذہ کے بیچ پیدا ہونے والی خلیج دن بہ دن بڑھتی ہی چلی جا رہی ہے اور اس ضمن میں سوشل میڈیا سمیت کئی اداروں کا بڑا عمل دخل ہے، خصوصاً اخلاقیات کا تو جیسے دیوالیہ ہی نکل گیا ہے، طلبہ محض ڈگریز کے حصول کے لیے تعلیم حاصل کررہے ہیں۔ موبائل فون کے بےجا، بے دریغ استعمال نے کتب سےمحبت کا جذبہ یک سر ختم کردیا ہے اوران حالات میں یقیناً حکومت سمیت ہر طبقۂ فکر کو اپنا اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ (بابر سلیم خان، سلامت پورہ، لاہور)

ج: ہر قابلِ اشاعت تحریر باری آنے پر بغیر کہے شایع کردی جاتی ہے۔

پگڑی باندھ گھر سے نکلتا ہے

’’ناقابلِ اشاعت کی فہرست‘‘ میں اگرتحریرکےسامنے ری جیکشن کی وجہ بھی لکھ دی جائے کہ تحریر میگزین کے معیارومزاج کے مطابق نہیں، نظم وغزل بےوزن ہے یا تحریر پہلے کہیں چَھپ چُکی ہے تو لکھاری کی رہنمائی ہو جائے گی۔ اور رانا محمّد شاہد! انصاف کے تقاضے پورے کرنے کے لیے تحریر جانچنے کا کوئی پیمانہ تو مقرر ہونا چاہیے، مَیں نے کہنہ مشق، منجھے ہوئے لکھاریوں کو معیار اس لیے مقرر کیا کہ وہ وسیع تجربے کی روشنی میں تحریر پرکھ کر جو بھی فیصلہ صادر کریں، معتبر ہوگا۔

قرأت نقوی فرماتی ہیں۔’’ٹیکساس میں ہمیں تو کوئی آلودگی نظر نہیں آتی۔‘‘ تو کیا اس شہرمیں آلودگی نے سلیمانی ٹوپی پہن رکھی ہے، شور بھی آلودگی کی اقسام میں سے ایک ہے اور یہ جو امریکا کی فیکٹریوں، کارخانوں سے مہلک، زہریلی گیسز کا اخراج ہورہا ہے، وہ کیا ہے؟

پھر امریکی صدر اپنی پوری توانائیاں صرف کرکےجو تقایر، پریس کانفرنسز کرتے ہیں، اُن کی گونج تو دنیا بھر میں سُنائی دیتی ہے، وہ کیا کم غُل ہے۔ ایڈیٹرصاحبہ نے پاکستانی بھائیوں کو موردِالزام ٹھہرایا کہ وہ راہ چلتی خواتین کو اندر تک اسکین کرلینےکا ہنر رکھتے ہیں تو محترمہ! وہ بھائی ہی ہوتا ہے، جو پگڑی باندھ کر گھر سے نکلتا ہےکہ مبادا راہ میں کسی کا ننگاسر ڈھانپنے کی ضرورت نہ پیش آجائے اور وہ بھی پاکستانی بھائی ہی ہوتا ہے، جو اپنی جان پر کھیل کر کسی بہن کی عصمت کا محافظ بن جاتا ہے۔ نیز، آپ کا ارشادِ عالیہ ہے کہ ’’بندۂ ناچیز کی تخلیقات خاص الخاص ہوتی ہیں، خواہ وہ ایک پیغام ہی کیوں نہ ہو۔‘‘ سمجھنے سے قاصر ہوں کہ آپ نے یہ میری تحریروں پر طنز کیا ہے یا پھر اوپر والے نے آپ سے سچ اگلوایا ہے؟ (چوہدری قمر جہاں علی پوری، نزد بانس مارکیٹ، گھلوال روڈ، تحصیل علی پور، ضلع مظفرگڑھ)

ج: گرچہ بہت خُوب صُورت جوابات ذہن میں کلبلا رہے ہیں، مگر ناحق انرجی ضائع کرنے کا مُوڈ نہیں ۔ بس اتنا ہی کافی ہے کہ وہ جو آپ کو سمجھ نہیں آیا تھا، بخدا وہ طنز ہی تھا۔ اور الحمدُللہ، آپ کی ہر تحریر پڑھنے کے بعد اپنے پہلے دن کے فیصلے پر مزید اطمینان اوراپنی بندہ پہچاننے کی صلاحیت پریقین پختہ تر ہوتا ہے۔ ویسے ہمارے یہاں جس تیزی سےدوپٹوں کا رواج کم ہو رہا ہے، ہمارا خیال ہے،اب ایک پگڑی سے کام نہیں چلے گا، ’’پاکستانی بھائی‘‘ کو پوری فیکٹری ساتھ لے کے نکلنا ہوگا۔

’’گوشۂ برقی خطوط‘‘مختص رہنے دیں

؎ ’’جومیرے گھر سےگزریں، تو رُک جائیں ستارے…‘‘اِس بار شمارہ اِس حسین عبارت کے ساتھ ملا۔ اچھے قد کاٹھ کی، ماہتاب صُورت، بڑی بڑی آنکھوں والی ماڈل، ٹائٹل سے وسطی صفحات تک دیدہ زیب پیراہن زیبِ تن کیے جلوہ افروز تھی اور پورا شمارہ ہی خُوب مہک رہا تھا۔ امجد صاحب کا مصرعہ شان دارسہی، لیکن صرف ’’رُک جائیں ستارے‘‘ کہنا کافی نہیں تھا، حقیقتاً تو ایسی ماڈل کو چاند بھی مُڑ مُڑ دیکھے، خصوصاً تصویر نمبر 6تو جیسے کسی مصوّر کا شاہ کار لگی۔ رائٹ اَپ حسبِ سابق شائستہ اظہر صدیقی نےلکھا اور ہمیشہ کی طرح بےمثال و لاجواب۔

شائستہ سے متعلق گزشتہ کسی شمارے میں شہزادہ بشیر نےکہا تھا کہ ’’کسی روز اختر سعیدی اُن کے افسانوں کے مجموعے پر تبصرہ کررہے ہوں گے۔‘‘ افسانوں کا مجموعہ تو بعد کی بات ہے، اگررائٹ اَپ کی تمام تحریریں ہی یک جا کر لیں، تو نفسیات یا فلسفے کی ایک کتاب تومرتّب ہو ہی سکتی ہے۔ افشاں نوید کی تحریر ’’فُٹ بال بناتے ہیں، کھیلتے کیوں نہیں؟‘‘ پڑھ کر دلی خوشی ہوئی کہ جو باتیں حُکم رانوں کے سوچنے کی ہیں، وہ اب درد مند دل رکھنے والے عوام سوچتے ہیں۔ وزیرِکھیل وثقافت صاحب! اب توکچھ توجّہ فرما لیں۔

’’پیارا گھر‘‘ میں قرأۃ العین فاروق کی بیسنی حلوے، لوبیا چاٹ اورفرائزکی تراکیب لاجواب تھیں۔ ’’ ڈائجسٹ‘‘ میں شامل ثناء توفیق خان کی ’’اِک آٹوگراف بُک‘‘ کا جواب نہ تھا۔ میری نظرمیں تویہ اس ہفتے کی نمبرون تحریر ٹھہری۔ نسیم نازش، اسماء صدیقہ کا کلام دل فگار تھا،تو ذوالفقار نقوی کے ’’تکیہ کلام‘‘ نے محظوظ کیا۔ جب کہ محمود میاں نجمی، منیر احمد خلیلی، رحمان فارس، منور مرزا، رؤف ظفر اور ڈاکٹر سکندر اقبال کی تحریروں کی تعریف و توصیف تو آفتاب کو چراغ دکھانے کے مترادف ہے۔

’’رپورٹ‘‘ کے زیرِ عنوان ڈاکٹرعامر طاسین اور محمد ریاض ایڈووکیٹ کی تحریریں بھی پسند آئیں۔ اب بات ہوجائے۔ ’’آپ کا صفحہ‘‘کی۔ طویل وقفے کے بعد سلیم راجا بھی تشریف لے ہی آئے اور اعزازی کرسی ہی پر استراحت فرمائی۔ دیگر ستارے بھی بمع ہمارے چمک دمک رہے تھے۔ قرأت نقوی کی کوئی ای میل چار ہفتے بعد بھی شاملِ اشاعت ہوتی ہے، تو نہ جانے کیوں، اُس پر اعتراضات شروع ہو جاتے ہیں؟

حالاں کہ ہونا یہ چاہیے کہ پاکسان میں رہنے والےای میل کے بجائے خط ہی لکھیں اور یہ مُنّا سا ’’گوشۂ برقی خطوط‘‘ بیرونِ ملک مقیم افراد یا اُن لوگوں کے لیے مختص رہنےدیں، جنہیں پوسٹ آفس کی سہولت میسر نہیں۔ ویسےاس بارمجموعی طور پر پورا جریدہ ہی شان دار، زبردست نگارشات سے مرصع، قابلِ مطالعہ اور لائق تعریف تھااور اس کا سارا کریڈٹ جملہ کارکنان کی محنت اور مدیرۂ اعلیٰ کی قیادت کے سر ہے۔ (محمّد صفدر خان ساغر، نزد مکّی مسجد، محلہ شریف فارم، راہوالی، گوجرانوالہ)

ج : آج آپ کی ’’گوشۂ برقی خطوط‘‘ کے ضمن میں تجویز اور کچھ مزید عاقلانہ باتیں پڑھ کے اندازہ ہوا کہ اگر آپ چاہیں تو ماڈلنگ سے آگے بھی کچھ دیکھ اور سوچ سمجھ سکتے ہیں۔

واقعتاً ’’سرچشمۂ ہدایت‘‘ ہے

بعداز تسلیمات عرض ہے، ’’سنڈے میگزین‘‘ کا ایک نہایت مقبول اور پسندیدہ سلسلہ ’’سرچشمۂ ہدایت‘‘ ہے، جو لگ بھگ ہر اتوار جریدے میں شامل ہوتا ہے، یہ سلسلہ عمومی قارئین کا پسندیدہ ہے اور میرا بھی ہے۔ سچ تو یہ ہے کہ اس سلسلے کے مضامین میں زندگی کے اہم موضوعات کو آسان، نہایت موثر اور بہت ہی دل کش انداز میں پیش کیا جاتا ہے۔ بیش تر شائع ہونے والے مضامین نہ صرف مسلمانوں بلکہ ہر مذہب کے ماننے والوں کے لیے واقعتاً ’’سرچشمۂ ہدایت‘‘ ثابت ہوتے ہیں۔

جب کہ ہمارا دوسرا پسندیدہ ترین صفحہ ’’آپ کا صفحہ‘‘ (خطوط کی محفل) ہے اور اس کی پسندیدگی کی ایک بڑی وجہ تو یہ ہے کہ اس میں ہمارے خطوط کو بھی وقتاً فوقتاً جگہ دی جاتی ہے، جب کہ دوسری بڑی وجہ اس کے ذریعے پاکستان بھر کے لوگوں کا ایک پلیٹ فارم پر یک جا ہوجانا ہے بلکہ اکثر تو بیرونِ ملک مقیم پاکستانی بھی دکھائی دے جاتے ہیں۔ (شری مرلی چند جی گوپی چند گھوگھلیہ، شکارپور)

ج: جریدے کے آپ جیسے قارئین ہی درحقیقت ہمارا اصل اثاثہ، کُل سرمایہ ہیں۔

اپنی مثال آپ، شان دار جرائد

تازہ سنڈے میگزین میں تقریباً سارے ہی مضامین 12 ربیع الاوّل سے متعلق تھے، تب ہی پورا جریدہ انتہائی عقیدت و احترام سے پڑھا گیا۔ منور مرزا ’’حالات و واقعات‘‘ میں ’’مکّہ معاہدے‘‘ پر روشنی ڈال رہے تھے، مطالعے کے بعد معلومات میں خاصا اضافہ ہوا۔ ’’ڈائجسٹ‘‘ میں نجم السحر کی ’’تسبیحِ فاطمہؓ ‘‘ بہت پسند آئی اور ڈاکٹر زیزہ انجم کی نعت تو سیدھی دل میں اُتر گئی۔ سچ یہ ہے کہ مجموعی طور پر پورا جریدہ ہی اپنی مثال آپ تھا۔

اگلا جریدہ ’’عالمی یومِ حجاب ایڈیشن‘‘ تھا اور موضوع کی مناسبت سے کئی خُوب صُورت، شاہ کار نگارشات بھی پڑھنے کو ملیں۔ ایسا عُمدہ جریدہ تیار کرنے پر مبارک باد قبول فرمائیں۔ ’’رپورٹ‘‘ میں عرفان ہارون حیدرآباد کے مسائل بیان کررہے تھے۔ ویسے تو پورے مُلک کے شہروں کا یہی حال ہے۔

’’حالات و واقعات‘‘ میں منور مرزا اور ’’احسنِ تقویم‘‘ میں رحمان فارس اعلیٰ ترین نگارشات کے ساتھ نظر آئے۔ دونوں کے مضامین انتہائی ذوق و شوق سے پڑھے جاتے ہیں اور آج تو آپ نے ’’گوشۂ برقی خطوط‘‘ کو دل کھول کر جگہ دے دی۔ قرأت نقوی کی ایک نہیں، دو نہیں، تین عدد ای میلز پڑھنے کو مل گئیں۔ (رونق افروز برقی، دستگیر کالونی،کراچی)

ج: ہماری پردیسن قرأت کا اتنا Back Log چل رہا ہے کہ بھرپور ایڈیٹنگ اور چار، چار ای میلز کا ملغوبا بناکر شائع کررہے ہیں، حالاں کہ اب تو وہ بےچاری مہینے میں بمشکل ایک ہی ای میل کرتی ہے۔

’’سر درد‘‘ کا بھی جواب نہیں

ہمیشہ کی طرح اس بار بھی دو ہی شماروں پر تبصرہ ارسالِ خدمت ہے، پہلا شمارہ ’’جشنِ آزادی ایڈیشن‘‘ تھا۔ منور مرزا کا تجزیہ بعنوان ’’جنگیں، ٹیرف کا دباؤ اور عالمی معیشت‘‘ ہمیشہ کی طرح بہترین تھا۔ رابعہ فاطمہ کا مضمون، ’’تقسیمِ ہند کے آخری تیس دن‘‘ پڑھ کر تو رونگٹے کھڑے ہوگئے۔ بہت ہی شان دار مضمون بھی تھا۔ ’’احسنِ تقویم‘‘ میں اس بار، اساطیری اسلوب کے اول و آخر اُفق، محمّد اظہار الحق اور شاعرِ انفس و آفاق، احمد مشتاق پر شان دارخاکے پڑھنے کو ملے۔

رحمان فارس کے انداِز تحریر کا تو کوئی جواب ہی نہیں۔ ویسے ایک بات ہے، آپ کے سر کی پِیڑ (درد) یعنی نواب زادہ بے کار ملک کا بھی جواب نہیں، پہلے تو خط میں سیّد یوسف رضا گیلانی کی مخالفت کی اور پھر ان ہی سے نوکری کی درخواست بھی کر رہے تھے۔ ’’آبنائے ہرمز، بندش اور رکاوٹیں‘‘ بہترین معلوماتی نگارش تھی۔ ’’حسین وادیوں کا سفر اور اس قدر پُرخطر‘‘، رؤف ظفر نے تشویش ناک ’’رپورٹ‘‘ تیار کی۔

بلاشبہ پاکستان کے بہت سے علاقے جنّت نظیر تو ہیں، جن میں گلگت بلتستان، سوات، ہنزہ ویلی، کاغان ویلی، اسکردو، ناران، چترال وغیرہ شامل ہیں، لیکن ان ہی علاقوں میں کئی کئی میل تو سڑکوں کے اطراف حفاظتی دیواریں تک نہیں اور اِسی سبب اکثر حادثات بھی پیش آتے ہیں، ناچیز کا خط اور ’’اَن مول موتی‘‘ میگزین کی زینت بنانے پر بے حد شکریہ، ہمیشہ خوش رہیں۔ (پرنس افضل شاہین، نادر شاہ بازار،بہاول نگر)

ج: جی… ’’سر درد صاحب‘‘ کے عموماً سب سوال و جواب، لاجواب ہی ہوتے ہیں۔

                    فی امان اللہ

اس ہفتے کی چٹھی

اگست کا شمارہ موصول ہوا، ربیع الاوّل کے پُربہار ماہِ مبارک کی نسبت سے سرِورق پر گنبدِ خضرا کی نورانی، دِلوں کو جگمگاتی تصویر سے مستفید ہوتے ہوئے، محمود میاں نجمی کی روحانی محفل میں حاضر ہوگئے، جہاں وہ سرورِ عالم حضرت محمّد مصطفیٰ ﷺ کی حیاتِ طیبہ کے واقعات کی دوسری قسط کے ساتھ موجود تھے۔ سفر کے دوران والدہ ماجدہ حضرت آمنہ کی وفات کے تذکرے، معصوم بچّے کی ماں سے جدائی اور قبر پر آنسو بہاتے مٹی ڈالنے کے دل دوز منظر کے احوال نے اشک بارکردیا۔

’’دُرِّ یتیم‘‘ کو رحمت اللعالمینؐ کے عظیم مقام پر فائز کر کے قدرت نے سارے جہاں کی ہدایت کا ذریعہ بنا دیا۔ حافظ بلال بشیرمیثاقِ مدینہ کی افادیت و اہمیت پر روشنی ڈال رہے تھے، معاشرے میں امن و امان کے لیے اس سے بہتر منصوبہ پیش نہیں کیا جاسکتا۔ آج اگر دنیا آقا ﷺ کی تعلیمات پر عمل شروع کر دے تو سب فساد، جھگڑوں سے چھٹکارا پاکر امن و آشتی کے رستے پر گام زن ہوسکتی ہے۔ مہ وش عروج نے مدحتِ رسولؐ کے1500 سو سالہ سفر پر جو مضمون بلکہ تحقیقی مقالہ لکھا اور اس کے لیے جس قدرعرق ریزی کی، بخدا اُس کی تحسین کے لیےالفاظ نہیں ملتے۔

ایک خاتون کا ایساجامع تجزیہ حیران کرگیا، عموماً یہ مردوں کا شعبہ سمجھا جاتا ہے۔ قابلِ صدستائش امر ہے کہ اگر خواتین بھی تحقیق و جستجو کی ٹھان لیں، تو کیا کچھ نہیں کرگزرتیں۔ منور مرزا مکّہ معاہدے کے چیلنجز کی نشان دہی کر رہے تھے۔ بہرحال، یہ سارا بوجھ پاکستان ہی کواٹھانا پڑے گا۔ منیر احمد خلیلی کویت کی تاریخ بتا رہے تھے، نشیب و فراز تو قوموں کی زندگی میں آتے رہتے ہیں، مگر جو قومیں ان واقعات سے سبق حاصل کرلیں، وہ منزل پالیتی ہیں۔

افشاں نوید سیرت نبویؐ کوتہذیب کا بہترین منشور بتارہی تھیں، بےشک، سو فی صد درست کہا۔ ثناء توفیق بدانتظامی کے سبب برسات کے رحمت کی بجائے زحمت بننے پرمضطرب تھیں، وہ کیا ہے کہ’’خود کردہ را علاجے نیست‘‘(اپنے کیے کا کوئی مداوا نہیں) فاطمہ روبی نے ’’بکھرے موتی‘‘ کے ذریعے اتفاق و اتحاد کا درس دیا، تو نجم السحر ’’تسبیحِ فاطمہؓ ‘‘ کی افادیت کا تذکرہ لائیں، جودین و دنیا کی کام یابی کی ضمانت ہے۔

ڈاکٹر عزیزہ انجم کی نعت محبت و عقیدت کا تحفہ تھی، تو ’’گم نام‘‘ کی باتیں بھی اچھی لگیں۔ ہمارے صفحے میں ’’اس ہفتے کی چِٹھی‘‘ ہماری قرار پائی، بہت شکریہ اور رونق افروز برقی صاحب! ہم اس صفحے پر راجا سے سینئر ہیں۔ اُن سے پہلے بھی اعزاز حاصل کرتے رہے ہیں اور اُن کے ہوتے ہوئے بھی۔ مانا کہ اُن میں ٹیلنٹ ہے، جس کا انعام انھیں ملتا ہے اور ملنا چاہیے۔ ہمیں تو بس لکھنے کا شوق ہے، پہلے، آخری نمبر سے کوئی غرض نہیں۔ (شہزادہ بشیر محمّد نقش بندی، میرپورخاص)

ج: آپ لوگوں کے لیے کوئی ایک جملہ لکھ دے، غضب ناک ہو جاتے ہیں، تو پھر ہمارے صبروہمّت کو تو باقاعدہ21 توپوں کی سلامی ملنی چاہیے۔

گوشہ برقی خطوط

* ہمارے شہر کوہاٹ میں کافی عرصے سے جنگ، دی نیوز اور اخبارجہاں آنے بند ہو چکے ہیں۔ جب ہم نیوز ایجینسی سے بات کرتے ہیں، توجواب ملتاہے کہ اخبار والے گاڑی کا کرایہ نہیں دیتے اور ہم اپنی جیب سےکرایہ دے نہیں سکتے۔ براہِ کرم اس مسئلےکوحل کریں اورہماری آواز متعلقہ شعبے تک پہنچائیں۔ کوہاٹ ایک اہم شہر اور کوہاٹ ڈویژن کاصدرمقام ہے،یہاں جنگ اخبار تو آنا ہی چاہیے۔ (قاسم، کوہاٹ)

ج: ہم بھی متعلقہ شعبے تک شکایت ہی پہنچا سکتے ہیں، سو پہنچا دی گئی ہے۔

* ’’آٹوبریوری سینڈروم‘‘ پر میرا مضمون شائع کرنے کا بے حد شکریہ۔ آپ نے جس طرح اس مضمون کی تراش خراش، نوک پلک درست کی، وہ لائقِ صد تحسین ہے۔ بہت شکریہ۔ (ڈاکٹر ایم عارف سکندری، کھوکھر محلہ، حیدرآباد)

ج: آپ کا بے حد شکریہ کہ یہ بات تسلیم کرنے کا ظرف بھی کم کم لوگ ہی رکھتے ہیں۔

* مَیں نے آپ کو صفحہ ’’ڈائجسٹ‘‘ کے لیے ایک چھوٹی سی تحریر بھیجی ہے۔ اگر اچھی لگے تو شائع کردیجیے گا۔ ویسے مَیں وہی لڑکی ہوں، جس کےلیے آپ نے کہا تھا کہ ’’تم جیسی لڑکیاں تکیوں میں منہ چُھپا کر روتی ہیں۔‘‘ ہا ہا ہا…آپ کو ایک بات بتاؤں، مَیں آپ کی بہت بڑی فین ہوں اور ایک بات اور کہ مجھے مصنفہ بننے کا بہت شوق ہے۔ ہو سکتا ہے، کبھی مَیں بھی آپ کی طرح کسی جریدے کی ایڈیٹر بن جاؤں۔ کہتے ہیں، جاگتی آنکھوں سے اتنے بڑے بڑے خواب نہیں دیکھنے چاہئیں، زندگی مشکل ہو جاتی ہے، مگر، خواب تو خواب ہیں ۔ (مشعل فاطمہ، کنڈیوالہ)

ج: ارے… خواب تو دیکھنے ہی جاگتی آنکھوں سے چاہیے۔ بند آنکھوں کے سہانے سپنےتوبس سراب ہوتے ہیں۔ سچ کہیں تو اصل تعبیر کے حق دار بھی وہی خواب ہوتے ہیں، جو کُھلی آنکھوں میں بسائے جاتے ہیں۔

* میرا مضمون شائع کرنےکا بہت شکریہ۔ نئے لکھنے والوں کی ایسی حوصلہ افزائی پرمَیں آپ اور آپ کی پوری ٹیم کا بےحد ممنون ہوں۔ اُمید ہے، آئندہ بھی میری تحریروں کو جگہ ملتی رہے گی۔ (عمران رفیع)

قارئینِ کرام کے نام !

ہمارے ہر صفحے، ہر سلسلے پر کھل کر اپنی رائے کا اظہار کیجیے۔ اس صفحے کو، جو آپ ہی کے خطوط سے مرصّع ہے، ’’ہائیڈ پارک‘‘ سمجھیے۔ جو دل میں آئے، جو کہنا چاہیں، جو سمجھ میں آئے۔ کسی جھجک، لاگ لپیٹ کے بغیر، ہمیں لکھ بھیجیے۔ ہم آپ کے تمام خیالات، تجاویز اور آراء کو بہت مقدّم ، بے حد اہم، جانتے ہوئے، ان کا بھرپور احترام کریں گے اور اُن ہی کی روشنی میں ’’سنڈے میگزین‘‘ کے بہتر سے بہتر معیار کے لیے مسلسل کوشاں رہیں گے۔ ہمارا پتا یہ ہے۔

نرجس ملک

ایڈیٹر ’’ سنڈے میگزین‘‘

روزنامہ جنگ ، آئی آئی چندریگر روڈ، کراچی

sundaymagazine@janggroup.com.pk

سنڈے میگزین سے مزید