مصنوعی ذہانت کے ذریعے جعلی خبریں، تصاویر، ویڈیوز اور دستاویزات تیار کرنے کے بڑھتے ہوئے رجحان نے دنیا بھر میں اصل اور جعلی معلومات کے درمیان فرق کرنا مشکل بنا دیا ہے۔
اس عالمی چیلنج پر برسلز میں یورپی پارلیمنٹ کے زیر اہتمام منعقدہ عالمی پارلیمانی کانفرنس 2026ء میں بھی تفصیلی بحث ہوئی۔
کانفرنس کے سوال و جواب کے سیشن میں پاکستان کے رکن قومی اسمبلی سید ابرار علی شاہ نے اہم سوال اٹھایا کہ مصنوعی ذہانت کے دور میں پارلیمنٹیرینز کس طرح معلوم کر سکتے ہیں کہ کون سی خبر حقیقی اور کون سی جعلی ہے؟ ان کے سوال کو شرکاء اور مقررین نے خصوصی توجہ سے سنا۔
جواب میں ایک مقرر نے اعتراف کیا کہ موجودہ دور میں کسی خبر، تصویر یا دستاویز کو دیکھ کر سو فیصد یقین سے اس کی اصلیت کا تعین کرنا ممکن نہیں رہا۔
انہوں نے معلومات کی تصدیق کے لیے ڈیجیٹل دستخط اور جدید تصدیقی نظام متعارف کروانے کی ضرورت پر زور دیا جن کے ذریعے کسی دستاویز کے اصل ماخذ، اسے تیار کرنے والے اور اس میں ہونے والی تبدیلیوں کا پتا لگایا جا سکتا ہے۔
مقرر نے خبردار کیا کہ اگر پارلیمان شہریوں کی جانب سے جمع کروائی جانے والی ہر دستاویز کے لیے سرکاری تصدیق لازمی قرار دے دیں تو عام لوگوں کے لیے پارلیمانی عمل میں شرکت اور اپنی آواز متعلقہ اداروں تک پہنچانا مشکل ہو سکتا ہے۔
اس موقع پر غلط معلومات کے خلاف عالمی سطح پر آواز اٹھانے والی صحافی ماریا ریسا کی مداخلت کا حوالہ بھی دیا گیا، بحث میں اس بات کی نشاندہی کی گئی کہ اب کسی اطلاع کو مکمل طور پر درست، جعلی یا ان دونوں کے درمیان قرار دینا پہلے سے کہیں زیادہ پیچیدہ ہو چکا ہے۔
عالمی پارلیمانی کانفرنس کے اہم موضوعات
عالمی ای پارلیمنٹ کانفرنس 2026ء کا انعقاد بین الپارلیمانی یونین اور یورپی پارلیمنٹ کے اشتراک سے کیا گیا جس میں دنیا بھر سے ارکان پارلیمنٹ، پارلیمانی رہنماؤں، سیکریٹریز جنرل اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
کانفرنس میں ڈیجیٹل معاشرے میں پارلیمنٹیرینز کے کردار، پارلیمانوں میں ڈیجیٹل تبدیلی، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال، مصنوعی ذہانت کی نگرانی، سائبر سیکیورٹی، ڈیجیٹل خواندگی اور غلط معلومات کی روک تھام سمیت اہم امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر ’سچ یا فریب: غلط اور گمراہ کن معلومات کے دور میں اعتماد کی تعمیر‘ کے عنوان سے خصوصی نشست بھی منعقد ہوئی جس میں جعلی خبروں کے جمہوری اداروں اور معاشروں پر اثرات کا جائزہ لیا گیا۔
کانفرنس میں سید ابرار علی شاہ کی جانب سے اٹھایا گیا سوال اس حقیقت کی نشاندہی کرتا ہے کہ مصنوعی ذہانت کے ذریعے اب ایسی تصاویر، ویڈیوز، دستاویزات اور بیانات تیار کرنا ممکن ہو گیا ہے جو بظاہر حقیقت سے مشابہت رکھتے ہیں۔
شرکاء کے مطابق دنیا بھر کی حکومتوں، پارلیمانوں، صحافیوں اور ٹیکنالوجی اداروں کے لیے ضروری ہے کہ وہ جعلی معلومات کی روک تھام کے ساتھ تصدیق کے شفاف اور قابل اعتماد نظام بھی قائم کریں تاکہ عوامی اعتماد، آزادی اظہار اور جمہوری اقدار کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔