• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام امن، آشتی ،درگذر، حسن اخلاق اور بھا ئی چارے کا درس دیتا ہے

سیالکوٹ (نمائندہ جنگ) اسلام امن، آشتی، عفودرگذر، حسن اخلاق اور بھا ئی چارے کا درس دیتا ہے ‘ مسلمان اور دین اسلام امن کی علامت ہیں اسلئے مسلمانوں کوامن کا داعی اور پیامبر ہو ناچاہئے‘ محرم الحرام کے دوران امن وامان کو برقرار رکھنے کیلئے تمام مکاتب فکر کے مقررین اپنے بیانات میں اتحاد بین المسلمین کو ملحوظ خاطر رکھیں اور کسی قسم کا اختلافی پہلو بیان نہ کریں جس سے کسی دوسرے فرقے کے لوگوں کی دل آزاری یا جذبات کو ٹھیس پہنچے اور معاشرے کا امن برباد ہو۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی امن کمیٹی سیالکوٹ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی سی او سیالکوٹ ڈاکٹر آصف طفیل نے کیا۔ انہوں نے کہاکہ محرم الحرام کے دوران ضلع سیالکوٹ میں امن وامان برقرار رکھنا انتظامیہ ، پولیس سمیت تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے طبقات کی مشترکہ ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے کہاکہ دین اسلام امن آشتی کا درس دیتا ہے اور معاشرے میں کسی بھی قسم کی بدامنی اور جارحیت کی اجازت نہیں دیتا اسلئے علماءکرام کو چاہئے کہ وہ اختلافی مسائل کو بالائے طاق رکھتے ہوئے مذہبی ہم آہنگی کیلئے کام کریں اور اپنی صفوں میں مکمل اتحاد و اتفاق قائم رکھیں ۔ انہوں نے کہاکہ ہم کو اپنے عمل سے ثابت کرنا ہے کہ ہم پوری طرح متحد ہیں اور دنیا کی کوئی طاقت ہمیں نقصان نہیں پہنچا سکتی ۔ ڈی پی او سیالکوٹ ڈاکٹر محمد عابد خاں نے کہاکہ حکومت پنجاب نے صوبہ میں امن و امان کو برقرار رکھنے کیلئے تمام مکاتب فکر کی رضا مندی سے ضابطہ اخلاق مرتب کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ علماءکرام پر زور دیا کہ وہ ضابطہ اخلاق کی خود بھی پابندی کریں اور اس دوسروں کو بھی قانون کی پاسداری کی ترغیب دیں ۔ انہوں نے کہاکہ محرم الحرام میں منعقد کئے جانے والی مجالس، جلوسوں، امام بارگاہوں اور عبادت گاہوں میں ہر قسم کی اسلحہ کی نمائش پر مکمل پابندی ہوگی۔ اجلاس سے تمام مکاتب فکر کے علماءکرام اور عمائدین نے خطاب کرتے ہوئے معاشرے میں امن ، مذہبی رواداری اور برداش کے کلچر کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا ۔ انہوںیقین دلایا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کو برقرار رکھنے کیلئے انتظامیہ سے مکمل تعاون کریں گے ۔ اسسٹنٹ کمشنر سیالکوٹ میثم عباس، اسسٹنٹ کمشنر ڈسکہ، سمبڑیال،پسرور ، کوآرڈی نیٹر امن کمیٹی سیالکوٹ حافظ اصغر علی، مولانا عقیل احمد، غلام حید ر ، مولانا فیض علی ، ماسٹر فیض احمد،  ذاکر حسین ، نجم گیلانی، کفایت اللہ شاکر، حافظ عبدالغفار، مولانا ایوب خاں، علامہ مصدق قاسمی، سید شبیر گیلانی ، احسان الٰہی رحمن، اراکین صوبائی اسمبلی محمد اکرام، ذوالفقار غوری اور حکیم رتن کمار کے علاوہ مختلف مذاہب کے عمائدین نے اجلاس میں شرکت کی۔
تازہ ترین