• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سینیٹ کمیٹی،95ملازمین پی آئی اےکے ڈومیسائل کی تصدیق نہ ہونے پر اظہار برہمی

اسلام آباد(نمائندہ جنگ) سینیٹ فنکشنل کمیٹی برائے حکومتی یقین دہانی نے پی آئی اے میں فاٹا سے تعلق رکھنے والے  95ملازمین کے ڈومیسائل کی تصدیق کے عمل مکمل نہ ہونے پر سخت برہمی کا اظہار کیا ۔چیئرمین کمیٹی سینیٹر آغا شہباز درانی نے کہا کہ تصدیق کے عمل میں تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائیگی۔فنکشنل کمیٹی کا اجلاس چیئرمین کمیٹی سینیٹر آغا شہباز درانی کی صدارت میں پارلیمنٹ ہائوس میں منعقد ہوا۔ فنکشنل کمیٹی کے اجلاس میں سینیٹر تاج محمد آفریدی ،سینیٹر مسز نزہت صادق،سینیٹر چوہدری تنویر خان کے سینیٹ کے اجلاسوں میں اٹھائے گئے سوالات کے حوالے سے حکومتی نمائندوں کی طرف سے یقین دہانیوں پر عملدرآمد کے معاملات کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا۔ سینیٹر تاج محمد آفرید ی نے 3مارچ2016کو سینیٹ اجلاس میں فاٹا سے تعلق رکھنے والے پی آئی اے کے 95ملازمین کے ڈومیسائل کی تصدیق کرنے کا کہا تھا جس پر وزیر برائے پٹرولیم اور قدرتی وسائل نے ایوی ایشن ڈویژن کے انچارج کی طرف سے یہ یقین دہانی کرائی تھی کہ تصدیق کا عمل جلدسے جلد مکمل کر لیا جائیگا۔سینیٹر تاج محمد آفریدی نے کہا کہ فاٹا میں انتظامیہ اچھا کام کر رہی ہے مگر تصدیق کے عمل میں تاخیر سمجھ سے باہر ہے۔ انہوں نے متعلقہ اداروںکے حکام کے رویے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے جلد سے جلد تصدیق کے عمل کومکمل کرانے کی سفارش کی۔سینیٹر محمد اعظم خان سواتی نے تجویز دی کہ تمام پولیٹیکل ایجنٹس کو بلایا جائے اور تصدیق کے عمل کو جلد سے جلد یقینی بنایا جائے۔جس پر فنکشنل کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ فاٹا سیکریٹریٹ  اور متعلقہ  پولیٹکل ایجنٹس کو آئندہ اجلاس میں طلب کر کے معاملے کو حتمی شکل دی جائیگی۔سینیٹر چوہدی تنویر خان کے توجہ دلائو نوٹس جونالہ لئی کے حوالے سے تھا اور جس کی یقینی دہانی وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور نے دلائی تھی  معاملے کا بھی تفصیل سے جائزہ لیا۔سینیٹر چوہدری تنویر نے کہا کہ نالہ لئی پنڈی کے عوام کی زندگیوں اور جائیدادوں کیلئے خطرہ بنتا جا رہا ہے اور مستقبل میں کسی بڑے حادثے سے بچنے کیلئے بہتر ہے کہ وقت پر اقدامات اٹھائے جائیں۔ جس پر کمیٹی نے سی ڈی اے کو ہدایت دی کہ معاملہ پلاننگ ڈویژن میں اٹھایا جائے ا ور آئندہ اجلاس میں ایک جامع پلان کے ساتھ کمیٹی کو آگاہ کیا جائے۔ پارلیمانی امور کے وزیر  نے فنکشنل کمیٹی کو بتایا کہ ملازمین کے کوٹے کے حوالے سے ترامیم ایک ہفتے کے اندر پارلیمنٹ ہائوس میں پہنچ جائینگی جس پر کمیٹی نے آئندہ اجلا س تک کے لئے معاملہ موخر کر دیا۔فنکشنل کمیٹی نے سینیٹر نزہت صادق کے5اگست2015کے توجہ دلائو نوٹس برائے فیڈریل گورنمنٹ سکولوں میں طلباء و اساتذہ کے غلط تناسب کے حوالے سے تھا کے معاملے کو ختم کر دیا ۔
تازہ ترین