• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گڈانی،دھماکے سے جاں بحق مزدوروں کی تعداد 13 ہوگئی

Death Toll Rise To 13 In Hub Incident
طلحہ ہاشمی...گڈانی میں تیل بردار ناکارہ بحری جہاز کو توڑے جانےکے دوران متعدد دھماکے ہوئے، جس کے نتیجے میں آگ لگ گئی، اس حادثے میں جاں بحق مزدوروں کی تعداد 13 ہوگئی جبکہ 58 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

جہاز میں لگی آگ بجھانے کیلئے ہیلی کاپٹر سے کیمیکل اسپرے کے علاوہ تمام ذرائع استعمال کئے جا رہے ہیں، مگر صورتحال اب بھی قابو میں نہیں آسکی ہے، خدشہ ہے کہ درجنوں مزدور اب بھی جہاز کے اندر پھنسے ہوئے ہیں۔

موت کا دھواں بلوچستان کے علاقے گڈانی کے شپ بریکنگ یارڈ میں لائے گئے تیل بردار، ناکارہ بحری جہاز سے اُٹھ رہا ہے۔

اطلاعات کے مطابق درجنوں مزدور گیس کٹر کے ذریعے جہاز کے مختلف حصوں کو توڑنے میں مصروف تھے کہ وقفے وقفے سے دھماکے شروع ہوگئے۔

کئی کلو میٹر دور تک سنائی دینے والے دھماکوں کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ لوہے کی وزنی چادریں کاغذ کے پرزوں کی طرح اوپر بلند ہوئیں اور مزدوروں پر آگریں۔

دھماکوں کے بعد جہاز میں ہر طرف آگ لگ گئی، بہت سے مزدوروں نے سمندر میں چھلانگ لگاکر جان بچائی تاہم کئی مزدوروں کو سنبھلنے کا موقع تک نہ ملا۔

زخمیوں کو فوری طور پر مقامی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا جہاں سے شدید زخمیوں کو سول اسپتال کراچی بھیج دیا گیا۔

نیوی، ایئرفورس، پورٹ ٹرسٹ، کے ایم سی اور دیگر اداروں کے فائر ٹینڈر آگ بجھانے میں مصروف ہیں جبکہ ہیلی کاپٹر کے ذریعے بھی کیمیکل ملے پانی کا اسپرے کیا جارہا ہے۔

ذرائع نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اب بھی درجنوں مزدور جہاز کے اندر محصور ہیں اور ہلاکتوں میں اضافہ ہوسکتا ہے۔
تازہ ترین