• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی مظالم بڑھ گئے، عالمی برادری مقبوضہ کشمیر کے عوام کی آزادی کیلئے کردار ادا کرے، سیاسی و مذہبی و سماجی رہنما

لندن/ مانچسٹر/ بریڈ فورڈ/ برمنگھم/ لیڈز/ سلائو/ گلاسگو (غلام مصطفیٰ مغل/ علامہ عظیم جی/ ابرار مغل/ آصف محمود براہٹلوی/ تنویر کھٹانہ/طاہر انعام شیخ/ راجہ فیض سلطان/ رجاسب مغل) دنیا بھر کی طرح برطانیہ بھر میں مظلوم کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے یوم یکجہتی کشمیر منایا گیا۔ اس سلسلے میں مختلف کشمیری و پاکستانی جماعتوں اور تنظیموں کے تحت تقریبات منعقد کی گئیں مانچسٹر لانگ سائیڈ پاکستانی کمیونٹی سنٹر میں پاکستانی قونصل خانے کی جانب سے 5فروری کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے دن پر منایا گیا۔ رکن یورپی پارلیمنٹ سجاد حیدر کریم نے پاکستان قونصلٹ مانچسٹر کی جانب سے تقریب کشمیریوں کے ساتھ یوم اظہار یکجہتی کے حوالے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کو چاہئے کہ وہ کشمیریوں پر ہونے والے انسانیت سوز مظالم رکوانے کے لئے اقدامات کرے اور انہیں پیدائشی حق دینے کے لئے قراردادوں پر عمل درآمد کرائے۔ اس موقع پر امجد بشیر MEP ،افضل خان MEP، جولی وارڈ MEP، گریٹر مانچسٹر کے میئر ٹونی لائیڈ، مسلم کانفرنس برطانیہ کے صدر چوہدری محمد بشیررٹوی، پاک سرزمین پارٹی کے صدر چوہدری محمد الطاف شاہد، قونصلر جنرل ڈاکٹر ظہور احمد، کمیونٹی ویلفیئر اتاشی فزا خان نیازی، سابق لارڈ میئر مانچسٹر کونسلر نعیم الحسن، کونسلر عاصم رشید، مشتاق لاشاری، کونسلر یاسمین ڈار، محمد اقبال صدیقی، امجد حسین مغل، کونسلر عابد چوہان، کونسلر محمد زمان، کونسلر محمد شکیل، کونسلر شاہینہ ہارون، ڈاکٹر عامر سہیل، روبینہ خان، پامیلہ اشرف ملک، نصرت بیگم، نصر اللہ خان مغل و دیگر سیاسی و سماجی مذہبی رہنمائوں نے شرکت کی۔ افضل خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزادی ویسے نہیں ملتی بلکہ چھینی جاتی ہے اور جدوجہد کرنا پڑتی ہے۔ ممبران یورپی پارلیمنٹ امجد بشیر، جولی وارڈ اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت اپنے آپ کو سب سے بڑا جمہوری ملک سمجھتا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں جمہوریت اور انسانیت کی پامالی نہیں ہو رہی ہے۔ قونصل جنرل ڈاکٹر ظہور احمد نے صدر پاکستان ممنون حسین اور وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کا کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کا قدم اور بیرون ممالک آباد پاکستانیوں کے لئے پیغامات پڑھ کر سنائے۔ چوہدری محمد بشیر رٹوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سردار عتیق احمد خان کی واضح ہدایت ہے کہ تحریک آزاد کشمیر کیلئے سب کے ساتھ چلو، اس تقریب میں جموں کشمیر تحریک حق خودارادیت یورپ کے چیئر پرسن کونسلر یاسمین ڈار، کونسلر عاصم رشید، ٹونی لائیڈ نے بھی خطاب کیا۔ تقریب کی نظامت کمیونٹی ویلفیئر اتاشی مسز فیفہ خان نیازی نے سر انجام دیئے۔ تلاوت قرآن پاک کا شرف ڈاکٹر محمد یونس پرواز نے حاصل کیا۔ مقامی گلوکار استاد محمد سرور نے کشمیر پر ملی نغمہ بھی پیش کیا۔ اس پروگرام میں مظلوم کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم پر تیار کردہ ڈاکو منٹری سکندر گل نے دکھائی۔ آزاد کشمیر اسمبلی میں اوورسیز ایم ایل اے راجہ جاوید اقبال نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان نواز شریف کے ویژن کے مطابق اور وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر کی قیادت میں برطانیہ سمیت پوری دنیا میں مقیم اوورسیز کشمیریوں کے مسائل کے حل کے ساتھ ساتھ مسئلہ کشمیر کو درپیس مسائل کے حل کے لئے ہمہ وقت تیار ہوں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے برمنگھم آفس میں مختلف عوامی وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت آزاد کشمیر تارکین وطن کشمیریوں کی خدمات اور کارناموں کا مکمل اعتراف کرتے ہوئے ان کو ہر ممکن سہولیات اور ریلیف دینے کے مشن پر گامزن ہے۔ سابق ممبر آف یورپین پارلیمنٹ فل بینٹن، لیڈر آف لب ڈیم کونسلر جان ہنٹ، برٹش کشمیری فائونڈیشن کے چیئرمین نائب مغل، ناظم اعلیٰ اور سابق پارلیمنٹری امیدوار شہزاد اقبال نے آسٹن کمیونٹی سنٹر میں منعقدہ یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلہ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری کشمیری عوام کو آزادی دلانے کے لئے کردار ادا کرے۔ تقریب کے نظامت کے فرائض شہزاد اقبال نے سر انجام دیئے جب کہ بزرگ سیاسی رہنما حاجی شریف مغل، چوہدری امین ممبر فیڈرل کونسل،بشیر رٹوی، مرزا فیصل، غضنفر محمود، مسیح کمیونٹی کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔ سابق ایم ای پی فل بینن نے کہا کہ یورپ، امریکہ، برطانیہ، بھارت سے تجارت کے لئے کشمیر ایشو کو سامنے رکھیں۔ انسانی حقوق کی خلاف ورزی کو سامنے رکھیں تو خاطر خواہ نتائج نکل سکتے ہیں۔ لیڈر آف سٹی کونسل برائے لب ڈیم کونسلر جان ہنٹ نے کہا کہ ہم کشمیریوں کی جدوجہد آزادی میں ان کے ساتھ ہیں۔ یورپ کی سب سے بڑی کونسل میں لب ڈیم کی پیش کردہ قرارداد جو فل کونسل ہائوس سے منظور کی گئی وہ ہماری جماعت کی جانب سے تھی۔ تحریک کشمیر کے حوالے سے جب بھی ذکر آئے گا تو لب ڈیم کی پاس کردہ قرارداد ضرور یاد آئے گی۔ نائب حسین مغل نے کہا کہ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر کے عوام کی قربانیاں اور جدوجہد کو تسلیم کرتے ہوئے۔ انہیں UNO کی قراردادوں کی روشنی میں بریگزٹ کی طرح ریفرنڈم کا حق دلوائے تاکہ وہ اپنے مستقبل کا فیصلہ کرسکیں۔ شہزاد اقبال نے کہا کہ نوجوان نسل کا تحریک آزادی کی جدوجہد میں شریک ہونا بڑی کامیابی ہے۔ چوہدری امین، حاجی شریف، پرویز رٹوی، مرزا فیصل، غضنفر محمود نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو اصل حالت میں زندہ رکھنا بھی کامیابی ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر عالمی برادری کی نظریں مرکوز ہیں، اس صورت حال سے فائدہ اٹھانے کے لئے جدوجہد آزادی مزید تیز کرنا ہوگی، آخر میں شہداء کے لئے خصوصی دعائیں کی گئی۔ لیڈز میں کشمیر دوست ارکان پارلیمنٹ لارڈ ٹموتھی کرک ہوپ، امجد بشیر MEP، جان پراکٹر MEP، جیسن میکارٹنی، ریلک شیلبروک MB، پالیسی فورم کے یارکشائر ریجن کے کوآرڈینیٹر مائیک ہین، کنزرویٹو نیشنل کونسل کے صدر گیری بیٹس اور پالیسی فورم کے ڈائریکٹر سپنسر پٹفیلڈ نے جموں کشمیر تحریک حق خودارادیت یورپ کے عہدیداروں کا نکتہ نظر سنا اور اپنے اپنے حوالے سے معاونت کی یقین دہانی کرائی ہے۔ اس موقع پر برٹش کشمیریوں سے اپیل کی کہ وہ ہر سطح پر اپنے مقامی سیاستدانوں سے ملاقاتیں کرکے نہ صرف مقبوضہ کشمیر کے حالات سے آگاہ کریں بلکہ مقامی مسائل کے حل اور موثر لابی کے لئے مقامی سیاسی نظام کا بھی حصہ نہیں تاکہ سیاستدان بھی آپ کی حمایت کرسکیں۔ اس سے قبل تحریک کے وفد کنزرویٹو پارٹی میں سب سے بااثر 1922 کمیٹی کے چیئرمین سر گراہم بریڈی MP سے امجد بشیر MEP کے ہمراہ ملاقات کرکے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کی طرف سے مسلسل انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے حوالے سے بریف کیا اور مطالبہ کیا کہ وہ برطانوی وزیراعظم تھریسا مے سے اگلی ملاقات میں برٹش کشمیریوں کے جذبات سے آگاہ کریں اور بھارت سے تجارت کو انسانی حقوق کی خلاف وزیاں بند کروانے سے مشروط کریں۔ تحریک کے چیئرمین راجہ نجابت حسین نے اس موقع پر پارٹی اکابرین کو کشمیر گروپ کے چیئرمین اور بری نارتھ سے کنزرویٹو رکن پارلیمنٹ ڈیوڈ نٹال کی طرف سے کشمیریوں کی حمایت میں کی جانے والی کاوشوں سے بھی آگاہ کیا۔ سکاٹ لینڈ میں یوم یکجہتی کشمیر بڑے جذبے کے ساتھ منایا گیا، دن کا آغاز مساجد میں کشمیری عوام کے لئے آزادی کی دعائوں سے ہوا، سکاٹ لینڈ کی پاکستانی کمیونٹی ماضی میں ہمیشہ تحریک کشمیر کے صدر حنیف راجہ کی قیادت میں بھارتی قونصلیٹ ایڈنبرا کے باہر مظاہرہ کیا کرتی تھی لیکن اس بار اتوار کی چھٹی کے باعث قونصلیٹ بند تھا چنانچہ سکاٹش ہیومن رائٹس فورم کے زیر اہتمام جامع مسجد خضرا کے کمیونٹی ہال میں تقریب منعقد کی گئی۔ تحریک کشمیر کے صدر حنیف راجہ نے کہا کہ جب تک کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ان کا حق خودارادی نہیں دیا جاتا، برصغیر میں کبھی امن قائم نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے تمام کشمیریوں اور پاکستانیوں سے کہا کہ وہ اپنے اپنے حلقے کے ممبران پارلیمنٹ کو مسئلہ کشمیر کے بارے میں خط لکھ کر آگاہ کریں۔ قونصل جنرل آف پاکستان رومان وزیر نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی اور سفارتی محاذ پر اپنی غیر متزلزل حمایت ہمیشہ جاری رکھے گا۔ دنیا کے دیگر انصاف پسند ممالک کو بھی اس سلسلہ میں اپنا کردار ادا کرنا چاہئے، سکاٹش پارلیمنٹ میں شیڈو ہیلتھ سیکرٹری انس سرور نے بتایا کہ انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کے مظالم پر سکاٹش پارلیمنٹ میں جو قرارداد پیش کی تھی، وہ اب کراس پارٹی کی حیثیت اختیار کر گئی ہے۔ ڈاکٹر جاوید حسین گل نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو نہ صرف منتخب اداروں کے ممبران تک پہنچایا جائے، بلکہ ٹریڈ یونین اور دیگر ہر طرح کے پلیٹ فارمز پر بھی اجاگر کیا جائے۔ سید طفیل حسین شاہ نے مسئلہ کشمیر کا پس منظر بتایا اور مطالبہ کیا کہ جس طرح ایسٹ تیمور اور دیگر کئی مقامات پر ریفرنڈم کروائے گئے ہیں۔ اسی طرح مقبوضہ کشمیر میں بھی عوام سے رائے لی جائے۔ ڈاکٹر ادریس نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کے مظالم کے باعث ہزاروں افراد ذہنی امراض کا شکار بن گئے ہیں، لیکن ان کے صلاح کی سہولتیں نہ ہونے کے برابر ہیں۔ مولانا حسن ربانی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں فلسطین سے بھی زیادہ مظالم ہورہے ہیں اور وہاں ایک لاکھ کے نزدیک کشمیری شہید کردیے گئے ہیں۔ جامع مسجد خضرا کے خطیب مولانا مظہر نے کہا کہ تحریک مزاحمت جاری رہنی چاہیے۔ یہ آئندہ نسلوں کے لیے مشعل راہ کام دے گی۔ ڈاکٹر جاوید حسین گل نے خورشید احمد اور راجہ زاہد کی خدمات پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ سلائو میں بھی یوم یکجہتی کشمیر کی تقریب منعقد ہوئی۔ سٹیج سیکرٹری ذاکر کیانی جب کہ صدارت زاہد راجہ نے کی۔ پاکستان مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے رہنما راجہ توحید اختر گوگا نے کی۔ راجہ توحید اختر گوگا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کی آزادی کی باتیں اب وادی سے اٹھ کر برطانیہ کے ایوانوں میں گونجنے لگی ہے۔ ڈاکٹر زیڈ یو خان نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قرارداد کے مطابق مسئلہ کشمیر کو حل کرایا جائے۔ زاہد راجہ نے کہا کہ کشمیر کی آزادی تک کشمیری چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ مجید کیانی، راجہ توحید، کونسلر نذیر، راجہ اسحق خان، راجہ بشارت اور دیگر نے خطاب کیا۔ یارکشائر کے کشمیری و پاکستانی سیاسی، سماجی اور مذہبی رہنمائوں کے علاوہ بریڈ فورڈ کے دونوں کشمیری نژاد ممبران پارلیمنٹ بیرسٹر عمران حسین اور ناز شاہ نے مقبوضہ کشمیر کے عوام سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر کو حق خودارادیت کے اصول پر حل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ برطانوی لیبر پارٹی کے دونوں ارکان نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر جموں کشمیر تحریک حق خودارادیت یورپ کی خصوصی تقریب میں خطاب کیا۔ جس کی صدارت تحریک کے مرکزی چیئرمین راجہ نجابت حسین نے کی، جبکہ اس موقع پر سردار عبدالرحمن خان، سابق لارڈ میئر بریڈ فورڈ، راجہ غضنفر خالق، کونسلر محمد رفیق لیڈز، پروفیسر نذیر تبسم، ہیری بوٹا، ظفر تنویر، چوہدری کرامت حسین، کونسل برائے مساجد لیڈز کے چیئرمین چوہدری ارشد کھٹانہ، حاجی محمد نجیب، حاجی قربان حسین، حاجی عبدالقیوم اور کونسلر حسن سمیت متعدد رہنمائوں نے ریاست جموں و کشمیر کے عوام کو ان کی آزادی کی جدوجہد جاری رکھنے اور بھارت کی سات لاکھ افواج کا جوانمردی سے مقابطہ کرنے پر خراج تحسین پیش کیا گیا۔ مہمان خصوصی بیرسٹر عمران حسین نے اپنے خطاب میں کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام سے صرف یکجہتی ہمارا مقصد نہیں، بلکہ ہم اس تحریک آزادی کا ایک حصہ ہیں جو بیرونی ملک سفارتی محاذ پر سرگرم عمل ہے۔ اس موقع پر ناز شاہMP نے کہا کہ برٹش کشمیریوں اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ برٹش پارلیمنٹ میں نہ صرف ان کے اپنے کشمیری وطن کی آزادی کے لیے آواز بلند کررہے ہیں بلکہ مقامی ممبران پارلیمنٹ کی بہت بڑی تعداد بھی کشمیریوں کے حق میں آواز بلند کرتی رہتی ہے۔ اس موقع پر لیڈز کونسل آف مساجد کے چیئرمین ارشد کھٹانہ نے کہا کہ جہاں پوری پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ ہے، وہاں لیڈز کے35مساجد کے نمائندے کی حیثیت سے میں اپنے مظلوم کشمیری بھائیوں کو نہ صرف ہر طرح کی معاونت کا یقین دلاتا ہوں، بلکہ اس عزم کا اظہار کرتے ہیں کہ کشمیریوں کی آواز اپنے مقامی سیاستدانوں تک بھی پہنچائیں گے۔ خاتون رہنما سیدہ زارہ عباس نے کہا کہ مظلوم کشمیری خواتین کے حق میں آواز بلند کرنے کے لیے کشمیری خواتین کو بھی میدان عمل میں آکر آسیہ اندرابی، فریدہ بہن جی اور یاسمین راجہ کی طرح حریت رہنما بن کر سفارتی محاذ پر جدوجہد کرنی ہوگی۔ تحریک کے سرپرست سردار عبدالرحمن خان نے مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ممبران پارلیمنٹ کو تحریکی سرگرمیوں میں شرکت اور معاونت پر خراج تحسین پیش کیا۔ سابق لارڈ میئر راجہ غضنفر خالق نے اپنے خطاب میں تحریکی رہنمائوں کی سرگرمیوں اور بریڈ فورڈ کے عوام کو مسئلہ کشمیر پر مسلسل کوششوں پر خراج تحسین پیش کیا۔
تازہ ترین