کراچی (نیوز ڈیسک) فٹ بال کی بین الاقوامی تنظیم فیفا کے صدر جیانی انفانتی نو نے خبردار کیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے عائد کردہ متنازع سفری پابندیوں کے باعث ان کے ملک کیلئے فیفا ورلڈ کپ 2026ء کا انعقاد مشکل ہوجائے گا۔ 2026ء میں 48؍ ٹیموں کے ٹورنامنٹ کے انعقاد کے حوالے سے امریکا کو پسندیدہ ملک قرار دیا جا رہا ہے؛ چاہے وہ یہ ٹورنامنٹ اکیلے منعقد کرائے یا پھر میکسیکو اور کینیڈا کے ساتھ مل کر۔ فیفا کے صدر کا کہنا ہے کہ اگر ٹرمپ نے مسلم اکثریتی ممالک کے شہریوں پر پابندیاں برقرار رکھیں تو امریکا اس پوزیشن میں نہیں ہوگا کہ وہ ورلڈ کپ کے انعقاد کی دوڑ میں شامل ہو سکے۔ جیانی نے کہا کہ اگرچہ امریکی عوام نے ٹرمپ کو صدر منتخب کیا ہے اور وہ جو کچھ بھی اپنے ملک میں کر رہے ہیں ہم اس کا احترام کرتے ہیں لیکن فی الوقت ہم انعقاد کی دوڑ میں شامل ہونے والے ممالک کیلئے ایک نیلامی پروگرام کے طریقہ کار کو وضع کر رہے ہیں، دنیا میں کئی ایسے ملک ہیں جہاں پابندیاں عائد ہیں، سفری رکاوٹیں ہیں، ویزا کی ضروریات کو پورا کرنا ہوتا ہے؛ ہمیں سب دیکھنا ہے۔ یہ بات واضح ہے کہ جب معاملہ فیفا کے مقابلوں کا آتا ہے تو کوئی بھی ٹیم اور اس کے حامی اور حکام جو ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کرتے ہیں انہیں اُس ملک تک رسائی ہونا چاہئے جہاں ورلڈ کپ کا انعقاد ہو رہا ہے، بصورت دیگر کوئی ورلڈ کپ نہیں ہو سکتا۔