• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تارکین وطن کی فلاح وزیراعظم کی اولین ترجیح ہے: بیرسٹر امجد ملک

Prime Minister Nawaz Sharifs Top Priority Is Wellness Of Overseas Pakistani
اوورسیز پاکستانی فاؤنڈیشن کے بورڈ آف گورنرز کے چیئرمین بیرسٹر امجد ملک نے کہا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی تارکین وطن کی فلاح و بہبود وزیراعظم پاکستان میاں نواز شریف کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے سفارتخانہ پاکستان برسلز میں کمیونٹی سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے اس سلسلے میں نہ صرف نیا بورڈ تشکیل دیا ہے بلکہ اس بورڈ کی سربراہی بھی ایک اوورسیز پاکستانی کے ہاتھ میں دی ہے تاکہ اس کو مثبت انداز میں آگے بڑھا یا جا سکے۔

بیرسٹر امجد ملک نے کہا کہ خواہش ہے کہ تارکین وطن کی ان کے دروازے پر خدمت ہو، سفارت خانے ان کی بہتر خدمت کریں، سرمایہ کاری کیلئے وطن عزیز میں سرخ فیتے کا خاتمہ ہو اور اوورسیز پاکستانی ملک کے بہتر تاثر کو پیش کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہاکہ آج انہوں نے یہاں نہ صرف اپنا مؤقف بیان کیا ہے بلکہ یہاں موجود لوگوں کی شکایات بھی سنی ہیں جس کی ایک جامع رپورٹ بنا کر وزیراعظم کو پیش کی جائے گی۔

بیرسٹر امجد ملک نے مزید کہا کہ کہ وہ بلا کسی امتیاز کے لوگوں کی اس طرح خدمت کرنا چاہتے ہیں جس سے ان کو اطمینان حاصل ہو۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ او پی ایف اور بیرون ملک مقیم پاکستانی تارکین وطن کے درمیان تعلق کے اب تک چلنے والے یک طرفہ ٹریفک کو دو طرفہ ٹریفک میں بدل ڈالیں گے۔

اس موقع پر انہوں نے مختلف سوالات کے جوابات بھی دیئے جبکہ سفیر پاکستان اور برسلز پارلیمنٹ کے پہلے پاکستان نژاد رکن ڈاکٹر منظور ظہور کو شیلڈز بھی پیش کیں۔
تازہ ترین