• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سعودی عرب: قطر ایئرویز کا لائسنس منسوخ ،تمام دفاتر بند

Saudi Arabia Qatar Airways Revoked License Closed Offices

سعودی عرب کی جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن کا کہنا ہے کہ اس نے قطر کی فضائی کمپنی ’قطر ایئرویز‘ کا مملکت کے لیے لائسنس منسوخ کر کے اُس کے تمام دفاتر بند کر دیے ہیں۔

اس سے قبل اتھارٹی کی جانب سے جاری بیان میں واضح کیا گیا تھا کہ فیصلے کا اطلاق فوری طور پر قطر کے تمام نجی اور تجارتی طیاروں پر ہوگا اور ان طیاروں پر سعودی عرب کی فضائی حدود پار کرنے پر بھی پابندی ہو گی۔

اتھارٹی نے بتایا کہ اس نے سعودی عرب کی تمام تجارتی اور نجی فضائی کمپنیوں کو قطر کے لیے پروازوں سے روک دیا ہے۔

یہ اقدام سعودی عرب کی جانب سے قطر کے ساتھ تمام سفارتی تعلقات منقطع کرنے اور تمام بری، بحری اور فضائی راستوں کی بندش کے بعد سامنے آیا ہے۔

سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر قطر کے شہریوں کے مملکت میں داخلے کو بھی ممنوع قرار دیا گیا ہے،ادھر متحدہ عرب امارات، بحرین اور مصر نے بھی مماثل اقدامات کا اعلان کر دیاہے۔

دوسری جانب قطر کے خلیجی عرب ممالک کے ساتھ تنازع کے بعد دوحہ کے ہوائی اڈے پر پھنس جانے والے ساڑھے پانچ سو پاکستانیوں کو مسقط منتقل کردیا گیا ہے۔

پاکستانی زائرین عمرے کی ادائیگی کے لیے قطر ائیر لائنز کے ذریعے دوحہ کے راستے سعودی عرب جارہے تھے، اس دوران پیر کے روز سعودی عرب اور دوسرے دوخلیجی ممالک نے قطر کے ساتھ اپنے ہر طرح کے تعلقات منقطع کر لیے تھے اور سعودی عرب نے قطر کے ساتھ اپنی بری،بحری اور فضائی سرحدیں بھی بند کردی تھیں اور اس کے طیاروں کے مملکت کے کسی ہوائی اڈے پر اترنے پر پابندی عائد کردی تھی۔

دوحہ میں پاکستانی سفارت خانے کی ایک افسر سعدیہ خرم کے مطابق ان میں سے چار سو پاکستانیوں کو قطر ائیرویز کے ذریعے منگل کی صبح اومان کے شہر مسقط منتقل کیا گیا ہے اور ڈیڑھ سو پاکستانیوں کو اومان کے طیارے کے ذریعے مسقط لے جایا گیا ہے اور پھر وہاں سے اومان کے طیارے سے ہی انہیں سعودی عرب لے جایا جائے گا۔

پاکستانی حکام نے اپنے شہریوں کو قطر ائیر ویز کے ذریعے سعودی عرب جانے یا کسی بھی اور فضائی کمپنی کی پرواز کے ذریعے قطر جانے سے گریز کی ہدایت کی ہے۔

سعدیہ خرم نے مزید بتایا ہے کہ دوحہ میں پاکستانی مشن اومان اور سعودی عرب میں اپنے ملک کے سفارت خانوں سے رابطے میں رہا ہے اور مسقط میں مسافروں کو سہولت مہیا کرنے کے لیے سفارت خانے کا عملہ ہوائی اڈے پر موجود تھا۔

ادھر سعودی عرب سےواپس جانے والے عمرہ مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے، سفارتخانہ اور قونصل خانہ پاکستان کی قطر ایئر کے اعلیٰ حکام سے بات چیت کے نتیجے میں ریاض سے پاکستان جانے والے قطر ایئر لائن کےمسافروں کو دوسری ایئرلائن سے وطن بھیجنے کی تیاری کی جارہی ہے۔

سفارتخانہ پاکستان کے ترجمان کا کہنا ہے کہ کنگ خالد انٹرنیشنل ائیرپورٹ ریاض سے 16 مسافروں کو پاکستان روانہ کردیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ جدہ سے 26 عمرہ مسافروں کو دوسری متبادل ایئرلائن سے پاکستان بھیجنے کے انتظامات کئے جا رہے ہیں، جن مسافروں کے پاس قطر ایئرلائن کے ٹکٹ ہیں وہ اپنے ایجنٹس کے ذریعے ٹکٹ یا تو ریفنڈ کروالیں یا تبدیل کرواکے دوسری ایئرلائن کی پرواز سے وطن روانہ ہوں۔

دوسری جانب قومی ایئرلائن بھی پاکستان جانے والے مسافروں کو اپنی پروازوں میں جگہ دے گی، یہ بات کنٹری منیجر امتیاز بھٹو نے ’جنگ‘ سے گفتگو کرتے ہوئے بتائی۔

تازہ ترین