 
                
                 
جیکب آباد+نصر پور(نامہ نگاران) عیدالفطر قریب آتے ہی مختلف بازاروں اور مارکیٹوں میں خواتین و بچوں کا رش دکھائی دینے لگا ہے۔خواتین کی دلچسپی کے لئے مختلف اقسام کی چوڑیوں کے نت نئے ڈیزائن اور جیو لری کے اسٹالز بھی سج گئے ہیں جبکہ بچوں کی دلچسپی کو بھی مد نظر رکھتے ہو ئے دکانداروں نے کپڑوں اور جو توں کے نت نئے ڈیزائن متعارف کرائے ہیں۔ مرد ، خواتین و بچوں کی بڑی تعداد افطاری کے بعد مارکیٹوں کا رخ کرتے ہیں ، عید خریداری کے لیے آنے والے خریداروں کا کہنا تھا کہ مہنگائی عروج پر ہے اس لیے سستی چیزوں کی تلاش میں دن بھر گھومتے ہیں مگر اس کے باوجود سستی اور معیاری چیز نہیں ملتی ،عید کا تہوار ہے اپنے لیے نہیں تو بچوں کے لیے تو خریداری کرنی پڑتی ہے ، خواتین کا کہنا تھا کہ مہنگائی نے تو غریب عوام کی کمر توڑ رکھی ہے لیکن ایسے مواقع پر تو کنجو سی نہیں کی جا سکتی اور مجبوری میں خریداری کرنی پڑتی ہے۔ خریداروں کے رش کو دیکھتے ہوئے پولیس نے سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کئے ہیں۔نصرپور پور سے نامہ نگار کے مطابق شہر اور گرد و نواح میں عید کی آمد پر بازاروں کی رونقیں بحال ہوگئی ہیں جبکہ بازاروں مارکیٹوں میں عید کی خریداری پر عوام کا رش بڑھ گیا ہے۔ بچے بڑے خواتین اپنی پسند کی خریداری میں لگے ہوئے ہیں۔ کپڑے، مختلف قسم کے شوز،لیڈی بیوٹی سامان اور دیگر اشیا کے نرخوں میں بے تحاشا اصافہ ہونے کے باوجود خریداری عروج پر ہے یہاں تک کہ درزیوں نے سلائی کے کپڑے لینا بند کردیئے ہیں جس کی وجہ سے عوام کا زیادہ تر رجحان سلے ہوئے کپڑوں کی خریداری کی طرف ہو گیا ہے۔