• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی سے ظلم ہورہا ہے،صاحب اقتدار پیٹھ کرکے بیٹھے ہیں،خواجہ اظہار

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ اسمبلی میں خواجہ اظہار الحسن نے بدھ کو بھی بجٹ پر طویل تقریر کی۔ جمعرات کو اپنی ادھوری تقرری کا آغاز کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ  کراچی کے ساتھ ظلم ہو رہا ہے ۔ مگر ایوان میں بیٹھے صاحب اقتدار ہماری طرف پیٹھ کر بیٹھے رہے۔ کراچی کے ساتھ جو زیادتی ہو رہی ہے۔ اس پر خاموش نہیں رہ سکتے۔سندھ واحد صوبہ ہے ، جہاں زبان اور کلچر کی تقسیم ہے ۔ ہم نے ہمیشہ اس تقسیم کو ختم کرنے کی بات کی ہے، پیپلز پارٹی جہاں سے جیت جائے ، وہ تو ٹھیک مگر جہاں شکست ہو جائے ، اسے اجاڑنے کی قسم کھا رکھی ہے ۔ ہم لسانی تقسیم یاتعصب کی بات نہیں کرتے لیکن اپنے حق سے دستبردار نہیں ہوں گے ۔ لوڈشیڈنگ کے معاملے پر مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کی غیر سنجیدگی نظر آ رہی ہے اور دونوں جماعتیں لوڈشیڈنگ پر جو احتجاج کر رہی ہیں ، وہ ملی بھگت کا نتیجہ ہے۔  انہوں نے سندھ میں لینڈ ریفارمز اور زرعی انکم ٹیکس کے نفاذ کا بھی مطالبہ کیا ۔ انہوں نے گلشن اقبال کے باغات کی اراضی فروخت کرنے کا معاملہ ایوان میں اٹھایا اور کہاکہ 25 ایکڑ زمین کوڑیوں کے مول بیچنے کی تیاری ہے ۔دبئی کٹنگ ہو یا چائنا کٹنگ ہر قسم کی غیر قانونی کٹنگ بند ہونی چاہئے ۔  تمام محکموں میں حکومتی کارکردگی صفر ہے ۔حکومت کی ایک ہزار ارب روپے خرچ کرنے کے باوجود کارکردگی دیکھیں تو ڈھاک کے وہی تین پات۔بجٹ بک میں بہت ساری اسکیموں میں گزشتہ 10، 12 سالوں سے صرف سال تبدیل کیا گیا ہے اور ہر سال سن تبدیل کرکے پرانی اسکیم دوبارہ نئی بنا دی جاتی ہے ۔

تازہ ترین