فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان دہشت گردی کیخلاف عالمی جنگ میں صفِ اول پر رہا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے دورہ امریکا میں واشنگٹن میں ممتاز اسکالرز، تجزیہ کاروں، پالیسی ماہرین اور بین الاقوامی میڈیا اداروں کے نمائندگان سے گفتگو کی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے امریکی تھنک ٹینکس اور اسٹریٹجک امور کے نمائندوں سے بھی ملاقات کی اور پاکستان کے اصولی مؤقف کو علاقائی اور عالمی معاملات پر اجاگر کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پاکستان کی غیر معمولی صلاحیتوں پر روشنی ڈالی اور مختلف شعبوں میں بین الاقوامی شراکت داروں کو اشتراک کے مواقع تلاش کرنے کی دعوت دی۔
انہوں نے آئی ٹی، زراعت اور معدنی وسائل کے شعبوں میں بین الاقوامی شراکت داروں کو اشتراک کے مواقع تلاش کرنے کی دعوت دی، اس موقع پر شرکاء نے آرمی چیف کے خیالات کی کھلے دل سے پیشکش اور وضاحت کو سراہا۔
آرمی چیف نے دہشت گردی سے متعلق پاکستان کے نکتہ نظر پر روشنی ڈالی اور کہا کہ بعض علاقائی عناصر دہشت گردی کو ہائبرڈ وار فیئر کے ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ایک محفوظ دنیا کے لیے بے پناہ انسانی اور معاشی قربانیاں دی ہیں، پاکستان علاقائی کشیدگی میں کمی اور تعاون پر مبنی سیکیورٹی فریم ورک کے فروغ میں فعال کردار ادا کرتا رہا ہے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے معرکہ حق اور آپریشن بنیان مرصوص پر بھی تفصیلی روشنی ڈالی اور علاقائی امن و استحکام سے متعلق پاکستان کے تعمیری کردار کو اجاگر کیا۔