• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم پاکستان کے خلاف تمام سازشیں ناکام ہوں گی، ن لیگ رہنما

برمنگھم (آصف محمود براہٹلوی) وزیراعظم پاکستان نوازشریف کے خلاف بالآخر تمام سازشیں دم توڑ جائیں گی۔ موجودہ بحران سے سرخرو ہوکر نکلیں گے۔ 2018ء کے الیکشن میں ہیوی مینڈیٹ سے ایک بار پھر عوامی حکومت تشکیل دے کر نئی تاریخ رقم کریں گے۔ مسلم لیگ ن آزاد کشمیر پاکستان کے آئندہ الیکشن میں میاں نوازشریف کے شانہ بشانہ چل کر الیکشن مہم چلائیں گے۔ آزاد کشمیر کی طرح پاکستان میں بھی تحریک انصاف اور پیپلز پارٹی کا صفایا کرکے دم لیں گے۔ ان خیالات کا اظہار ن لیگ کے رہنمائوں نے مسلم لیگ ن آزاد کشمیر مڈ لینڈز کے زیراہتمام افطار ڈنر سے خطاب میں کیا۔ یہ افطار ڈنر راجہ شعیب عابد، چوہدری ساجد نذیر، چوہدری مصدق چھتروئی کے اعزاز میں دیا گیا تھا۔ جس کا اہتمام مسلم لیگ ن مڈ لینڈ پنتھر گروپ گلستاز علی، نزاکت علی، شوکت گجر، نمبر دار اللہ دتہ کی میزبانی صدر راجہ امجد خان کی زیر صدارت ہوا۔ تلاوت کلام پاک سے آغاز ہوا، جس کی سعادت محمد مشتاق مغل نے حاصل کی۔ جبکہ تقریب سے چوہدری عبدالرحمن آرائیں، نائب صدرPMLNبرطانیہ تصور حسین نقوی، سابق جنرل سیکرٹری، قیوم راجہ رابطہ سیکرٹری، سیکرٹری فنانس راجہ گل نواز، چوہدری حنیف، تصدق حسین آروی، ظفر اسلام، راجہ ایوب، چوہدری گوہر، چوہدری قمر چوہدری آزاد اور دیگر نے خطاب کیا۔ جبکہ تقریب میں میاں ظفر چوہدری ندیم، چوہدری عمران، راجہ طارق، راجہ جمیل، شایان مغل، چوہدری ارشد، چوہدری ریاض سرکھوی، راجہ ظہور نے خصوصی شرکت کی۔ راجہ شعیب عابد نے کہا کہ پاناما کیس میاں نوازشریف کے خلاف نہیں، بلکہ پورے پاکستان کے خلاف ہے۔ بعض بیرونی طاقتوں کو پاکستان کی ترقی ہضم نہیں ہورہی۔ میاں نوازشریف سرخرو ہوکر دوبارہ تازہ مینڈیٹ حاصل کریں گے۔ راجہ امجد خان نے کہا کہ لیگی کارکن اور رہنما جماعت اور قائد کے خلاف ہر پلیٹ فورم پر پروپیگنڈہ کا بھرپور جواب دیں گے۔ ساجد نذیر نے کہا کہ ہم میاں نوازشریف کے ساتھPMLNکے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔ تمام اوورسیز کشمیری ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں گے۔ پی ایم ایل آزاد کشمیر برطانیہ کے نائب صدر چوہدری عبدالرحمن آرائیں نے کہا کہ پاکستان کی دیگر جماعتیں2018ء کے الیکشن میں ناکامی کے خوف سے پروپیگنڈہ کررہی ہیں۔ انہیں ایک بار پھر ناکامی ہوگی۔ چوہدری گلتاز، نزاکت علی، شوکت گجر، دیتہ نمبردار نے کہا کہ مسلم لیگ ن آزاد کشمیر آئندہ پاکستان کے الیکشن میں پوری قوت کے ساتھ انتخابی مہم چلائے گی۔ میاں نوازشریف نے جس قدر پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا، دشمن عناصر کو یہ باتیں ہضم نہیں ہورہیں۔ سیاسی مخالفین نوشتہ دیوار پڑھ لیں۔ ناکامی ان کا مقدر ہے۔ مشتاق مغل، تصور حسین نقوی، سلیم بٹ نے کہا کہ سی پیک جیسے گیم چینجر منصوبے نے پاکستان کو دنیا کے صف اول کے ممالک کی صف میں لاکھڑا کردیا۔ تمام سازشیں ختم، اب مقابلہ تعمیر و ترقی کے میدان میں ہوگا۔ پاک آرمی خراج تحسین کی مستحق ہے، جس نے آپریشن ردالفساد کے ذریعے دہشت گردی کا خاتمہ کرکے ملک کو امن کا گہوارہ بنادیا۔

تازہ ترین